• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

سعودی فٹ بال کلب کی ایمباپے کیلئے 30 کروڑ یورو کی ریکارڈ بولی

شائع July 24, 2023
کلیان ایمباپے نے 2017 میں پی ایس جی کے ساتھ معاہدہ کیا تھا—فوٹو: فیبریزیو رومانو/ٹوئٹر
کلیان ایمباپے نے 2017 میں پی ایس جی کے ساتھ معاہدہ کیا تھا—فوٹو: فیبریزیو رومانو/ٹوئٹر

سعودی عرب کے فٹ بال کلب الہلال نے فرانس کے مشہور فٹ بالر اور فٹ بال کلب پیرس سینٹ جرمین کے نوجوان اسٹرائیکر کلیان ایمباپے کے لیے 30 کروڑ یورو (33 کروڑ 30 لاکھ ڈالر) کے ریکارڈ معاہدے کی پیش کش کر دی۔

خبرایجنسی اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق فرانسیسی کلب پیرس سینٹ جرمین کو سعودی کلب الہلال کی جانب سے کلیان ایمباپے کے لیے ریکارڈ بولی وصول ہوئی ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ ہسپانوی کلب ریال میڈرڈ کے بارے میں خیال ظاہر کیا جا رہا ہے وہ دنیا کے بہترین کھلاڑیوں میں سے ایک ایمباپے کی حصول کے لیے کوشش کر رہا ہے اور اسی طرح سعودی کلب بھی دیگر کلبوں کی اس فہرست میں شامل ہوگیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ الہلال نے ایک خط کے ذریعے باقاعدہ پیش کش کر دی ہے لیکن اس طرح کی منتقلی صرف ایمباپے کے ساتھ معاہدے کی صورت میں ہوسکتی ہے تاہم اب تک انہوں نے سعودی لیگ کے کلب جانے کی خواہش کا اظہار نہیں کیا۔

دوسری جانب فرانسیسی کلب پیرس سینٹ جرمین کے ذرائع نے بتایا کہ کلب نے الہلال کو ایمباپے سے بات کرنے کی اجازت دے دی ہے، جس کے لیے درخواست کا خط اور اس کی اجازت دی گئی ہے’۔

ریاض کا معروف کلب الہلال کی ملکیت سعودی عرب کی مضبوط کمپنی عربیہ پبلک انوسٹمنٹ فنڈ (پی آئی ایف) کے پاس ہے۔

سعودی کلب پہلے ہی چیلسی کے ڈیفنڈر کالیدو کولیبالی اور وولز سے روبین نیویز سے معاہدے پر دستخط کر چکا ہے۔

کلیان ایمباپے کا موجودہ کلب پیرس سینٹ جرمین کے ساتھ معاہدے کا ایک سال ابھی باقی ہے جو معاہدے میں توسیع کے بجائے دوسرے کلب جانے کے خواہش مند ہیں۔

ایمباپے نئی معاہدے پر دستخط سے متعلق خبروں کی تردید کر رہے ہیں لیکن فرنچ چمپیئن کلب کا خیال ہے کہ وہ اگلے سال ریال میڈرڈ جانے کے لیے معاہدے پر دستخط کرچکے ہیں۔

حکمت عملی میں تبدیلی

خبرایجنسی کو ذرائع نے بتایا کہ اب تک دلچسپی کا اظہار کرنے والے کلبوں میں مانچسٹر یونائیٹڈ، انٹرمیلان، بارسلونا، ٹوٹنہم ، سعودی کلب اور ریال میڈرڈ شامل ہے۔

ریال میڈرڈ کی جانب سے حکمت عملی میں تبدیلی نظر آتی ہے کیونکہ 13 مرتبہ یورپی چمپیئن نے گزشتہ برس بھی ایمباپے کے حصول کے لیے کوششیں کی تھیں تاہم اس کے بعد فٹ بالر نے نیمار اور لیونل میسی کے ہمراہ پی ایس جی میں رکنے کا فیصلہ کیا تھا۔

خیال ظاہر کیا جا رہا تھا کہ ریال میڈرڈ پرکشش بولی کے ساتھ ایمباپے کا حصول ممکن بنائے گا کیونکہ انہیں اس کے عوض پی ایس جی کو کوئی ادائیگی نہیں کرنی پڑے گی۔

پی ایس جی اور ایمباپے کے درمیان اختلافات حالیہ دنوں میں اس وقت سامنے آئے تھے جب انہیں جاپان اور جنوبی کوریا کے دورے کے لیے ٹیم سے باہر کر دیا گیا تھا۔

اسی طرح ایک تجویز بھی دی گئی تھی کہ ایمباپے کو پی ایس جی کے ساتھ معاملات حل کرنے میں ناکامی کی صورت میں پورے سال منتخب نہ کیا جائے۔

ایمباپے اس وقت پی ایس جی کے لیے سب سے زیادہ گول کرنے والے فٹ بالر ہیں جنہوں نے 260 میچوں میں 212 گول کیے ہیں اور نیمار کے بعد کلب کی تاریخ کے دوسرے مہنگے ترین کھلاڑی ہیں۔

انہوں نے اگست 2017 میں کم عمری میں موناکو سے لون پر پی ایس جی میں شمولیت کی تھی۔

بعد ازاں یہ منتقلی 18 کروڑ یورو کے مستقل معاہدے کی صورت میں تبدیل ہوگئی تھی۔

برازیل کے مشہور فٹ بالر نیمار نے 2017 میں پی ایس جی سے 22 کروڑ 20 لاکھ یورو کا مہنگا ترین معاہدہ کیا تھا اور ان کو پیچھے چھوڑ دیا تھا۔

پی ایس جی میں دنیا کے تین بڑے فٹ بالر موجود تھے لیکن میسی نے گزشتہ سیزن کے اختتام کے ساتھ ہی کلب چھوڑ دیا اور انٹرمیامی کی ٹیم ایم ایل ایس میں شمولیت کر لی ہے۔

تینوں مشہور کھلاڑی گزشتہ سیزن میں چمپیئنز لیگ میں بائرن میونخ کے ہاتھوں سے شکست کے ساتھ باہر ہونے سے نہیں بچا سکے تھے لیکن وہ فرانس کے چمپیئن بن گئے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024