دسمبر میں شادی ہونے والی تھی لیکن اب نہیں ہوگی، عمر شہزاد
’میرے ہمسفر‘، ’وہ پاگل سی‘ جیسے ڈراموں میں سپورٹنگ کردار ادا کرنے والے ابھرتے ہوئے اداکار عمر شہزاد نے انکشاف کیا ہے کہ ان کی شادی رواں سال دسمبر میں ہونے والی تھی لیکن اب نہیں ہورہی۔
اداکار عمر شہزاد نے حال ہی میں ایف ایچ ایم پوڈکاسٹ میں شرکت کی جہاں انہوں نے اپنے کریئر اور ذاتی زندگی سے متعلق تفصیلی گفتگو کی۔
عمر شہزاد نے ماڈلنگ کے طور پر شوبز انڈسٹری میں قدم رکھا اور بعدازاں انہوں نے ڈراما اور پھر فلم انڈسٹری میں بھی قدم جمائے۔
2016 میں فلم ’تیری میری لو اسٹوری‘ کے ساتھ ڈیبیو کرنے کے بعد 2017 میں انہوں نے اپنی دوسری فلم ’جوانی پھر نہیں آنی 2‘ میں بھی کام کیا تھا۔
عمر شہزاد نے بتایا کہ وہ شروع سے ہی اداکار بننا چاہتے تھے، شروع میں کچھ عرصہ ماڈلنگ کی اور پھر اداکاری کے شعبے میں قدم رکھا۔
انہوں نے اپنے کریئر کے ابتدائی دنوں میں اپنی جدودجہد پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اداکاری کے لیے تمام پروڈکشن ہاؤس میں اپنا تعارف کروایا لیکن کہیں سے کال نہیں آئی۔
عمر شہزاد نے شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ طویل عرصے تک ماڈلنگ میں کام کرنے کے بعد مجھے ڈرامے میں بہت چھوٹے کردار کی آفر ہوئی، میں حیران تھا، میں بہت پُراعتماد تھا کہ شاید مجھے ڈراما ’میرے پاس تم ہو‘ میں ہمایوں سعید کے کردار کی آفر ہوگی، لیکن مجھے بہت چھوٹا کردار ملا جس کے بہت کم ڈائیلاگ تھے۔
انہوں نے بتایا کہ ’شکر ہے کہ اداکارہ انجلین ملک نے مجھے ایک ٹیلی فلم کی پیشکش کی اور میں نے کام کرنا شروع کیا۔‘
پوڈ کاسٹ کے دوران عمر شہزاد نے انزائٹی اور ڈپریشن پر بھی بات کی، انہوں نے کہا کہ انزائٹی اور ڈپریشن ہوتا ہے، ایسی صورت میں لوگ اپنے آپ کو کمرے میں بند کرلیتے ہیں، میں خود اس صورتحال سے گزر چکا ہوں۔
’دسمبر میں شادی ہونے والی تھی، اب نہیں ہورہی‘
اس کے علاوہ عمر شہزاد نے اپنی شادی سے متعلق بھی بات کی، انہوں نے بتایا کہ رواں سال دسمبر میں ان کی شادی ہونے والی تھی لیکن اب نہیں ہوگی۔
میزبان کے سوال پر عمر شہزاد نے بتایا کہ ’دسمبر میں شادی ہونے والی تھی لیکن اب نہیں ہورہی ہے، زندگی میں ایسی تبدیلیاں آتی ہے جہاں آپ صرف افسوس ہی کرسکتے ہیں۔ ’
اداکار نے نام لیے بغیر کہا کہ ’جب طویل عرصے تک آپ کسی کے قریب ہوتے ہیں تو وقت کا پتا نہیں چلتا، اب میں نے سب کچھ اللہ پر چھوڑ دیا ہے‘۔
عمر شہزاد کی شادی کس سے ہورہی تھی انہوں نے اس حوالے سے تفصیلات نہیں بتائی تاہم گزشتہ ہفتے ان کی ماڈل زینب رضا سے تعلقات کی افواہیں گردش کررہی تھیں۔
عمر شہزاد کے زینب رضا کے ساتھ تعلقات کی افواہیں اس وقت گردش کرنے لگی تھیں جب پاکستان کے رئیلٹی شو تماشا میں دونوں نے شرکت کی تھی۔
انہوں نے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ زینب بہت ’ذہین اور سمجھدار‘ ہے اور وہ ایسی لڑکی ہے جس سے وہ کوئی رائے یا مشورہ لینے سے نہیں گھبراتے، اداکار نے اعتراف کیا تھا کہ جب انہوں نے ’تماشا‘ میں زینب کو پہلی بار دیکھا تو کہ ان کے اندر وہ تمام خوبیاں تھیں جس سے وہ بے حد متاثر ہوئےتھے۔
انہوں نے مسکراتے ہوئے کہا تھا کہ زینب ان کی صرف ’ایک بہترین دوست‘ ہے، جب کسی مسئلے پر مشورہ لینا ہو تو وہ زینب کے پاس ہی جاتے ہیں۔