• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm

فرانس کا قومی دن، مودی کو فرانس کا اعلیٰ ایوارڈ دیا گیا

شائع July 14, 2023
فرانس کے صدر نے مودی کو اعلیٰ ایوارڈ سے نوازا—فوٹو: مودی ٹوئٹر
فرانس کے صدر نے مودی کو اعلیٰ ایوارڈ سے نوازا—فوٹو: مودی ٹوئٹر
نریندر مودی فرانس کے دورے پر ہیں—فوٹو:رائٹرز
نریندر مودی فرانس کے دورے پر ہیں—فوٹو:رائٹرز

فرانس کے صدر ایمانوئیل میکرون نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو قومی دن کی تقریبات کے آغاز کے موقع پر ملک کا اعلیٰ ایوارڈ ’لیجن ڈی آنر‘ سے نواز دیا جہاں انہیں مہمان خصوصی کی حیثیت دی گئی ہے۔

خبرایجنسی رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق ایمانوئیل میکرون نے فرانس کا اعلیٰ ترین اعزاز ’لیجن آف آنر‘ سے نوازا جو بھارتی وزیراعظم کو بہترین دوستانہ تعلقات اور اعتماد کے تحت فرانس اور بھارت کو متحد رکھنے کا اعتراف ہے۔

نریندرمودی نے ٹوئٹر پر کہا کہ انہوں نے بڑے اعزاز کے ساتھ یہ ایوارڈ وصول کیا اوریہ 1.4 ارب بھارت کے شہریوں کے لیے عزت کی بات ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ مودی کو دیے گئے ایوارڈ سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ فرانس اور بھارت کے درمیان تعلقات کتنے گہرے ہیں اور اسٹریٹجک شراکت داری کے 25 برس مکمل ہوگئے ہیں۔

قومی دن کی تقریبات کے دوران مودی نے اپنی تقریر میں فرانس کے صدر ایمانوئیل میکرون کو اپنا دوست قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ قربت صرف قیادت تک محدود نہیں ہے، یہ دراصل فرانس اور بھارت کے درمیانی غیرمتزلزل دوستی ہے۔

اس سے قبل گزشتہ روز بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے کہا تھا کہ فرانس سے نیوی کے لیے 26 رافیل جنگی جہاز اور 3 اسکارپین کلاس آبدوزیں خریدنے کی منظوری دی گئی ہے۔ یوکرین کے معاملے پر اختلافات اور بھارت میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے باوجود مغربی ممالک مودی اور بھارت کو فوجی اور معاشی حوالے سے چین کے مدمقابل سمجھتے ہیں۔

مودی کو فرانس میں ریڈ کارپٹ استقبال سے قبل واشنگٹن میں بھی وائٹ ہاؤس میں غیرمعمولی پذیرائی ملی تھی جہاں کسی زمانے میں ان کے داخلے پر پابندی تھی۔

فرانس کے صدر میکرون نے جمعرات کو عسکری رہنماؤں کے اجلاس میں کہا تھا کہ بھارت دنیا کی تاریخ کا دیو ہے اور مستقبل میں اس کا فیصلہ کن کردار ہوگا۔

اعتماد کا فقدان

فرانس کا قومی دن گزشتہ چند برسوں کے مقابلے میں زیادہ حساس قرار دیا کیونکہ 27 جون کو پیرس کے مضافات میں پولیس کی فائرنگ سے نوجوان کے قتل کے بعد مسلسل 5 راتیں احتجاج سے نمٹنے میں گزری تھیں۔

دہائیوں بعد فرانس میں ہونے والے بدترین جھڑپوں میں ہزاروں گاڑیاں نذر آتش کی گئیں، عوامی املاک تباہ جبکہ کم عمر افراد سمیت 3 ہزار 700 سے زائد شہریوں کو گرفتار کرلیا گیا تھا۔

فرانس کے مختلف علاقوں میں قومی دن کے جشن کے حوالے سے روایتی آتش بازی اس خدشے کے پیش نظر منسوخ کی گئی کہ کہیں کشیدگی نہ ہو اور پیرس میں بسیں اور ریل بھی روک دی گئی۔

آتش بازی کا مظاہرہ لوور میوزیم میں ہوگا جہاں 200 مہمانوں کے ہمراہ میکرون اور مودی بھی شریک ہوں گے۔

دوسری جانب یورپی پارلیمنٹ نے بھارت کی ریاست منی پور میں فسادات کے حوالے سے بھارت کے خلاف قرارداد منظور کی اور مطالبہ کیا کہ انسانی حقوق کی پامالی روک دی جائے۔

یورپی پارلیمنٹ کی قرارداد کو بھارتی وزارت خارجہ نے اندرونی معاملات میں مداخلت قرار دیا۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024