• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

پشاور: رہنما پی ٹی آئی مراد سعید گرفتاری سے بچنے میں کامیاب

شائع October 16, 2023
رہنما تحریک انصاف مراد سعید — فائل/ فوٹو: ڈان
رہنما تحریک انصاف مراد سعید — فائل/ فوٹو: ڈان

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر مراد سعید کی گرفتاری کے لیے پولیس نے ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی (ڈی ایچ اے) پشاور میں واقع ایک گھر پر چھاپہ مارا لیکن وہ گرفتاری سے بچ نکلنے میں کامیاب ہوگئے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق پشاور پولیس کا کہنا تھا کہ انہوں نے مراد سعید کے چند رشتہ داروں اور ان کے ذاتی ملازمین کو تحویل میں لے لیا ہے۔

پولیس نے بتایا کہ انہوں نے مراد سعید کو فرار ہونے کا موقع فراہم کرنے پر دو خواتین سمیت مراد سعید کے دیگر رشتہ داروں کو تھانہ ناصر باغ میں درج ایف آئی آر میں نامزد کرلیا گیا ہے۔

ایس پی وارسک ڈویژن ارشد خان نے بتایا کہ ہفتے کو تھانہ ناصر باغ پولیس کو مراد سعید کی ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی پشاور میں اپنے ایک رشتہ دار کے گھر میں موجودگی کی اطلاع ملی تھی، جس کے بعد پولیس نے گھر پر چھاپہ مارا۔

ارشد خان نے بتایا کہ پولیس نے مراد سیعد کے بہنوئی اسد الیاس اور ان کے ذاتی ملازمین کو حراست میں لے لیا ہے، اس کے علاوہ مراد سعید کے نام پر درج دو گاڑیاں بھی تحویل میں لے لی گئی ہیں۔

ایف آئی آر کے مطابق پولیس کو یہ اطلاع ملی کہ انسداد دہشت گردی کی دفعہ 7 سمیت دیگر مقدمات میں نامزد رہنما پی ٹی آئی مراد سعید اپنے بہنوئی الیاس کے گھر میں موجود ہیں۔

پولیس نے بتایا کہ گھر پر موجود خواتین سمیت دیگر لوگوں نے پولیس افسران کے ساتھ جھگڑا کیا اور مراد سعید کو گھر سے فرار ہونے میں مدد دی۔

ایف آئی آر میں کہا گیا کہ پولیس نے دو گاڑیوں سے پستول اور بارودی مواد بر آمد کر لیا ہے، مالک مکان الیاس، محمد ارسلان ، عزیز الرحمٰن اور سابق وفاقی وزیر کی دو خواتین رشتہ داروں پر تعزیرات پاکستان کی دفعات 506، 353، 186، 216، 148 اور 149 کے تحت ایف آئی آر درج کرلی گئی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024