• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

بارش کے باعث ایشین کرکٹ کونسل کا ایشیا کپ کے میچز کولمبو سے منتقل کرنے پر غور

شائع September 4, 2023
—فائل فوٹو: ٹوئٹر
—فائل فوٹو: ٹوئٹر

سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو میں موسلادھار بارش کی پیشگوئی کے بعد ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کی جانب سے ’ایشیا کپ 2023‘ کے سپر 4 مرحلے کے میچز کے مقامات تبدیل کرنے پر غور کیا جارہا ہے۔

کرکٹ کی معروف ویب سائٹ ای ایس پی این کرک انفو کی جانب سے شائع ایک رپورٹ میں کہا گیا کہ سری لنکا کرکٹ اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام نے تصدیق کی ہے کہ وہ سری لنکا میں ایسے متبادل مقامات کی تلاش کر رہے ہیں جہاں موسم نسبتاً خشک رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہو۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ پاک بھارت میچ بارش سے متاثر ہونے کے بعد ایشین کرکٹ کونسل اور براڈکاسٹر ڈزنی اسٹار کے درمیان بھی بات چیت ہوئی۔

کرک انفو نے مزید کہا کہ یہ واضح نہیں کہ ٹورنامنٹ منتظمین نے اس سلسلے میں سری لنکا کے ماہرین موسمیات سے کس حد تک مشاورت کی۔

رپورٹ کے مطابق یہ تفصیلات نہیں بتائی گئیں کہ آنے والے ہفتوں میں کولمبو میں کس طرح کا موسم متوقع ہے۔

انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق کرکٹ کے اہم ایونٹ ’ایشیا کپ 2023‘ میں حصہ لینے والی ٹیموں کو کولمبو میں موسم کی خراب صورتحال کے بارے میں آگاہ کر دیا گیا ہے۔

ایشیا کپ کے میچوں کو پالی کیلے اور دمبولا منتقل کرنے کے آپشن پر غور کیا جارہا ہے۔

تاہم بھارتی کرکٹ بورڈ نے دمبولا شہر کے ہوٹل سے متعلق تحفظات کا اظہار کیا ہے، بھارتی کرکٹ بورڈ کا کہنا تھا کہ دمبولا کے ہوٹل معیاری نہیں ہیں۔

کولمبو میں سپر فور مرحلے کا پہلا میچ 9 ستمبر کو ہونا ہے لیکن ایشین کرکٹ کونسل خراب موسم کی پیشگوائی کے باعث تشویش کا اظہار کر رہی ہے، تاہم آج پالی کیلے اسٹیڈیم میں بھارت کا ٹاکرا نیپال سے ہوگا۔

ایشیا کپ کے اگلے 2 میچز پاکستان میں کھیلے جائیں گے اور توقع ہے کہ اے سی سی اگلے 24 سے 48 گھنٹوں میں میچ کے مقامات کے حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ کرے گی۔

ذکا اشرف کا اے سی سی کے صدر سے رابطہ، میچز پاکستان منتقل کرنے کی تجویز

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی انتظامی کمیٹی کے چیئرمین ذکاء اشرف نے سری لنکا میں موسم کی خراب صورتحال پر خدشات کے پیش نظر ایشیا کپ 2023 کے تمام میچز پاکستان منتقل کرنے کی تجویز پیش کی ہے۔

کرکٹ پاکستان کی رپورٹ کے مطابق ذکا اشرف نے اے سی سی کے صدر جے شاہ کو ٹیلی فونک رابطے کے ذریعے یہ تجویز پیش کی ہے، ٹیلی فونک گفتگو میں ذکا اشرف نے سری لنکا میں بارش سے متاثرہ پاک بھارت میچ پر تبادلہ خیال کیا۔

ذکا اشرف نے گفتگو کے دوران ایشیا کپ کے تمام میچز پاکستان منتقل کرنے کی تجویز پیش کی جبکہ پاک بھارت میچ دبئی میں کھیلنے کا مشورہ دیا ہے۔

واضح رہے کہ سری لنکا میں برسات کے موسم میں ایشیا کپ کو شیڈول کرنے کے فیصلے پر اے سی سی کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

بارش کے باعث 2 ستمبر کو پالی کیلے میں ہونے والا پاک بھارت میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم کردیا گیا تھا جس کے بعد سے ایشین کرکٹ کونسل کے صدر جے شاہ پر شدید تنقید کی جا رہی تھی۔

اسی دوران پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی مینجمنٹ کمیٹی کے سابق چیئرمین نجم سیٹھی نے پاکستان اور بھارت کا انتہائی اہم میچ بارش کی وجہ سے بے نتیجہ ہونے پر مایوسی کا اظہار کیا تھا۔

انہوں نے کہا تھا کہ بارش نے کھیل کے بہترین مقابلے کو برباد کردیا لیکن بارش کی پہلے سے پیش گوئی کی جا چکی تھی۔

نجم سیٹھی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے کہا تھا کہ بطور پی سی بی چیئرمین میں نے ایشین کرکٹ کونسل پر زور دیا تھا کہ متحدہ عرب امارات میں میچز کھیلنے چاہئیں، لیکن سری لنکا کو ایونٹ دینے کے لیے مختلف بہانے بنائےگئے اور کہا گیا کہ دبئی میں بہت گرمی ہوتی ہے۔

یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ بھارت کی جانب سے پاکستان کا سفر نہ کرنے کے فیصلے کے بعد ایشیا کپ کے میچز کی میزبانی پاکستان اور سری لنکا کررہے ہیں۔

گروپ اسٹیج میچز:

4 ستمبر: بھارت بمقابلہ نیپال (مقام: کینڈی)

5 ستمبر: افغانستان بمقابلہ سری لنکا (مقام: لاہور)

سپر فور مرحلے کے میچز:

6 ستمبر اے ون بمقابلہ بی ٹو (مقام: لاہور)

جبکہ ایشیا کپ کے فائنل سمیت 9 ستمبر سے 17 ستمبر کے تمام میچز کولمبو میں رکھے گئے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024