• KHI: Maghrib 7:02pm Isha 8:24pm
  • LHR: Maghrib 6:42pm Isha 8:11pm
  • ISB: Maghrib 6:51pm Isha 8:23pm
  • KHI: Maghrib 7:02pm Isha 8:24pm
  • LHR: Maghrib 6:42pm Isha 8:11pm
  • ISB: Maghrib 6:51pm Isha 8:23pm

لکی مروت: سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، 4 دہشت گرد ہلاک

شائع October 20, 2023
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی اہلکاروں نے خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کارروائی کی — فائل/فوٹو: اے ایف پی
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی اہلکاروں نے خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کارروائی کی — فائل/فوٹو: اے ایف پی

سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت میں کارروائی کے دوران فائرنگ کے تبادلے کے دوران 4 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان میں کہا گیا کہ سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع کی بنیاد پر ضلع لکی مروت کے علاقے سیمو وانڈا میں کارروائی کی۔

بیان میں کہا گیا کہ کارروائی کے دوران فوج کے اہلکاروں اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور اس کے نتیجے میں 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

مزید بتایا گیا کہ فائرنگ کے دوران ایک دہشت گرد زخمی بھی ہوا، جس سے سیکیورٹی اہلکاروں نے گرفتار کرلیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ ہلاک اور زخمی دہشت گرد سیکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں اور بے گناہ شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں انتہائی سرگرمی سے ملوث تھے۔

کارروائی کے حوالے سے مزید بتایا گیا کہ سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، آلات اور دھماکا خیز مواد برآمد کرلیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ شہریوں نے اس کارروائی کو سراہا اور دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کے لیے اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا ہے۔

سیکیورٹی فورسز نے گزشتہ روز بھی خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے غریوم میں کارروائی کرکے انتہائی مطلوب دہشت گرد سمیت 6 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا تھا۔

شمالی وزیرستان میں کارروائی کے دوران پاک فوج کے 3 جوان شہید ہوگئے تھے جبکہ ایک جوان جنوبی وزیرستان میں دہشت گردوں سے مقابلے میں شہید ہوگیا تھا۔

خیال رہے کہ 14 اکتوبر کو بھی ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے میرعلی میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کا اہلکار شہید ہوگیا تھا جبکہ 6 دہشت گرد ہلاک اور 8 زخمی ہوگئے تھے۔

کالعدم ٹی ٹی پی کی جانب سے گزشتہ سال نومبر میں حکومت کے ساتھ جنگ بندی ختم کرنے کے بعد خاص طور پر خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں اضافہ ہوا ہے۔

اس سے قبل 11 اکتوبر کو ضلع ڈیرہ اسمٰعیل خان کے علاقے کلاچی میں سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کی تھی اور 2 دہشت گرد ہلاک ہوگئے تھے۔

آئی ایس پی آر نے بتایا تھاکہ ہلاک دہشت گرد متعدد سرگرمیوں میں ملوث رہا تھا، جس میں پولیس اسٹیشن ہتھلا اور روڑی پولیس چیک پوسٹ پر حالیہ دہشت گردی کے حملے بھی شامل ہیں۔

اسی طرح 3 اکتوبر کو ضلع ٹانک میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کارروائی کی تھی اور 10 دہشت گرد مارے گئے تھے۔

ٹانک میں کی گئی کارروائی کے حوالے سے آئی ایس پی آر نے بتایا تھا کہ مارے گئے دہشت گرد سیکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی مختلف کارروائیوں کے علاوہ بھتہ خوری اور بے گناہ شہریوں کے قتل میں بھی ملوث تھے۔

کارٹون

کارٹون : 1 مئی 2025
کارٹون : 30 اپریل 2025