میکسویل نے ون ڈے کرکٹ میں تاریخ رقم کردی، کئی ریکارڈ پاش پاش

شائع November 8, 2023
گلین میکسویل نے 128 گیندوں پر 10 چھکوں اور 21 چوکوں کی مدد سے 201 رنز کی اننگز کھیلی— فوٹو: رائٹرز
گلین میکسویل نے 128 گیندوں پر 10 چھکوں اور 21 چوکوں کی مدد سے 201 رنز کی اننگز کھیلی— فوٹو: رائٹرز

ورلڈ کپ 2023 میں آسٹریلیا نے افغانستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 3 وکٹوں سے شکست دے دی اور گلین میکسویل نے 201 رنز کی باری کھیل کر انٹرنیشنل کرکٹ میں کئی ریکارڈز اپنے نام کر لیے۔

ممبئی کے وانکھیڈے اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں افغانستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 5 وکٹوں کے نقصان پر 291 رنز بنائے۔

آسٹریلیا کی ٹیم بیٹنگ کے لیے میدان میں اتری تو افغان فاسٹ باؤلرز اور راشد خان کی عمدہ باؤلنگ کے سبب 91 رنز پر سات آسٹریلین کھلاڑی پویلین لوٹ چکے تھے اور افغانستان کی فتح یقینی نظر آرہی تھی لیکن اس کے بعد گلین میکسویل نے تن تنہا بازی پلٹ دی۔

جارح مزاج بلے باز نے دوسرا اینڈ سنبھال کر رکھنے والے کپتان پیٹ کمنز کے ہمراہ طویل شراکت قائم کر کے ون ڈے کرکٹ میں تاریخ رقم کردی۔

نامور بلے باز نے 128 گیندوں پر 10 چھکوں اور 21 چوکوں کی مدد سے 201 رنز کی اننگز کھیلی اور ون ڈے کرکٹ میں ہدف کے تعاقب میں ڈبل سنچری کرنے والے دنیا کے پہلے بلے باز بن گئے۔

اس سے قبل ون ڈے کرکٹ کی تاریخ میں آج تک کسی بھی بلے باز نے ہدف کے تعاقب میں ڈبل سنچری نہیں کی تھی۔

یہ ورلڈ کپ کی تاریخ کی تیز ترین ڈبل سنچری بھی ہے اور آسٹریلین بلے باز نے اس اننگز کے دوران کرس گیل کو ریکارڈسے محروم کردیا جنہوں نے 2015 ورلڈ کپ میں زمبابوے کے خلاف 138 گیندوں پر ڈبل سنچری بنائی تھی۔

ون ڈے کرکٹ کی تیز ترین ڈبل سنچری کا ریکارڈ ایشان کشن کے پاس ہے جنہوں نے 126 گیندوں پر یہ اعزاز حاصل کیا تھا البتہ انہوں نے یہ اننگز ورلڈ کپ میں نہیں کھیلی تھی۔

ون ڈے کرکٹ کی تاریخ کی عظیم ترین اننگز میں سے ایک قرار دی جانے والی یہ اننگز چھٹے نمبر یا اس سے نیچے بیٹنگ کرنے والے کسی بھی بلے باز کی سب سے بڑی باری بھی ہے، اس سے قبل یہ ریکارڈ بھارت کے کپیل دیو کے پاس تھا جنہوں نے 1983 میں زمبابوے کے خلاف 175 رنز کی اننگز تراشی تھی۔

یہ آسٹریلیا کی جانب سے ون ڈے کرکٹ میں بنائی گئی پہلی ڈبل سنچری ہے، اس سے قبل آسٹریلیا کی جانب سے سب سے بڑی اننگز کھیلنے کا ریکارڈ شین واٹسن کے پاس تھا جنہوں نے 2011 میں بنگلہ دیش کے خلاف 185 رنز کی باری کھیلی تھی۔

ایک اننگز میں رنز کی اوسط کے اعتبار سے بھی یہ ون ڈے کرکٹ کی سب سے بڑی اننگز ہے، آسٹریلیا نے اننگز میں 293 رنز بنائے اور اس طرح میکسویل نے آسٹریلین اننگز کے 68.6 رنز بنائے۔

ایک اننگز میں ٹیم کے مجموعے کی مناسبت سے اوسطاً سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ عظیم ویوین رچرڈز کے پاس ہے جنہوں نے 272 رنز کے مجموعی اسکور میں سے 189 رنز کے ساتھ اننگز کے 69.5 فیصد رنز تن تنہا بنائے تھے۔

اس اننگز کے دوران میکسویل نے کپتان کمنز کے ہمراہ آٹھویں وکٹ کے لیے 202 رنز کی ساجھے داری کی جو ون ڈے کرکٹ میں آٹھویں وکٹ کے لیے سب سے بڑی شراکت کا عالمی ریکارڈ ہے۔

اس سے قبل ون ڈے کرکٹ میں آٹھویں وکٹ کے لیے سب سے بڑی شراکت کا ریکارڈ جنوبی افریقہ کے جسٹن کیمپ اور اینڈریو ہال کے پاس تھا جنہوں نے بھارت کے خلاف 138رنز کی ساجھے داری کی تھی۔

اس سے قبل افغانستان کی جانب سے نوجوان ابراہیم زدران نے سنچری کی تھی جو ورلڈ کپ میں کسی بھی افغان بلے باز کی پہلی سنچری ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024