ٹوئٹر کا ’پرندے‘ کا تاریخی لوگو ’ایکس‘ میں تبدیل
مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر کے مالک ایلون مسک نے کمپنی کا تاریخی لوگو تبدیل کردیا، ٹوئٹر پر پرندوں کی جگہ اب ’ایکس‘ نے لے لی ہے۔
ٹوئٹر کی سی ای او لنڈا یاکارینو نے بھی ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’ایکس آگیا ہے‘
ایلون مسک نے بھی اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ٹمٹماتے ’ایکس‘ کی تصویر پوسٹ کی اور بعد میں ٹوئٹر اسپیس آڈیو چیٹ میں جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا ٹوئٹر کا لوگو بدل جائے گا تو انہوں نے ’ہاں‘ میں جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’یہ بہت پہلے ہو جانا چاہیے تھا‘۔
ٹوئٹر کے نئے لوگو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ سفید رنگ میں ایکس لکھا ہے جبکہ اس کا بیک گراؤنڈ سیاہ رنگ کا ہے۔
اس کے علاوہ ایلون مسک نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ کا لوگو ’ایکس‘ میں تبدیل کرنے کے ساتھ بائیو بھی تبدیل کردیا ہے اور ’ایکس ڈاٹ کام‘ لکھا ہے۔
ٹوئٹر کا لوگو ’ایکس‘ میں تبدیل ہونے کے بعد ٹوئٹر پر ’گڈ بائے ٹوئٹر‘ ٹاپ ٹرینڈ رہا۔
ایلون مسک نے ٹوئٹر کا لوگو تبدیل کیوں کیا؟
ایلون مسک کی طرف سے ٹوئٹر خریدنے کے بعد کمپنی نے کاروباری نام تبدیل کرکے ’ایکس کارپوریشن‘ کردیا ہے جس سے ایلون مسک کا چینی سوشل میڈیا ایپلی کیشن ’وی چیٹ‘ کی طرح ایک ’سپر ایپلی کیشن‘ بنانے کا خیال ظاہر ہوتا ہے۔
ٹوئٹر کی ویب سائٹ کا کہنا ہے کہ نیلے پرندے والا اس کا لوگو اس کا سب سے زیادہ قابل شناخت اثاثہ ہے، اسی لیے ہم اس کا بہت تحفظ کرتے ہیں۔
ایلون مسک کی راکٹ کمپنی اسپیس ایکسپلوریشن ٹیکنالوجیز کارپوریشن بھی عام طور پر اسپیس ایکس کے نام سے جانی جاتی ہے، اور 1999 میں ایلون مسک نے ایکس ڈاٹ کام کے نام سے اسٹارٹ اپ کی بنیاد رکھی تھی جو ایک آن لائن مالیاتی سروسز کمپنی ہے جو اب پے پال کے نام سے جانی جاتی ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل اپریل 2023 میں ایلون مسک نے کمپنی کے لوگو ’بلیو برڈ‘ کو کرپٹو کرنسی ’ڈوج کوائن‘ کے لوگو سے تبدیل کردیا تھا۔
ٹوئٹر کا ’بلیو برڈ‘ لوگو کس نے تیار کیا تھا؟
یہ واضح نہیں ہے کہ بلیو برڈ کا لوگو سب سے پہلے کس نے تخلیق کیا تاہم مارٹن گریسر نامی ڈیزائنر دعویٰ کرتے ہیں کہ ٹوئٹر کا لوگو ’بلیو برڈ‘ 2012 میں تین ڈیزائنرز کی جانب سے پیش کیا گیا تھا۔
اس لوگو کو تخلیق کرنے والوں میں سے ایک ڈیزائنر مارٹن گریسر نے ٹوئٹ کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ’بلیو برڈ لوگو سب سے پہلے انہوں نے اپنے تین ڈیزائنرز کے ساتھ مل کر تخلیق کیا تھا‘۔
انہوں نے کہا کہ آج ہم اس عظیم نیلے پرندے کو الوداع کہتے ہیں، یہ لوگو 2012 میں تین افراد کی ٹیم نے ڈیزائن کیا تھا۔
انہوں نے لکھا کہ یہ لوگو انتہائی سادہ، متوازن اور بہت چھوٹے سائز میں ڈیزائن کیا گیا تھا۔
مارٹن گریسر نے یہ بھی بتایا کہ کس طرح انہوں نے پینسل کی مدد سے پرندے کی مختلف شکلیں تخلیق کیں اور مختلف رنگوں کا تجربہ کیا اور آخر کار ٹوئٹر کا لوگو ’بلیو برڈ‘ منظر عام پر آیا۔
دوسری جانب نیو یارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق ابتدائی طور پر بلیو برڈ لوگو بنانے کا خیال سب سے پہلے ٹوئٹر کے بانی بز اسٹون کو آیا تھا۔