• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

پنجاب میں ماحولیاتی ایمرجنسی نافذ، جمعرات سے اتوار تک اسکول، دفاتر کی چھٹی کا اعلان

شائع November 7, 2023
نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے اسموگ کے پیش نظر پنجاب بھر میں ماحولیاتی ایمرجنسی کے نفاذ کا اعلان کیا— فوٹو: ڈان نیوز
نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے اسموگ کے پیش نظر پنجاب بھر میں ماحولیاتی ایمرجنسی کے نفاذ کا اعلان کیا— فوٹو: ڈان نیوز

پنجاب کے نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے اسموگ کے پیش نظر صوبے بھر میں ماحولیاتی ایمرجنسی کے نفاذ کا اعلان کرتے ہوئے جمعرات سے اتوار تک صوبے بھر میں دفاتر اور اسکولوں کی چھٹی کا اعلان کردیا۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ اس وقت لاہور دنیا کا آلودہ ترین شہر ہے اور کسی بھی طریقے سے لاہور اور صوبے شہریوں کے لیے اچھی چیز نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آج ہمارا تفصیلی اجلاس ہوا جس میں بچوں کو جو سانس اور آنکھوں کے جو مسائل پیش آ رہے ہیں اس کا جائزہ لیا گیا، اس کی اصل وجہ بھارت میں جلائی جانے والی فصل ہے، فصل ہمارے ہاں بھی جلائی جا رہی ہے لیکن بھارت میں جلائی جانے والی فصل ہم سے چار گنا زیادہ ہے اور اس کے تمام اثرات ہم پر مرتب ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اجلاس میں اس بات پر گفتگو کی گئی کہ کیا کیا انتظامات کیے جائیں اور وہ کیا انتظامات ہیں جس کی بدولت ہم ان اثرات کو 10 سے 15 فیصد کم کر دیں، اس سلسلے میں اجلاس میں چند فیصلے کیے گئے ہیں۔

محسن نقوی نے کہا کہ 9نومبر کی چھٹی کا پورے پاکستان میں اعلان ہو چکا ہے تو جس طرح ہم نے آشوب چشم کی بیماری کے پھیلاؤ کے موقع پر اقدامات کیے تھے، اسی فارمولے کے تحت ہم 10نومبر کو بھی پنجاب بھر میں دفاتر اور اسکولوں کی چھٹی کا اعلان کردیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہفتہ اتوار پہلے ہی چھٹی ہے اور جن اسکولوں میں ہفتے کو چھٹی نہیں ہوتی ہم وہاں بھی چھٹی کا اعلان کررہے ہیں جبکہ اکثر دفاتر بھی ہفتے کے روز بند ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم ماحولیاتی ایمرجنسی نافذ کررہے ہیں جس کے تحت یہ سارے فیصلے کررہے ہیں، مارکیٹس ہفتے کو بند ہوں گی اور اتوار کو ویسے ہی بند ہوتی ہیں، ریسٹورنٹس، سینما گھر بھی جمعہ، ہفتہ اور اتوار بند ہوں گے۔

نگران وزیر اعلیٰ نے کہا کہ لاہور ڈویژن کے ساتھ ساتھ تین شہروں میں گوجرانوالہ، ننکانہ اور وزیر آباد میں دفعہ 144 نافذ کررہے ہیں اور چھٹیوں کا اطلاق بھی بھی انہی پر ہو گا۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیر صحت نے صحت کے مسائل پر بریفنگ دی کہ ہسپتال میں مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہو چکا ہے اور بزرگوں کو سانس لینے میں تکلیف ہو رہی ہے، ہمارے ان اقدامات کا مقصد مسائل میں کمی لانا ہے کیونکہ ان کا خاتمہ تو ناممکن ہے، 9 نومبر کو بارش کا بھی امکان ہے اور اگر زیادہ بارش ہوتی ہے تو اس سے بھی کافی فرق پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ دہلی اور ہمارے معاملات ایک جیسے ہی ہیں، دہلی میں بھی انہوں نے اسکول بند کیے ہیں، ان کو بھی کافی سکت فیصلے کرنے پڑے ہیں تو ہم ان شہروں کی بھی نگرانی کررہے ہیں جہاں شدید اسموگ ہوتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بیکریاں اور فارمیسیز کھلی رہیں گی، شادی ہال بھی کھلے رہیں گے، جمعہ، ہفتہ اور اتوار تمام قسم کے پارکس بند رہیں گے جبکہ پبلک ٹرانسپورٹ کھلی رہے گی، اس کے علاوہ ہیلتھ ایمرجنسی کے ایس او پیز کا اعلان کررہے ہیں۔

محسن نقوی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ چھٹی کے دنوں میں اگر لاہور میں رہنا چاہتے ہیں تو اپنے گھروں میں رہیں اور اگر باہر جانا چاہتے ہیں تو پنجاب کے دیگر سیاحتی مقامات پر جا سکتے ہیں لیکن لاہور پر دباؤ کم کریں۔

انہوں نے عوام سے کہا کہ وہ ماسک ضرور پہنیں، بچوں اور بزرگوں ہر صورت ماسک پہنچائیں کیونکہ آپ سب کی زندگیاں ہمارے لیے بہت قیمتی ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024