• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm

ٹوئٹر پر اب تک کا سب سے نیا فیچر ویڈیو کال متعارف کرانے کا اعلان

شائع August 11, 2023
—فوٹو: رائٹرز
—فوٹو: رائٹرز

مائکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر کی چیف ایگزیکٹو افسر (سی ای او) نے تصدیق کی ہے کہ پلیٹ فارم پر پہلی بار ویڈیو کالز کا فیچر جلد پیش کردیا جائے گا۔

اس وقت ٹوئٹر پر وائس میسیجز کا فیچر موجود ہے، تاہم وہاں پر وائس یا ویڈیو کالز کا فیچر نہیں۔

ویڈیو کالز کا فیچر دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز اور ایپلی کیشنز پر موجود ہے، جیسا کہ فیس بک کے میسینجر اور انسٹاگرام پر بھی صارفین ویڈیو اور وائس کال کر سکتے ہیں۔

علاوہ ازیں گوگل اور مائکرو سافٹ سمیت دیگر پلیٹ فارمز پر بھی ویڈیو کالز کی سہولت موجود ہے لیکن اب پہلی بار ٹوئٹر پر بھی ایسا فیچر پیش کیا جا رہا ہے۔

رواں برس جون میں عہدہ سنبھالنے والی سی ای او لنڈا یاکارینو نے اپنے پہلی ٹی وی انٹرویو میں بتایا کہ ایلون مسک کی جانب سے کمپنی کو خریدے جانے کے بعد اب وہ مسلسل بہتر ہو رہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ٹوئٹر کو کامیابی اور تکنیکی مہارت سے ’ایکس‘ میں تبدیل کیا جا چکا ہے اور اب اس میں مزید بہتریاں لائی جا رہی ہیں۔

لنڈا یاکارینو کا کہنا تھا کہ آنے والے وقت میں ٹوئٹر یعنی ایکس پر مزید کئی تبدیلیاں دیکھنے کو ملیں گی، اب پلیٹ فارم کی کمائی بھی بہتر ہو رہی ہے۔

انہوں نے انٹرویو کے دوران تصدیق کی کہ ٹوئٹر پر جلد ویڈیو کال کا فیچر پیش کردیا جائے گا، چند دن قبل انہوں نے اپنی مختصر ٹوئٹ میں اس کا عندیہ بھی دیا تھا۔

لنڈا یاکارینو کا کہنا تھا کہ صارفین کو ویڈیو کال کے لیے اپنا فون نمبر مہیا نہیں کرنا پڑے گا اور وہ فیچر کے تحت اکاؤنٹ کے ذریعے ہی کال کر سکیں گے۔

ابھی یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ ٹوئٹر پر کب تک ویڈیو کالز کا فیچر پیش کیا جائے گا اور اس بات کی بھی تصدیق نہیں کی جا سکی کہ پلیٹ فارم پر صرف ویڈیو کالز کا فیچر پیش کیا جائے گا یا اس کے ساتھ وائس کالز کی سہولت بھی متعارف کرائی جائے گی۔

خیال کیا جا رہا ہے کہ ابتدائی طور پر صرف ویڈیو کالز کا فیچر پیش کیا جائے گا، جس کے بعد اس میں مزید بہتریاں لائی جائیں گی۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024