• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:53am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:19am Sunrise 6:46am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:53am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:19am Sunrise 6:46am

نیپرا نے بجلی فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں مزید 1.46 روپے فی یونٹ مہنگی کردی

شائع September 8, 2023
اضافے کا اطلاق کراچی کے صارفین کے لیے نہیں ہوگا— فائل فوٹو: اے ایف پی
اضافے کا اطلاق کراچی کے صارفین کے لیے نہیں ہوگا— فائل فوٹو: اے ایف پی

نیشنل الیکٹرک پاور ریگیولیٹری اتھارٹی(نیپرا) نے صارفین کے لیے بجلی جولائی کے فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کی مد میں مزید ایک روپے 46 پیسے فی یونٹ مہنگی کردی۔

نیپرا سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ ریگولیشن آف جنریشن، ٹرانسمیشن اینڈ ڈسٹریبیوشن آف الیکٹرک پاور ایکٹ 1997 کے سیکشن 31 (7) کے ترمیمی ایکٹ کے تحت فیول چارجز کی مد میں ڈسکوز کے ٹیرف کی منظوری دی گئی ہے۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ڈسکوز کے لیے جولائی 2023 کے فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 1.46 روپے بڑھانے کی اجازت دی گئی ہے۔

مزید بتایا گیا ہے کہ اس اضافے کا اطلاق ستمبر 2023کے بلوں میں ہوگا۔

اس اضافے کا اطلاق فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی، گجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی، حیدرآباد الیکٹریک سپلائی کمپنی، اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی، لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی، ملتان الیکٹرک پاور کمپنی، پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی، کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی، سکھر الیکٹرک پاور کمپنی اور ٹرائبل ایریاز الیکٹرک سپلائی کمپنی کے صارفین پر ہوگا۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کی مد میں فی یونٹ اضافے کا اطلاق الیکٹرک وہیکل چارجنگ اسٹیشنز(ای وی سی ایس) اور لائف لائن صارفین پر نہیں ہوگا۔

کراچی کے صارفین پر بھی مطلوبہ اضافے کا اطلاق نہیں ہوگا۔

اسے قبل کراچی کے صارفین کے لیے کے-الیکٹرک نے سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بالترتیب47 پیسے، ایک روپیہ 49 پیسے، 4 روپے45 پیسے اور 3 روپے 55 پیسے فی یونٹ اضافے کے لیے نیپرا میں درخواست جمع کرادی تھی۔

الیکٹرک صارفین کے لیے اضافے کی درخواست ڈسکوز کے صارفین کے ساتھ یکساں ٹیرف کے بیک لاگ کے خاتمے کے لیے کی گئی ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ درخواست بظاہر وفاقی کابینہ کی منظوری کے بغیر دائر کی گئی جس میں ستمبر، اکتوبر اور نومبر 2023 کے بلنگ مہینوں میں سہ ماہی ٹیرف ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 47 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست کی گئی ہے۔

اس کے علاوہ ستمبر اور اکتوبر 2023 کے بلوں کے لیے ایک روپیہ 49 پیسے، اس کے بعد ستمبر اور اکتوبر 2023 کے لیے (مختلف کیٹیگریز پر) ایک روپیہ 49 پیسے سے 4 روپے 45 پسے فی یونٹ اور پھر ستمبر 2023 سے مارچ 2024 تک 6 ماہ کے لیے 3 روپے 55 پیسے اضافے کی درخواست کی گئی ہے۔

نیپرا کے سامنے زیر التوا 3 روپے 55 پیسے فی یونٹ اضافے کے علاوہ، یہ تمام چارجز پہلے ہی ڈسکوز صارفین سے وصول کیے جا چکے ہیں یا وصول کرنے کی منظوری دی جا چکی ہے لیکن قانونی سوالات کی وجہ سے کے-الیکٹرک صارفین پر لاگو نہیں ہو سکے تھے۔

خیال رہے کہ اگست کے آخر میں بجلی کے شعبے میں کارکردگی اور ریگولیٹری معیارات پر عوامی تنقید کے بعد سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے اضافی فیول لاگت ایڈجسٹمنٹ (ایف سی اے) جولائی میں استعمال ہونے والی بجلی کے لیے 2.07 سے قدرے کم کرکے 1.58 روپے فی یونٹ کر دیا تھا۔

سی پی پی اے کے نمائندوں نے بتایا تھا کہ ڈسکوز کی جانب سے ستمبر میں 30 ارب روپے اکٹھا کرنے کے لیے 2.07 روپے فی یونٹ کی درخواست دائر کی گئی تھی، لیکن تصدیق شدہ ڈیٹا اور ریگولیٹر کے سابقہ فیصلوں کی بنیاد پر نظر ثانی کی گئی۔

کارٹون

کارٹون : 21 نومبر 2024
کارٹون : 20 نومبر 2024