واٹس ایپ کو ای میل سے جوڑنے کا فیچر پیش کیے جانے کا امکان
دنیا کی سب سے بڑی انسٹنٹ میسیجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ کی جانب سے اکاؤنٹ کو مزید محفوظ بنانے کے لیے جلد ہی اسے ای میل ایڈریس سے جوڑنے کا فیچر پیش کیے جانے کا امکان ہے۔
اس وقت واٹس ایپ صرف اور صرف فون نمبر سے منسلک ہے اور اس میں ڈبل سیکیورٹی کے لیے موبائل نمبر پر ہی کوڈ موصول ہوتا ہے۔
تاہم نئے فیچر کے تحت صارفین کو آپشن دیا جائے گا کہ وہ چاہیں تو اپنے اکاؤنٹ کو ای میل ایڈریس سے بھی منسلک کر سکتے ہیں۔
واٹس ایپ کی اپڈیٹس پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ ’ویب ایٹ انفو‘ کے مطابق اکاؤنٹ کو ای میل ایڈریس سے منسلک کرنے کے فیچر پر آزمائش کا کام شروع کردیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ واٹس ایپ پر مذکورہ فیچر پر ابھی ماہرین کام کر رہے ہیں، تاہم اسے محدود صارفین کے لیے بھی پیش کیا جا چکا ہے۔
مذکورہ فیچر کے تحت صارفین چاہیں تو اپنے اکاؤنٹ کی سیکیورٹی بڑھانے کے لیے اسے ای میل اکاؤنٹ سے بھی منسلک کر سکیں گے۔
اس سہولت کے تحت فون گم یا چوری ہوجانے کی صورت میں صارفین ای میل کے ذریعے بھی اپنے واٹس ایپ اکاؤنٹ کو بند کر سکیں گے۔
علاوہ ازیں ممکنہ طور پر مذکورہ فیچر کے تحت صارفین کو عارضی بنیادوں پر ای میل ایڈریس کے ذریعے ہی واٹس ایپ اکاؤنٹ کو چلانے کی سہولت بھی پیش کیے جانے کا امکان ہے۔
تاہم واٹس ایپ کو ای میل اکاؤنٹ سے منسلک کرنے کے فیچر میں مزید کیا کیا سہولیات دی جائیں گی اور اسے کب تک متعارف کرایا جائے گا یہ کہنا قبل از وقت ہے۔
مذکورہ سیکیورٹی فیچر کے علاوہ بھی حالیہ کچھ عرصے میں واٹس ایپ نے متعدد فیچرز متعارف کرائے ہیں اور مزید فیچرز پر بھی کام کیا جا رہا ہے۔