• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

نوجوانوں کی طرح ہم شادی سے قبل 2 گھنٹے فون پر بات کرتے تھے، ثمینہ احمد

شائع August 18, 2023
—فائل فوٹو: انسٹاگرام
—فائل فوٹو: انسٹاگرام

سینئر اداکارہ ثمینہ احمد نے ’انکشاف‘ کیا ہے کہ شادی سے قبل وہ اپنے ہونے والے شوہر منظر صہبائی کے ساتھ نوجوانوں کی طرح رات کو 2 گھنٹے تک فون پر باتیں کرتی تھیں، انہوں نے بتایا کہ ’ایسا لگتا ہے کہ منظر کی میرے لیے برسوں پرانی محبت ہے‘۔

ثمینہ احمد اور منظر صہبائی نے زائد العمری میں اپریل 2020 میں کورونا لاک ڈاؤن کے دوران لاہور میں سادگی سے نکاح کیا تھا۔

دونوں کی شادی پر جہاں کئی لوگوں نے حیرانی کا اظہار کیا تھا، وہیں بہت سارے لوگوں نے ان کے فیصلے کی تعریف کرتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا تھا۔

شادی کے بعد دونوں نے مختلف مواقع پر اپنے تعلق کے بارے میں بات کی ہے، البتہ ثمینہ احمد نے طویل عرصے بعد منظر صہبائی سے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے۔

’سما ٹی وی‘ کو دیے گئے انٹرویو میں ثمینہ احمد نے بتایا کہ دونوں کی پہلی ملاقات ’دھوپ کی دیوار‘ کی شوٹنگ کے دوران ہوئی تھی۔

ثمینہ احمد نے کہا کہ ان کی منظر صہبائی کی ملاقات ڈرامے سیٹ پر ہوئی تھی لیکن اس وقت ان کے درمیان ایسی بات نہیں تھی کہ وہ ایک دوسرے کو پسند کرتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ’ڈرامے کی شوٹنگ مکمل ہونے کے کچھ عرصے بعد جب ہماری دوبارہ ملاقات ہوئی تو منظر نے مجھے شادی کی پیش کش کی‘۔

ثمینہ نے بتایا کہ جب منظر نے انہیں شادی کی پیش کش کی تو میں حیران رہ گئی کہ ایسا کیسے ہوسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شادی کی پیش کش کے بعد منظر کراچی سے اسلام آباد چلے گئے جس کے بعد ان کے رشتے کی بات آگے بڑھی۔

انہوں نے بتایا کہ نو عمر لڑکے لڑکیوں کی طرح وہ دونوں بھی رات کو 2 گھنٹے تک فون پر باتیں کرتے تھے، ’منظر کو معلوم تھا کہ میں ڈرامے کی شوٹنگ کے بعد رات کو 10 بجے گھر واپس آتی ہوں تو وہ مجھے رات کو فون کال کرتے ہیں اور پھر ہم 2 گھنٹے تک باتیں کرتے تھے۔‘

ثمینہ احمد نے کہا کہ باتوں باتوں میں ہم نے محسوس کیا کہ ہم دونوں ایک دوسرے جیسے ہیں، ہم دونوں کی سوچ اور فیملی بیک گراؤنڈ میں کوئی اختلافات نہیں ہیں، ہم دونوں نے ماضی کی زندگی میں ایسا کوئی واقعہ نہیں جو مستقبل میں پریشانی کا باعث بنے۔

انہوں نے بتایا کہ جب کووڈ پھیلا تو راستے بند ہوگئے تھے، ہم صرف فون پر ہی بات کرسکتے تھے، ہماری ملاقات نہیں ہوتی تھی، پھر منظر نے مجھے کہا کہ ہمیں نکاح کرلینا چاہیے جس کے بعد میں نے سوچنے کے لیے کچھ وقت مانگا۔

ثمینہ احمد کا کہنا تھا کہ منظر صہبائی سے نکاح کرنے سے قبل انہوں نے اپنے بچوں سے پوچھا تھا جس پر بچوں نے انہیں کہا کہ ’یہ آپ کی زندگی ہے، آپ جو فیصلہ کریں ہمیں قبول ہے‘۔

ثمینہ نے بتایا کہ منظر سے شادی کرنے سے قبل وہ اس لیے بھی گھبرا رہی تھی کیونکہ انہوں نے لمبے عرصے تک اکیلے زندگی گزاری ہے، ایک ماں کے ساتھ باپ بن کر اپنے بچوں کی اکیلے تربیت کی ہے، انہوں نے آزادانہ طور پر اپنی زندگی، اپنے طور پر اپنے اصولوں پر گزاری ہے، جو کام کیا اپنی مرضی سے کیا، اچھے بُرے فیصلوں کے نتائج بھی اکیلے برداشت کیے۔

انہوں نے بتایا کہ شادی سے کرنے سے قبل وہ ڈر تھا کہ کیا وہ اپنا وقت دوسرے شخص کے ساتھ شئیر کرسکتی ہیں یا نہیں۔

ثمینہ احمد نے کہا کہ ’جب منظر صہبائی اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر میری تصاویر پوسٹ کرکے تعریف کرتے ہیں تو مجھے بہت اچھا لگتا ہے۔‘

انہوں نے بتایا کہ منظر صہبائی سوشل میڈیا پر تصاویر پوسٹ کرنے سے قبل انہیں نہیں بتاتے بلکہ خود اپنی مرضی سے تصاویر لگاتے ہیں۔

سینئر اداکار کا کہنا تھا کہ ’جب میں اپنی پرانی تصاویر منظر کو دکھاتی ہوں تو وہ ان تصاویر میں سے چند مخصوص تصاویر ڈھونڈ کر اپنے سوشل میڈیا پر پوسٹ کرتے ہیں‘۔

انہوں نے بتایا کہ مجھے کبھی ایسا لگتا ہے کہ ان کی میرے لیے محبت برسوں پرانی ہے لیکن یہ سوال میں نے ان سے کبھی نہیں پوچھا۔

نوجوان نسل کو کامیاب رشتے سے متعلق پیغام دینے سے متعلق سوال پر ثمینہ احمد نے بتایا کہ ’اگر آپ کو ایک دوسرے سے واقعی محبت ہے تو آپ ایک دوسرے کی عزت کریں، عزت کا مطلب یہ نہیں کہ صرف منہ سے کہہ دینا بلکہ اس پر عمل بھی کرنا ہوتا ہے۔

منظر صہبائی اور ثمینہ احمد درجنوں ڈراموں، فلموں اور ویب سیریز میں کام کر چکے ہیں۔

یہ ثمینہ احمد کی دوسری شادی ہے، انہوں نے پہلی شادی پاکستانی فلم ساز فریدالدین احمد سے کی تھی، تاہم کچھ سالوں بعد ان دونوں میں علیحدگی ہوگئی تھی، ثمینہ احمد کی ایک بیٹی اور ایک بیٹا جبکہ منظر صہبائی کا ایک بیٹا بھی ہے۔

ان کے کیریئر پر نظر ڈالی جائے تو 71 سالہ ثمینہ احمد نے 18 سال کی عمر میں پی ٹی وی کے ڈراموں میں کام کرنے کے ساتھ شوبز میں کیریئر کا آغاز کیا۔

ابتدا میں وہ کئی سنجیدہ ڈراموں میں جلوہ گر ہوئیں تاہم بعدازاں ان کی کامیڈی اداکاری کو بےحد پسند کیا گیا، وہ ’اکڑ بکڑ‘، ’الف نون‘ اور ’سچ گپ‘ جیسے ڈراموں میں مزاحیہ اداکاری کرچکی ہیں۔

انہوں نے اپنے کیریئر میں سنو چندا، آنگن، گل رانا، فیملی فرنٹ، ڈولی کی آئے گی بارات، داستان اور سنگت جیسے ڈراموں میں کام کیا، وہ فلم ناراض، دختر اور لوڈ ویڈنگ میں بھی اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں۔

دوسری جانب 71 سالہ منظر صہبائی نے اپنے کیریئر میں ’بول‘، ’ماہ میر‘ اور ’زندہ بھاگ‘ جیسی فلموں میں کام کرچکے ہیں، ڈراموں کی بات کی جائے تو ’الف‘ ڈرامے میں منظر صہبائی کی اداکاری کو خوب سراہا گیا۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024