• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

ورلڈکپ: نیدرلینڈز کی ورلڈ کپ میں دوسری فتح، بنگلہ دیش کو 87رنز سے شکست

شائع October 28, 2023

نیدرلینڈز نے ورلڈ کپ میں متاثر کن کھیل کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے بنگلہ دیش کو 87 رنز سے شکست دے کر عالمی کپ میں دوسری فتح حاصل کر لی۔

کولکتہ کے ایڈن گارڈنز میں کھیلے گئے میچ میں نیدرلینڈز نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

نیدرلینڈز کی اننگز کا آغاز کچھ اچھا نہ تھا اور دوسرے ہی اوور میں وکرم جیت سنگھ تین رنز بنانے کے بعد تسکین احمد کی وکٹ بن گئے۔

اگلے ہی اوور میں شریف الاسلام نے اپنی ٹیم کو ایک اور کامیابی دلاتے ہوئے میکس او ڈاؤڈ کو کھاتا کھولنے سے قبل ہی پویلین لوٹا دیا۔

دو وکٹیں گرنے کے بعد ویزلے بریسی اور کولن ایکرمین نے اننگز کو سنبھالا دیا اور اسکور آگے بڑھانے کا سلسلہ شروع کیا۔

دونوں کھلاڑیوں نے تیسری وکٹ کے لیے 59 رنز کی شراکت قائم کی لیکن تجربہ کار مستفیض نے اپنی ٹیم کو اہم کامیابی دلاتے ہوئے 41 رنز بنانے والے بریسی کو چلتا کردیا۔

ابھی یورپیئن ٹیم اس نقصان سے سنبھلی بھی نہ تھی کہ اگلے ہی اوور میں بنگلہ دیشی کپتان شکیب الحسن نے کولن ایکرمین کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔

اس کے بعد باس ڈی لیڈے اور کپتان اسکاٹ ایڈورڈز نے پانچویں وکٹ کے لیے 44 رنز کی ساجھے داری بنائی لیکن تسکین نے خطرناک ہوتی اس شراکت کو توڑتے ہوئے اپنی ٹیم کو پانچویں کامیابی دلا دی۔

اس مرحلے پر اسکاٹ ایڈورڈز کا ساتھ دینے سائی برینڈ اینجل بریچ آئے اور دونوں نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے چھٹی وکٹ کے لیے 78 رنز کی شراکت قائم کی۔

ورلڈ کپ میں اس سے قبل بھی مشکل مرحلے پر قیمتی رنز بنانے والے نیدرلینڈز کے کپتان نے ایک مرتبہ پھر جرات مندانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 89 گیندوں پر 6 چوکوں کی مدد سے 68 رنز کی اننگز کھیلی۔

اینجل بریچ نے 35 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ اختتامی اوورز میں لوگان وین بیک نے 23 رنز کی جارحانہ باری کھیلی جس کی بدولت نیدرلینڈز کی ٹیم 229 رنز بنانے میں کامیاب رہی۔

بنگلہ دیش کی جانب سے شریف الاسلام، تسکین احمد، مستفیض الرحمٰن اور مہدی حسن نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیشی اوپنرز نے اسکور 19 رنز تک پہنچایا ہی تھا کہ آریان دت نے لٹن داس کو تین کے انفرادی اسکور پر چلتا کردیا۔

نیدرلینڈز کی اننگز کی طرح بنگلہ دیش کو بھی یکے بعد دیگرے دونوں اوپنرز سے محروم ہونا پڑا اور لوگان وین بیک نے تنزید حسن کی 15 رنز کی اننگز کا خاتہ کردیا۔

نجم الحسن شانتو اور مہدی حسن میراز نے اسکور 45 تک پہنچایا ہی تھا کہ پال وین میکرن نے بنگلہ دیش کو دوہرا نقصان پہنچاتے ہوئے نجم الحسن کے ساتھ ساتھ کپتان شکیب الحسن کو بھی پویلین بھیج دیا۔

ابھی بنگلہ دیشی ٹیم سنبھلنے کی کوشش کر ہی رہی تھی کہ باس ڈی لیڈا نے 35 رنز بنانے والے مہدی حسن میراز کی اننگز کے آگے فل اسٹاپ لگا دیا۔

بنگلہ دیش کی میچ جیتنے کی امیدوں کو سب سے بڑا دھچکا اس وقت لگا جب وین میکرن نے ایک اور کاری وار کرتے ہوئے تجربہ کار مشفیق الرحیم کو بولڈ کردیا۔

70 رنز پر 6 وکٹیں گرنے کے بعد محموداللہ اور مہدی حسن نے وکٹ گرنے کے سلسلے کو کچھ دیر کے لیے روک دیا اور ساتویں وکٹ کے لیے 38 رنز کی ساجھے داری بنائی۔

اس سے قبل کہ بنگلہ دیش کی پوزیشن مستحکم ہوتی، ایک غیرضروری رن لینے کی کوشش میں 17 رنز بنانے والے مہدی حسن اپنی وکٹ گنوا بیٹھے۔

اس موقع پر بنگلہ دیش کی امیدوں کا محور محموداللہ تھے جنہوں نے جنوبی افریقہ کے خلاف سنچری کی تھی لیکن باس ڈی لیڈا نے بنگلہ دیشی آل راؤنڈر کی اننگز کا خاتمہ کر کے بنگلہ دیشی شائقین کے ارمانوں پر پانی پھیر دیا۔

مستفیض اور تسکین نے مل کر اسکور 142 رنز تک پہنچایا لیکن ان کی یہ کوشش بھی بنگلہ دیش کو شکست سے نہ بچا سکی اور پوری ٹیم 142 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

نیدرلینڈز نے بنگلہ دیش کو میچ میں 89 رنز سے شکست دے کر ورلڈ کپ میں دوسری اہم کامیابی حاصل کر لی۔

نیدرلینڈز کی جانب سے مین آف دی میچ پال وین میکردن نے 23 رنز دے کر چار وکٹیں حاصل کیں جبکہ باس ڈا لیڈا نے دو شکار کیے۔

آج کے میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھیں۔

نیدرلینڈز: اسکاٹ ایڈورڈز (کپتان)، وکرم جیت سنگھ، میکس اوڈاؤڈ، ویزلے بریسی، کولن ایکرمین، سائبرینڈ اینجل بریچ، باس ڈی لیڈا، لوگان وین بیک، شاہ ریزاحمد، آرین دت، پال وان میکرین۔

بنگلہ دیش: شکیب الحسن (کپتان)، لیٹن داس، تنزید حسن تمیم، نجم الحسن شانتو، مشفق الرحیم، محمود اللہ ریاض، مہدی حسن، مہدی حسن میراز، تسکین احمد، مستفیض الرحمٰن، شریف الاسلام۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024