• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

اسمگلرز اور ذخیرہ اندوزوں کی معلومات دینے والوں کو انعام دیا جائے گا، نگران وزیر داخلہ

شائع September 10, 2023
نگران وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نگران وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی کے ہمراہ پریس کانفرنس کررہے تھے— فوٹو: اے پی پی
نگران وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نگران وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی کے ہمراہ پریس کانفرنس کررہے تھے— فوٹو: اے پی پی

وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے کہا ہےکہ اسمگلنگ میں ملوث عناصر اور ذخیرہ اندوزوں کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی، اس میں ملوث عناصر کو قرار واقعی سزائیں دیں گے اور ذخیرہ اندوزوں اور اسمگلنگ میں ملوث عناصر کی اطلاعات دینے والوں کے لیے انعامات کا اعلان کرنے جارہے ہیں۔

اتوار کو نگران وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں ایک ہفتے سے اسمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف مہم چل رہی ہے، اس میں بہت کامیابیاں مل رہی ہیں اور ہزاروں میٹرک ٹن چینی اور یوریا برآمد کی۔

ان کا کہنا تھا کہ ڈالر کے کاروبار سے متعلق ہنڈی حوالہ کے خلاف بھی ملک گیر مہم جاری ہے اور اب تک چالیس سے پچاس تک لوگ پکڑے گئے ہیں، اس وجہ سے ملک بری طرح متاثر ہوا ہے۔

نگران وزیر داخلہ نے کہا کہ آپریشن کے بعد مافیا نے شوگر اور گندم کی ذخیرہ اندوزی شروع کردی تاکہ مارکیٹ میں اس کی قلت ہو اور وہ اپنی من پسند قیمتیں مقرر کریں، ان کے خلاف بھی کریک ڈاؤن شروع کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا میڈیا کے ذریعے ان کے لیے واضح پیغام ہے کہ پاکستان اور اس کے شہری ہمارے لیے اہم ہیں، ریاست ایسے عناصر کے خلاف سخت ترین کارروائی کرے گی اور ذخیرہ اندوزی میں ملوث عناصر کے خلاف شدید کریک ڈاؤن کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ حکومت نے کرلیا ہے اور تمام اداروں اور صوبائی حکومتوں نے یہ عہد کیا ہے کہ ان برائیوں کے خلاف آخری حد تک جائیں گے کیونکہ ان کی وجہ سے ہمارا ملک زخمی ہے۔

سرفراز بگٹی نے کہا کہ اسمگلنگ کے بعد اب ذخیرہ اندوزی شرمناک ہے، یہ پاکستان کے لوگوں کو متاثر کرنا چاہتے ہیں اور ہم ہر غیر قانونی کام کے پیچھے جائیں گے۔

انہوں نے میڈیا کو ریاست کا اہم ستون قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملک کو ضرورت ہے کہ میڈیا ہمارا پیغام ان تک پہنچائے اور ہم پرائس منی کا اعلان کرنے جارہے ہیں، عام پاکستانی ہمیں بتائیں کہ کہاں اسمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی ہورہی ہے جبکہ غیر قانونی تارکین کے حوالے سے اطلاعات بارے میں بھی انعامی رقم رکھ رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے لیے امن وامان اور دہشت گردی کے چیلنج ہیں، پاکستان کے عوام نے اس کے خلاف بڑی قربانیاں دی ہیں اور اب معاشی صورتحال کے حوالے سے بھی اسی طرح کا کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔

نگران زیر داخلہ نے مزید کہا کہ ہم ذخیرہ اندوزوں کو گرفتار کریں گے، ان کے خلاف مقدمات درج ہوں گے، ان کو قرار واقعی سزائیں دلائیں گے جبکہ ڈالرچھپا کر رکھنے والوں کے خلاف بھی ایجنسیاں کوشاں ہیں اور ان کو بھی نہیں چھوڑا جائے گا لہٰذا اس سلسلے میں میڈیا ہماری مدد کرے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایف ائی اے میں ایک ہاٹ لائن و ٹال فری نمبر دے رہے ہیں جس پر کوئی بھی پاکستانی ہمیں اطلاع دے سکتا ہے جبکہ وزارت داخلہ میں بھی ہاٹ لائن قائم کررہے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ چاہے کوئی کتنی ہی بڑی مچھلی ہو ہم اسے نہیں چھوڑیں گے کیونکہ ہم پاکستان کی بہتری کے لیے آخری حد تک جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایف آئی اے نے 48 چھاپے مارے ہیں، 59 گرفتاریاں اور 48 ایف آئی آرز درج ہوئی ہیں، ان کے خلاف ثبوت بھی پیش کریں گے اور تفصیلات بھی جاری کریں گے تاکہ لوگ جان سکیں کہ اس کی وجہ سے پاکستان کو نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔

سرفراز بگٹی نے کہا کہ میں ذخیرہ اندوزوں کو دہشت گردوں سے بڑا دہشت گرد سمجھتا ہوں، یہ آپ کے اندر بیٹھ کر ملک کے خلاف سازش کررہے ہیں اور ملک کے کمزور ہونے کا سبب یہی لوگ ہیں اس لیے ان کے لیے کوئی معافی نہیں ہے۔

انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ہم ملک کے چپے چپے کی حفاظت کررہے ہیں، چترال میں حملے کا بھرپور جواب دیا ہے اور چترال کے لوگوں نے بھی مسلح افواج کا بھرپور ساتھ دیا ہے، فوج اور عوام کو الگ کرنے کی سازش کو ان لوگوں نے ناکام بنا کر ثبوت دیا ہے کہ وہ ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بندوق اور تشدد کے زور پر کسی کو نہ ایجنڈا مسلط کرنے دیں گے اور نہ اپنا ایک انچ کسی کو دیں گے۔

نگران وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ ہم نے ایک پالیسی تشکیل دے دی ہے اور ایس آئی ایف سی نے اس کی منظوری دے دی ہے، اب کابینہ نے اس کی منظوری دینی ہے۔

انہوں نے کہا کہ غیر قانونی تارکین خواہ کسی ملک کے بھی ہوں وہ غیر قانونی طور پر نہیں رہیں گے، انہیں ان کے ملک بھیجا جائے گا۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ فورسز میں کوئی اسمگلنگ یا ذخیرہ اندوزی کرے گا یا اس کام میں ملوث ہو گا تو اس کو نشان عبرت بنائیں گے جبکہ ہنڈی حوالہ میں ملوث بھی کوئی نہیں بچے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ افغانستان کی موجودہ حکومت نے دوحہ معاہدے میں یہ وعدہ کیا ہے کہ وہ اپنی سرزمین کسی دوسرے ملک کے خلاف استعمال نہیں ہونے دیں گے لیکن ٹی ٹی پی کے حملہ آور افغانستان سے حملہ آور ہوئے لہٰذا اب جو بھی ایسی حرکت کرے گا تو اس کو دیا جانے والا جواب نظر آئے گا۔

سبی سے اغوا چھ فٹبالرز کے بارے میں نگران وزیر داخلہ نے کہا کہ ڈیرہ بگٹی کے چھ بچے دہشت گردوں کے چنگل میں ہیں اور ان کے خلاف کارروائی ہورہی ہے، توقع ہے کہ جلد انہیں بازیاب کرائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ان بچوں کو بی ایل اے کے دہشت گردوں نے اغوا کیا ہے، یہ ہمارے اپنے بچے ہیں اور ان کی بازیابی تک ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024