• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

آئینی معاملات میں الجھا کر سپریم کورٹ کا امتحان لیا گیا، چیف جسٹس عمر عطا بندیال

شائع September 11, 2023
سبکدوش ہونے والے چیف جسٹس عمر عطا بندیال کے اعزاز میں ’فل کورٹ ریفرنس‘ کا اہتمام کیا گیا — فائل فوٹو: سپریم کورٹ
سبکدوش ہونے والے چیف جسٹس عمر عطا بندیال کے اعزاز میں ’فل کورٹ ریفرنس‘ کا اہتمام کیا گیا — فائل فوٹو: سپریم کورٹ

چیف جسٹس آف پاکستان عمر عطا بندیال نے کہا ہے کہ فروری 2023 میں سپریم کورٹ کے سامنے کئی آئینی مقدمات آئے، آئینی معاملات میں الجھا کر عدالت کا امتحان لیا گیا۔

نئے عدالتی سال کے آغاز کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ بطور چیف جسٹس آخری بار نئے عدالتی سال کی تقریب سے خطاب کر رہا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ فروری 2023 میں سپریم کورٹ کے سامنے کئی آئینی مقدمات آئے، آئینی معاملات میں الجھا کر عدالت کا امتحان لیا گیا، سخت امتحان میں کئی مرتبہ عدالت خود شکار بنی۔

چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ جو واقعات پیش آئے انہیں دہرانا نہیں چاہتا لیکن اس سے عدالتی کارکردگی متاثر ہوئی، تمام واقعات آڈیو لیکس کیس میں اپنے فیصلے کا حصہ بنائے ہیں۔

انہوں نے اپنے خطاب میں گزشتہ برس کے دوران عدالت کی ایک سالہ کارکردگی پر روشنی ڈالتے ہوئے زیر التوا مقدمات میں خاطر خواہ کمی نہ لانے کا اعتراف کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ کوشش تھی کہ زیر التوا مقدمات 50 ہزار سے کم ہوسکیں تاہم زیر التوا مقدمات کی تعداد میں 2 ہزار کی کمی ہی کرسکے۔

چیف جسٹس نے مزید کہا کہ تعیناتی کے ایک سال میں سپریم کورٹ نے ریکارڈ 23 ہزار مقدمات نمٹائے جبکہ گزشتہ سال نمٹائے گئے مقدمات کی تعداد 18 ہزار تھی۔

انہوں نے خطاب میں کہا کہ ڈیمز فنڈ میں اگست 2023 میں 4 لاکھ روپے کا اضافہ ہوا، فنڈز میں رقم آنے کا مطلب عوام کا سپریم کورٹ پر اعتماد ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ڈیمز فنڈ کے اس وقت 18 ارب روپے 60 کروڑ روپے اسٹیٹ بینک میں انویسٹ کیے گئے ہیں، ڈیمز فنڈ کی نگرانی سپریم کورٹ کا 5 رکنی بینچ کر رہا ہے۔

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کیلئے نیک خواہشات کا اظہار

چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تمام ساتھی ججز کا میرے ساتھ برتاؤ بہت اچھا رہا۔

انہوں نے کہا کہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ ایک قابل تعریف شخصیت کے مالک ہیں، ہمارا نقطہ نظر ایک دوسرے سے مختلف ہے، جہاں آزاد دماغ موجود ہوں وہاں اختلاف ہوتا ہے لیکن میرے دل میں ان کے لیے عزت ہے۔

چیف جسٹس نے مزید کہا کہ صحافی معاشرے کی کان اور آنکھ ہوتے ہیں، صحافیوں سے توقع ہوتی ہے وہ درست رپورٹنگ کریں گے، جہاں پر کوئی غلطی ہوئی اسے ہم نے نظر انداز کیا۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ سپریم کورٹ مزید مضبوط، بااختیار اور آزاد ہوگی، انہوں نے کہا کہ میں نے نہ صرف اتفاق رائے بلکہ اختلاف رائے سے بہت کچھ سیکھا۔

ان کا کہنا تھا کہ دعا ہے کہ ملک میں استحکام آئے، جب ملک میں سیاسی استحکام آئے گا تو عدلیہ سمیت ہر ادارہ مستحکم ہوگا۔

چیف جسٹس کے اعزاز میں ’فل کورٹ ریفرنس‘ کا اہتمام

قبل ازیں سبکدوش ہونے والے چیف جسٹس عمر عطا بندیال کے اعزاز میں ’فل کورٹ ریفرنس‘ کا اہتمام کیا گیا۔

چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 15 ججز صاحبان نے فل کورٹ ریفرنس میں شرکت کی۔

نامزد چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ بھی فل کورٹ ریفرنس میں شریک ہوئے جبکہ جسٹس یحییٰ آفریدی بیرون ملک ہونے کی وجہ سے شریک نہ ہوسکے۔

کمرہ عدالت میں اٹارنی جنرل، سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر سمیت وکلا کی بڑی تعداد نے شرکت کی، فل کورٹ ریفرنس کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا۔

اٹارنی جنرل نے فل کورٹ ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کیسز کی تعداد بڑھ رہی ہے، کیسز کم کرنے کی کاوشوں کو سراہتے ہیں تاہم ابھی بھی بہت کام کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ عام سائلین کے مقدمات کے فیصلے بلاتاخیر ہونے چاہئیں، اس مقصد کے لیے سپریم کورٹ کو اپنی توانائیاں 185 کے تحت اپنے کیسز کو سننے میں صرف کرنی چاہئیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ آرٹیکل 184/3 کے تحت سیاسی اور ہائی پروفائل کیسز کی وجہ سے عام سائلین کے کیسز متاثر ہوتے ہیں، 184/3 کے مقدمات غیر معمولی اور عوامی مفاد اور بنیادی حقوق کے معاملات میں ہونے چاہئیں۔

انہوں نے کہا کہ بینچز کی تشکیل اور ججز کی تعیناتیوں کی بازگشت پارلیمان میں بھی سنی گئی، اس عدالت نے متعدد مواقع پر صوابدیدی اختیارات میں شفافیت پر زور دیا ہے، کوئی وجہ نہیں کہ سپریم کورٹ اس اصول کا خود پر بھی اطلاق کرے۔

اٹارنی جنرل نے کہا کہ نئے عدالتی سال کے ساتھ ساتھ ہم جوڈیشل لیڈر شپ کی تبدیلی کے مرحلے سے بھی گزر رہے ہیں، جسٹس قاضی فائز عیسیٰ بطور چیف جسٹس عہدہ سنبھالنے کے قریب ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی قیادت میں ہم شفافیت، مستعدی اور عوامی اعتماد کے نئے دور کی جانب بڑھیں گے۔

وائس چیئرمین پاکستان بار کونسل ہارون الرشید نے فل کورٹ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت عدالت عظمیٰ میں لگ بھگ 60 ہزار مقدمات زیر التوا ہیں، بارہا التجا اور یاددہانی کے باوجود کوئی عملی اقدام نہیں اٹھایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ زیر التوا مقدمات کی سماعت کے لیے کوئی شفاف نظام وضح نہ کیا جاسکا، کچھ عرصے سے سپریم کورٹ میں مقدمات میں مختصر فیصلہ کرنے کی ایک نئی روش چل پڑی ہے، اکثر مقدمات میں بروقت تفصیلی فیصلے جاری نہیں ہوتے، یہاں تک کہ کچھ ججز ریٹائرڈ بھی ہوجاتے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ کچھ کیسز میں لارجر بینچ بننے کا حکم ہوا لیکن آج تک وہ لارجر بینچ تشکیل نہیں دیا جاسکا، نامزد چیف جسٹس سے درخواست ہے کہ نئے اور فوری نوعیت کے کیسز جب فائل ہوں تو اسی ہفتے میں مقرر کیے جائیں، کافی تعداد میں ایسے کیسز صرف پہلی سماعت کے منتظر ہیں۔

ہارون الرشید کا کہنا تھا کہ ایک عام تاثر ہے کہ چند خاص لوگوں کے مقدمات دائر ہوتے ہیں تو فوراً لگ جاتے ہیں، عام مقدمات کافی دیر کے بعد مقرر ہوتے ہیں جس سے عوام مایوس ہوتے ہیں، نامزد چیف جسٹس اس تاثر کو زائل کریں، ایسا سسٹم تشکیل دیں کہ مقدمات کی فکسیشن بلاتفریق ہو، عام لوگوں کو محرومی کا احساس نہ ہو اور اس ادارہ پر اعتماد قائم رہے۔

انہوں نے کہا کہ بہت سے مقدمات کا فیصلہ ہوجانے کے باوجود تحریری حکمنامے بھی ابھی تک نہیں آسکے، اگر یہ اطلاع درست ہے تو میرے اس ریفرنس کو درخواست تصور کیا جائے، وکلا کی سپریم باڈی کو اس کے متعلق مکمل معلومات فراہم کی جائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ امید ہے میری اس درخواست کو رجسٹرار سپریم کورٹ کے ذریعے کسی عدالت میں چیلنج نہیں کیا جائے گا، وکلا کے اعلیٰ ترین ادارے کو معلومات کی رسائی کے حق سے محروم نہیں کیا جائے گا۔

صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن عابد زبیری نے فل کورٹ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موسم گرما کی تعطیلات کے باوجود سپریم کورٹ نے عام آدمی تک انصاف کی فراہمی کا عمل جاری رکھا، تعطیلات کے باوجود مسلسل مقدمات کی سماعت کا سلسلہ جاری رکھنا لائق تحسین عمل ہے۔

انہوں نے کہا کہ دوران تعطیلات کئی سیاسی نوعیت کے مقدمات بھی سماعت کے لیے مقرر ہوئے جس کی وجہ سے عام عوام کو انصاف کی فراہمی کا عمل سست روری کا شکار ہوا۔

ان کا کہنا تھا کہ جب سیاسی اور پارلیمانی نظام ناکام ہوجائے تو اس کا بوجھ بھی عدلیہ کو اپنے کندھوں پر اٹھانا پڑتا ہے، مقدمات کی جلد سماعت کے لیے دائر درخواستوں کا زیر التوا رکھے جانے سے انصاف کی فراہمی کا عمل سست روی کا شکار ہوتا ہے۔

عابد زبیری نے کہا کہ عدالت کی توجہ 90 دن میں انتخابات کرانے کے آئینی معاملے پر مبذول کروانا چاہتا ہوں، الیکشن کمیشن حیلے بہانے کے ذریعے انتخاب آئینی مدت میں کروانے سے گریزاں ہے، الیکشن کمیشن کا یہ رویہ رائے دہی کے آئینی حق کے منافی ہے، آئین سے روگردانی پر آرٹیکل 6 کے تحت الیکشن کمیشن کے خلاف کاروائی ہونی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے انتخابات سے متعلق اپنے فیصلے پر عمل کرانے کے لیے کوئی قدم نہیں اٹھایا، انتخابات کے حوالے سے ہماری درخواست کی ابھی تک سماعت نہیں ہوسکی، ہماری درخواست کو جلد سماعت کے لیے مقرر کیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ صدر مملکت سے ہمارا مطالبہ ہے کہ جلد انتخابات کا اعلان کریں، آفیشل سیکرٹ ایکٹ اور آرمی ترمیمی ایکٹ کی آڑ میں بنیادی حقوق کی پامالیاں ہو رہی ہیں، سویلین کا ٹرائل غیر آئینی اور غیر قانونی ہے جو کسی بھی طرح قابل قبول نہیں، قوم کی بیٹیاں اور بہنیں من گھڑت اور بے بنیاد الزامات پر قید ہیں، عدالت ان جبری قید کا نوٹس لے۔

عابد زبیری نے کہا کہ فوجی عدالتوں کے خلاف درخواستوں کو فوری مقرر کیا جائے، عدلیہ اور ججز کی تضحیک وکلا برادری کبھی تسلیم نہیں کرے گی، امید کرتے ہیں کہ نئے عدالتی سال میں سپریم کورٹ میں تقسیم کے تاثر کو ختم کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

واضح رہے کہ موجودہ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال آئین کے آرٹیکل 179 کے تحت رواں ماہ 16 ستمبر (ہفتہ) کو ریٹائر ہوجائیں گے۔

ان کے بعد جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی بطور چیف جسٹس آف پاکستان تعیناتی کی منظوری صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی دے چکے ہیں جس کا نوٹی فکیشن بھی رواں برس 21 جون کو جاری کیا جا چکا ہے۔

صدر مملکت، جسٹس قاضی فائز عیسیٰ سے 17 ستمبر 2023 کو عہدے کا حلف لیں گے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024