• KHI: Zuhr 12:36pm Asr 5:19pm
  • LHR: Zuhr 12:07pm Asr 5:03pm
  • ISB: Zuhr 12:12pm Asr 5:12pm
  • KHI: Zuhr 12:36pm Asr 5:19pm
  • LHR: Zuhr 12:07pm Asr 5:03pm
  • ISB: Zuhr 12:12pm Asr 5:12pm

طلاق کی افواہوں کے بعد ثانیہ مرزا اور شعیب ملک بیٹے کی سالگرہ پر اکٹھے

شائع October 30, 2023
— فوٹو: انسٹاگرام
— فوٹو: انسٹاگرام

سابق پاکستانی کرکٹر شعیب ملک اور سابق بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا کو طلاق کی افواہوں کے بعد پہلی بار بیٹے کی سالگرہ پر ایک ساتھ دیکھنے پر مداحوں نے خوشگوار حیرانی کا اظہار کرتے ہوئے ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

شعیب ملک اور ثانیہ مرزا کے درمیان طلاق کی افواہیں 2022 کے اختتام سے ہیں، تاہم تاحال دونوں نے واضح طور پر ایسی خبروں کی تردید یا تصدیق نہیں کی۔

دونوں اسٹارز کے درمیان علیحدگی اور طلاق کی افواہیں ابتدائی طور پر دسمبر 2022 میں بھارتی میڈیا میں شائع ہوئی تھیں اور شوبز ویب سائٹس نے مستند ذرائع کا حوالہ دیے بغیر قیاس آرائیاں کی تھیں کہ ان کے درمیان اختلافات ہوگئے۔

تاہم طلاق کی افواہوں کے دوران شعیب ملک متعدد بار انٹرویوز میں ثانیہ مرزا کی تعریف کرچکے ہیں۔

ایک انٹرویو میں وہ یہ بھی کہہ چکے ہیں کہ نہ صرف ان کے اور ثانیہ مرزا بلکہ پوری دنیا کے جوڑوں کے تعلقات میں اتار چڑھاؤ آتا رہتا ہے اور شاید ہی کوئی ایسا شادی شدہ جوڑا ہے جن کے درمیان کبھی اختلافات نہ ہوتے ہوں۔

انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ گزشتہ کچھ عرصے کے دوران دونوں میاں بیوی اس لیے ایک ساتھ نہیں دکھائی دیے، کیوں کہ دونوں کی اپنے اپنے ممالک میں کچھ مصروفیات تھیں۔

ثانیہ مرزا کی سالگرہ پر شعیب ملک نے ٹوئٹر اور انسٹاگرام پر ان کی تصویر شئیر کرتے ہوئے انہیں سالگرہ کی مبارک باد بھی دی تھی جس کے بعد دونوں کے درمیان علیحدگی کی خبریں دم توڑ گئی تھیں۔

بعد ازاں اگست 2023 میں شعیب ملک نے اپنے انسٹاگرام کی بائیو تبدیل کی تو ایک بار پھر ان کے درمیان علیحدگی کی خبریں شروع ہوگئیں۔

تاہم دونوں نے گزشتہ ایک سال کے دوران کبھی بھی علیحدگی یا طلاق کی خبروں پر وضاحت نہیں کی۔

اب حال ہی میں دونوں کو اپنے اکلوتے بیٹے کی سالگرہ پر ایک ساتھ دیکھا گیا، جس کی تصاویر دیکھنے کے بعد ان کے مداحوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی اور انہوں نے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

تاہم دلچسپ بات یہ ہے کہ دونوں نے بیٹے کی سالگرہ پر ایک ساتھ تصاویر نہیں شیئر کیں، البتہ شعیب ملک کی جانب سے سالگرہ کی شیئر کردہ تصاویر میں ثانیہ مرزا کو ان کے پیچھے دیکھا جا سکتا ہے۔

ثانیہ مرزا کی جانب سے بیٹے کی سالگرہ کی شیئر کردہ تصاویر میں شعیب ملک کی جھلک نہیں دکھائی دیتی، تاہم کرکٹر کی جانب سے شیئر کی گئی تصاویر میں ٹینس اسٹار کو دیکھا جا سکتا ہے۔

دونوں کی ایک ساتھ تصاویر آنے کے بعد شوبز اور کرکٹ شخصیات نے بھی ان کی پوسٹس پر کمنٹ کرتے ہوئے ان کے لیے اور ان کے بیٹے کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور دونوں کو ہمیشہ خوش رہنے کی دعائیں دیں۔

شخصیات کی طرح ان کے مداحوں نے بھی دونوں کو ایک ساتھ دیکھ کر ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا، تاہم ساتھ ہی شعیب ملک کو آڑے ہاتھوں لیا اور ان سے پوچھا کہ ان کی ثانیہ مرزا سے دشمنی ہے کیا جو ان کے ساتھ تصاویر شیئر نہیں کر رہے؟

دونوں کی بیٹے کی سالگرہ پر ایک ساتھ تصاویر آنے کے بعد ان کے درمیان علیحدگی اور طلاق کی افواہیں ایک بار پھر دم توڑگئیں۔

شعیب ملک اور ثانیہ مرزا نے اپریل 2010 میں شادی کی تھی اور دونوں کی شادی کی خبریں نہ صرف پاکستانی اور بھارتی میڈیا بلکہ عالمی میڈیا کی بھی زینت بنیں۔

جوڑے کے ہاں شادی کے شادی کے 8 سال بعد 30 اکتوبر 2018 کو ان کے ہاں پہلے بیٹے کی پیدائش ہوئی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 3 جولائی 2024
کارٹون : 2 جولائی 2024