• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

ڈیرہ اسمٰعیل خان: آئل گیس کمپنی پر دہشتگردوں کا حملہ، 2 پولیس اہلکار شہید

شائع November 7, 2023
دہشتگردوں نے کمپنی کیمپ پر تعینات پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنایا — فائل فوٹو: ڈان
دہشتگردوں نے کمپنی کیمپ پر تعینات پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنایا — فائل فوٹو: ڈان

ڈیرہ اسمٰعیل خان کے علاقے درہ زندہ میں آئل گیس کمپنی کے کیمپ پر دہشت گردوں کے حملے میں 2 پولیس اہلکار شہید جبکہ 3 زخمی ہوگئے۔

ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ڈی ایس پی) اصفر علی شاہ نے ڈان نیوز ڈاٹ ٹی وی کو بتایا کہ نامعلوم دہشت گردوں نے آئل اینڈ گیس کمپنی کے کیمپ پر حملہ کیا، فائرنگ کے دوران ڈیوٹی پر مامور 2 پولیس اہلکار شہید جبکہ 3 زخمی ہوگئے۔

ڈی ایس پی اصغر علی شاہ نے کہا کہ زخمیوں کو ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے، جہاں ایک اہلکار کی حالت تشویش ناک ہے۔

انہوں نے کہا کہ حملہ الحاج آئل اینڈ گیس پرائیویٹ ڈرلنگ کمپنی پر ہوا ہے، دہشت گردوں نے کمپنی کیمپ پر تعینات پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنایا۔

موقع پر مزید پولیس نفری پہنچ گئی ہے جبکہ دہشت گردوں کی تلاش جاری ہے، حملے میں اے ایس آئی رحمت الہٰی اور خان عارف شہید ہوئے، زخمیوں میں عالمگیر خان، فضل الرحمٰن اور عطا الرحمٰن شامل ہیں۔

واضح رہے کہ کالعدم تحریک طالبان (ٹی ٹی پی) کی جانب سے گزشتہ برس نومبر میں حکومت کے ساتھ جنگ بندی ختم کرنے کے اعلان کے بعد پاکستان میں خاص طور پر خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔

گزشتہ روز 6 نومبر کو خیبرپختونخوا کے ضلع خیبر میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران دہشت گردوں سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں لیفٹننٹ کرنل سمیت پاک فوج کے 4 اہلکار شہید ہوگئے۔

قبل ازیں 5 نومبر کی رات ڈیرہ اسمٰعیل خان میں 2 پولیس چوکیوں پر دہشت گردوں نے حملہ کیا تھا تاہم پولیس نے بروقت جوابی کارروائی کرتے ہوئے حملہ ناکام بنا دیا تھا۔

اس سے ایک روز قبل کلاچی تھانے کی حدود میں روڑی کے علاقے میں بھی ایک چوکی پر حملہ کیا گیا تھا، جس میں ایک اور کانسٹیبل زخمی ہوگیا تھا۔

4 نومبر کو پاکستان ائیرفورس ٹریننگ ایئربیس میانوالی پر دہشت گردوں نے حملے کی کوشش کی تھی جسے پاک فوج نے ناکام بنادیا اور کلیئرنس آپریشن میں تمام 9 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا تھا۔

3 نومبر کو بلوچستان کے ضلع گوادر میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی پر دہشت گردوں کے حملے میں پاک فوج کے 14 اہلکار شہید ہوگئے۔

قبل ازیں خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسمٰعیل خان میں ٹانک اڈہ کے قریب پولیس پر کیے گئے بم دھماکے میں 5 افراد جاں بحق اور20 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

یکم نومبر کو بلوچستان میں ضلع ژوب کے علاقے سمبازا میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کارروائی کرکے 6 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024