• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

ورلڈ کپ میچز کی میزبانی کرنے والے کولکتہ کے ایڈن گارڈنز اسٹیڈیم میں آگ لگ گئی

شائع August 10, 2023 اپ ڈیٹ August 11, 2023
کولکتہ کا ایڈن گارڈنز اسٹیڈیم اس ورلڈ کپ میں 6میچز کی میزبانی کرے گا— فوٹو بشکریہ پریس ٹرسٹ آف انڈیا
کولکتہ کا ایڈن گارڈنز اسٹیڈیم اس ورلڈ کپ میں 6میچز کی میزبانی کرے گا— فوٹو بشکریہ پریس ٹرسٹ آف انڈیا

بھارت میں ہونے والے ورلڈ کپ 2023 میں کئی میچز کی میزبانی کے لیے تیار کولکتہ کے ایڈن گارڈنز اسٹیڈیم کے میدان میں آگ بھڑک اٹھی تاہم اس پر بروقت قابو پا لیا گیا جس سے بھاری نقصان نہیں پہنچا۔

خبر رساں ادارے این ڈی ٹی وی کے مطابق آگ لگنے کا واقعہ بدھ کی رات 11 بجکر 50 منٹ پر پیش آیا اور اس کا پتا اس وقت چلا جب میدان میں موجود عملے نے بیرون ملک سے آئی ٹیموں کے لیے مختص ڈریسنگ روم سے آگ نکلتے ہوئے دیکھی۔

جس وقت آگ لگی ڈریسنگ روم کے عین باہر تزئین و آرائش کا کام چل رہا تھا اور یہ آگ ڈریسنگ روم کی چھت میں لگی۔

اس موقع پر دو فائر انجنز نے بروقت پہنچ کر آگ پر قابو پا لیا اور کوئی بڑا نقصان نہ ہوا تاہم ڈریسنگ روم میں موجود کھلاڑیوں کا تمام سامان جل کر خاکستر ہو گیا۔

ابتدائی طور پر یہ مانا جا رہا ہے کہ آگ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگی لیکن اس واقعے کے بعد ایڈن گارڈنز کے انفرااسٹرکچر کے حوالے سے سوالات کھڑے ہو گئے ہیں کیونکہ اب ورلڈ کپ کے انعقاد میں دو ماہ سے بھی کم کا عرصہ رہ گیا ہے۔

ورلڈ کپ کی آمد کے پیش نظر اسٹیڈیم کی تزئین و آرائش کا کام تیزی سے جاری ہے اور توقع کی جا رہی ہے کہ 15 ستمبر تک یہ کام مکمل کر لیا جائے گا۔

ادھر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے نمائندوں نے اسٹیڈیم میں جاری کام پر اپنے اطمینان کا اظہار کیا ہے اور وہ آئندہ ماہ ایک بار پھر جائزہ لینے کے لیے آئیں گے۔

یاد رہے کہ کولکتہ کے ایڈن گارڈنز نے 1996 کے ورلڈ کپ سیمی فائنل کے بعد سے کسی میچ کی میزبانی نہیں کی جہاں مذکورہ میچ کو بھارتی شائقین کی ہلڑ بازی اور ہنگامہ آرائی کی وجہ سے ختم کردیا گیا گیا تھا اور سری لنکا کو میچ کا فاتح قرار دیا گیا تھا۔

2011 ورلڈ کپ میں بھارتی بورڈ نے ایڈن گارڈنز میں بھارت اور انگلینڈ کے درمیان میچ کی میزبانی کی تجویز پیش کی تھی لیکن اس وقت اسٹیڈیم میں تعمیرات اور تزئین و آرائش کا کام جاری تھا اس لیے آئی سی سی کی جائزہ لینے والی کمیٹی نے اس تجویز کا مسترد کردیا تھا کیونکہ اسٹیڈیم میں جاری کام مقررہ وقت تک مکمل ہونے کا امکان نہیں تھا۔

کولکتہ کا ایڈن گارڈنز اسٹیڈیم اس ورلڈ کپ میں 6میچز کی میزبانی کرے گا جس میں سب سے اہم میچز بھارت اور جنوبی افریقہ کے درمیان لیگ میچ کے ساتھ ساتھ دوسرے سیمی فائنل کی میزبانی بھی کرے گا۔

ایڈن گارڈنز 31 اکتوبر کو پاکستان بنگلہ دیش کے درمیان میچ کی میزبانی کرے گا اور اس کے بعد پانچ نومبر کو اسی میدان پر بھارت اور جنوبی افریقہ کے درمیان میچ بھی کھیلا جائے گا۔

یہی میدان 11 نومبر کو پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ڈے نائٹ میچ کی میزبانی کرے گا۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024