• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

بین اسٹوکس کا ورلڈ کپ کے پیش نظر ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ واپس لینے کا اعلان

شائع August 16, 2023
بین اسٹوکس ورلڈ کپ 2019 کے فائنل میں بہترین کھلاڑی قرار پائے تھے — فائل/فوٹو: اے ایف پی
بین اسٹوکس ورلڈ کپ 2019 کے فائنل میں بہترین کھلاڑی قرار پائے تھے — فائل/فوٹو: اے ایف پی

انگلینڈ کے مایہ ناز آل راؤنڈر بین اسٹوکس نے ورلڈ کپ کے پیش نظر ایک روزہ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ واپس لے لی اور انہیں نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے لیے ٹیم میں شامل کرلیا گیا ہے۔

خبر ایجنسی ’رائٹرز‘ کی رپورٹ کے مطابق انگلینڈ کے کرکٹ بورڈ نے ایک بیان میں کہا کہ بین اسٹوکس کو نیوزی لینڈ کے ساتھ ہونے والی سیریز کے لیے ون ڈے اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے۔

انگلینڈ کی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان بین اسٹوکس نے اس سے قبل گزشتہ برس جولائی میں ایک روزہ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی تھی اور اس سے محض دو ماہ قبل انہیں ٹیسٹ ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا تھا۔

دفاعی چیمپیئن انگلینڈ کو ورلڈ کپ میں اپنی خدمات فراہم کرنے کی غرض سے اسٹوکس نے رواں برس اکتوبر اور نومبر میں شیڈول ورلڈ کپ کے لیے ایک روزہ کرکٹ میں واپسی کے دروازے کھول دیے ہیں۔

انگلینڈ کے نیشنل سلیکٹر لیوک رائٹ نے بیان میں کہا کہ مجھے یقین ہے کہ تمام مداح بین اسٹوکس کو انگلینڈ کی ایک روزہ کرکٹ ٹیم میں دیکھ کر محظوظ ہوں گے۔

32 سالہ مایہ ناز آل راؤنڈر بین اسٹوکس 2019 میں انگلینڈ میں کھیلے گئے ورلڈ کپ کے فائنل میں میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے تھے جہاں انگلینڈ نے نیوزی لینڈ کو ڈرامائی انداز میں شکست دی تھی اور بین اسٹوکس نے 84 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔

انہوں نے گزشتہ برس انگلینڈ کو ٹی20 ورلڈ کپ کے حصول کے لیے فتح گر ناقابل شکست 52 رنز کی اننگز کھیلی تھی، میلبرن میں کھیلے گئے فائنل میں انگلینڈ نے پاکستان کو ہرایا تھا۔

رپورٹ کے مطابق اسٹوکس کی واپسی کے فیصلے کے باوجود ان کے گھٹنے کی انجری کا معاملہ باعث تشویش ہے کیونکہ انہوں نے جولائی میں کھیلی گئی ایشز سیریز کے آخری تینوں میچوں میں باؤلنگ نہیں کی تھی۔

اسٹوکس کی کپتانی میں انگلینڈ نے رواں برس ایشز سیریز میں 0-2 کے خسارے کے بعد شان دار واپسی کرتے ہوئے آسٹریلیا کے ساتھ سیریز 2-2 سے برابر کردی تھی۔

انگلینڈ ٹیم کے کوچ میتھیو موٹ نے اس سے قبل کہا تھا کہ بین اسٹوکس کو ون ڈے ٹیم میں کھلے دل کے ساتھ خوش آمدید کہا جائے گا۔

تجربہ کار آل راؤنڈر نے ریٹائرمنٹ کے اعلان سے قبل انگلینڈ کے لیے 105 ون ڈے میچ کھیلے تھے اور 2011 میں آئرلینڈ میں اپنے کیریئر کا پہلا میچ کھیلا تھا۔

انہوں نے ایک روزہ کرکٹ میں تین سنچریوں کی مدد سے 38.98 کی اوسط سے 2 ہزار 924 رنز بنائے ہیں، جس کے لیے ان کا اسٹرائیک ریٹ 95 تھا، اسی طرح انہوں نے 74 وکٹیں بھی حاصل کر رکھی ہیں اور انہیں بہترین فیلڈر بھی تصور کیا جاتا ہے۔

انگلینڈ نے نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے لیے 15 رکنی اسکواڈ میں سرے کاؤنٹی کے فاسٹ باؤلر گس ایٹکنسن کو بھی شامل کیا ہے، جنہوں نے تاحال ڈیبیو نہیں کیا، اسی طرح ایٹکنسن، جوش ٹونگ اور جان ٹرنر کو پہلی مرتبہ ٹی20 سیریز کے لیے بھی منتخب کیا گیا ہے۔

انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان 4 میچوں کی ٹی20 سیریز 30 اگست کو شروع ہوگی اور اس کے بعد 8 ستمبر سے 15 ستمبر تک 4 میچوں کی ایک روزہ سیریز کھیلی جائے گی۔

ورلڈ کپ میں دونوں ٹیمیں 5 اکتوبر کر بھارت کے شہر احمد آباد میں مدمقابل ہوں گی اور یہ ان کا ایونٹ میں پہلا میچ ہوگا۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024