• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm

وزیر اطلاعات نے ریڈیو پاکستان، پی ٹی وی میں پہلے سینما ہاؤس کا سنگ بنیاد رکھ دیا

مریم اورنگزیب نے کہا کہ اس عید پر 5 سے 6 فلمیں سنیما گھروں کی زینت بنیں — فائل فوٹو: شٹر اسٹاک/ٹوئٹر
مریم اورنگزیب نے کہا کہ اس عید پر 5 سے 6 فلمیں سنیما گھروں کی زینت بنیں — فائل فوٹو: شٹر اسٹاک/ٹوئٹر

وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے پاکستان کی پہلی میوزک فلم پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے ریڈیو پاکستان، پی ٹی وی میں پہلے سینما گھر کا سنگ بنیاد رکھ دیا ہے۔

وفاقی وزیر مریم اورنگزیب نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے دور میں پاکستان کی فلم انڈسٹری دنیامیں پہلے نمبر پر تھی، 2013 سے 2018 تک جب نواز شریف نے دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑی تو انہی ادوار میں کلچر پالیسی اور فلم پالیسی آئی، کیونکہ ہم جانتے تھے کہ فلم انڈسٹری کے ذریعے پاکستان کے امیج کو دنیا میں بہتر انداز میں اجاگر کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ 30 سال سے پاکستان میں سنیما گھر مختلف وجوہات کی وجہ سے پیٹرول اسٹیشن بن گئے یا سی این جی اسٹیشن اور شادی ہال بن گئے ہیں کیونکہ فلم بننا بند ہوگئی تھیں، اس کی وجہ یہ تھی کہ انڈسٹری کے پاس اتنا پیسا نہیں تھا کہ وہ فلم بنا سکیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اب اللہ کا شکر ہے کہ رواں سال عید کے موقع پر 5 سے 6 فلمیں سنیما گھروں کی زینت بنیں، ہر فلم بہتر بن رہی ہیں، اسی اہمیت کو دیکھتے ہوئے ریڈیو پاکستان اور پاکستان ٹیلی ویژن میں پہلے سنیما ہاؤس کا سنگ بنیاد رکھ رہے ہیں۔

مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ ’اس کا مقصد پاکستانی عوام کو سستی تفریح فراہم کرنا ہے، ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں سینما اور تھیٹرز بنائے جائیں گے، نئی پالیسی کے تحت نوجوانوں کو فلم سازی کے میدان میں مواقع ملیں گے۔‘

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد، لاہور، کراچی، کوئٹہ کے علاوہ ان شہروں میں جہاں اسٹیج تھیٹر تھا وہاں سنیما کو دوبارہ بحال کیا جائے گا۔

وفاقی وزیر نے ساتھ ہی پاکستان میں پہلی میوزک فلم پالیسی کا اعلان کیا، اس کے پہلے مرحلے میں اگلے ہفتے پاکستان کے علاقائی گلوکاروں کے لیے نیشنل ڈیجیٹل آرکائیو لانچ کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ آج ہم نے کلاسیکل میوزک ریسرچ سیل کا افتتاح کیا ہے، جسے تقریباً 10 سال کے بعد کھولا گیا ہے۔

انہوں نے پاکستان تحریک انصاف کی سابق حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ لوگ جو ریڈیو پاکستان اور پی ٹی وی کی نیلامی کے نعرے لگاتے تھے انہوں نے یہ تالے کھولنے کی زحمت نہیں کی کیونکہ ان کا مقصد سوشل میڈیا کے ذریعے نفرت پھیلانا تھا جو آج بھی جاری ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ ریڈیو پاکستان نے پچھلے ایک ماہ سے ٹیلیٹ ہنٹ کا پروگرام شروع کیا ہے جسے 15 جولائی کو لانچ کیا جائے گا، اس پروگرام کے تحت چاروں صوبوں کے اندرونی شہروں کا ٹیلنٹ سامنے آئے گا، ہمارا مقصد اس علاقائی ٹیلنٹ کو قومی ٹینلٹ بنانا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نوجوانوں کو بتانا چاہتے ہیں کہ ملکی ثقافت، میوزک، فلم، لیٹریچر کے ذریعے پاکستان کا بہتر امیج دنیا کے سامنے رکھ سکتے ہیں۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ کلاسیکل میوزک ریسیرچ سیل کا بھی آغاز کیا جارہا ہے، یہ ان نوجوانوں کے لیے ہیں جو اپنی آواز کے ذریعے اور اپنے ہنر کے ذریعے کام کرسکتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ڈیجیٹل براڈکاسٹنگ ٹریننگ لیب کا قیام شروع کیا گیا ہے، اسی طرح پوڈکاسٹ کا دائرہ کار بھی وسیع کیا جارہا ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ ’اگر نوجوان ان چیزوں میں مصروف ہوں گے تو کوئی بھی شخص یا گروہ نوجوانوں کو نفرت، انتشار، فتنے، فساد کی ذہن سازی نہیں کرسکتا۔

انہوں نے کہا کہ بچوں کے ہاتھ میں بم کے بجائے لیپ ٹاپ ہونا چاہیے، نفرت اور گالی کلوچ کا ہنر ہونے کے بجائے میوزک کا ہنر ہو، بچے کے ذہنوں میں فساد اور نفرت نہ پھیلائی جائے بلکہ پاکستان کی ثقافت، ورثہ، کلچر کو فروغ دیا جائے تاکہ دوبارہ کوئی 9 مئی کا سانحہ نہ ہو۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ’آنے والا وقت پاکستان کو جوڑنے کا وقت ہے، نوجوان کو ترقی کے وژن میں پرونا ہے، تاکہ کوئی بھی گروہ نفرت نہ پھیلا سکے، وزیر اعظم کی ہدایت کے مطابق پاکستان کی ثقافت کو دنیا بھر میں فروغ دیا جارہا ہے، علاقائی موسیقی کو فروغ دینے کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں۔‘

خیال رہے کہ جون 2022 میں حکومت پاکستان نے فلم پالیسی 2018 کے تحت پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) میں فلم ڈویژن کے قیام اور ’پاک فلکس‘ نامی اسٹریمنگ ویب سائٹ کے منصوبے کا آغاز کیا تھا۔

مریم اورنگزیب نے کہا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سابقہ وفاقی حکومت نے 2017 میں پی ٹی وی فلم ڈویژن پر کام کیا تھا۔

انہوں نے کہا تھا کہ بدقسمتی سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی سابق دور حکومت میں فلم پالیسی اور پی ٹی وی فلم ڈویژن جیسے منصوبوں پر ترجیحی بنیادوں پر کام نہیں ہو سکا۔

خطاب کے دوران انہوں نے ’پاک فلکس‘ نامی اسٹریمنگ ویب سائٹ کی ابتدائی تفصیلات بھی بتائیں اور کہا تھا کہ اس پر پی ٹی وی کے تمام مواد سمیت فلم ڈویژن کا مواد بھی آن لائن دکھایا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024