• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:53am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:19am Sunrise 6:46am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:53am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:19am Sunrise 6:46am

ڈوسن کی ذمہ دارانہ بیٹنگ، افغانستان کو جنوبی افریقہ کے ہاتھوں 5 وکٹوں سے شکست

شائع November 10, 2023 اپ ڈیٹ November 11, 2023
عظمت اللہ عمر زئی نے 107 گیندوں پر 97 رنز کی شاندار باری کھیلی — فوٹو: رائٹرز
عظمت اللہ عمر زئی نے 107 گیندوں پر 97 رنز کی شاندار باری کھیلی — فوٹو: رائٹرز

ورلڈ کپ 2023 میں جنوبی افریقہ نے وین ڈر ڈوسن کی ذمہ دارانہ بیٹنگ کی بدولت افغانستان کو دلچسپ مقابلے کے بعد 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔

بھارت کے شہر احمدآباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں افغانستان نے جنوبی افریقہ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

اوپنرز رحمٰن اللہ گرباز اور ابراہیم زدران نے پراعتماد انداز میں اننگز کا آغاز کیا اور 41 رنز کی شراکت قائم کی لیکن نویں اوور کی پہلی گیند پر کیشپ مہاراج نے اپنی ٹیم کو پہلی کامیابی دلاتے ہوئے رحمٰن اللہ گرباز کو چلتا کردیا۔

ابھی افغان ٹیم اس نقصان سے سنبھلی بھی نہ تھی کہ اگلے اوور میں اسکور میں بغیر کسی اضافے کے ابراہیم زدران بھی پویلین لوٹ گئے جبکہ 45 کے مجموعی اسکور پر کپتان حشمت اللہ شاہدی آؤٹ ہوئے تو افغان ٹیم تین وکٹوں سے محروم ہو چکی تھی۔

اس مرحلے پر رحمت شاہ کا ساتھ دینے عظمت اللہ عمر زئی آئے اور دونوں نے ذمہ دارانہ کھیل پیش کرتے ہوئے 49 رنز کی ساجھے داری بنائی لیکن اسی اسکور پر لنگی نگیدی نے 26 رنز بنانے والے رحمت کی اننگز کا خاتمہ کر دیا۔

اکرام علی خیل 12، محمد نبی 2 اور راشد خان 14 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے لیکن دوسرے اینڈ سے عظمت اللہ ڈٹے رہے اور اپنی نصف سنچری مکمل کی۔

160 رنز پر 7 کھلاڑی آؤٹ ہونے کے بعد عظمت کا ساتھ دینے نور احمد آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے آٹھویں وکٹ کے لیے مزید 44 رنز جوڑے، نور 26 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔

اختتامی اوورز میں عظمت نے تن تنہا جنوبی افریقی باؤلرز کا سامنا کیا اور اپنی ٹیم کا اسکور 244 تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔

افغانستان کی پوری ٹیم 244 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تاہم عظمت صرف 3 رنز کے فرق سے سنچری مکمل نہ کر سکے اور 107 گیندوں پر 7 چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے آؤٹ ہوئے بغیر 97 رنز کی اننگز کھیلی۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے جیرالڈ کوئٹزے نے 4 جبکہ مہاراج اور نگیدی نے دو، دو وکٹیں لیں۔

ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقی اوپنرز نے سنبھل کر بیٹنگ کرتے ہوئے پہلی وکٹ کے لیے 64 رنز کی شراکت بنائی لیکن مجیب الرحمٰن کی گیند پر بڑا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں جنوبی افریقی کپتان ٹیمبا باووما کی 23 رنز کی اننگز تمام ہوئی۔

ابھی جنوبی افریقی ٹیم اس نقصان سے سنبھلی بھی نہ تھی کہ دو رنز کے اضافے سے 41 رنز بنانے والے کوئنٹن ڈی کوک بھی پویلین لوٹ گئے۔

اس مرحلے پر وین ڈر ڈوسن نے ایڈن مرکرم کے ہمراہ میدان سنبھالا اور دونوں نے تیسری وکٹ کے لیے 50 رنز کی ساجھے داری بنائی لیکن اسی اسکور پر راشد خان نے اپنی ٹیم کو تیسری کامیابی دلاتے ہوئے 25 رنز بنانے والے ایڈن مرکرم کا کام تمام کر دیا۔

ہنری کلاسن وکٹ پر جدوجہد کرتے نظر آئے اور بالآخر 10 رنز بنانے کے بعد راشد نے انہیں بولڈ کر کے ان کی پویلین واپسی کا سامان کیا۔

جب جنوبی افریقہ کی 4 وکٹیں گریں تو ایسا لگا کہ میچ افغانستان کے حق میں جا رہا ہے لیکن اس مرحلے پر ڈوسن کا ساتھ دینے ڈیوڈ ملر آئے اور 24 رنز بنانے والے جارح مزاج بلے باز نے ڈوسن کے ساتھ مزید 43 رنز جوڑ کر اسکور 182 تک پہنچا دیا۔

اس موقع پر میچ میں اس وقت دلچسپ موڑ پیدا ہوا جب 182 کے مجموعی اسکور پر ملر افغان اسپنر محمد نبی کی گیند کو سمجھ نہ سکے اور ان کی گیند واپس انہیں تھما کر پویلین لوٹ گئے اور پروٹیز پانچویں وکٹ گنوا بیٹھے۔

دوسرے اینڈ سے ڈوسن نے عمدہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور اپنی نصف مکمل کرنے کے ساتھ جنوبی افریقہ کی ڈبل سنچری بھی مکمل کرا دی۔

پانچ وکٹیں گرنے کے بعد ورلڈ کپ میں پہلا میچ کھیلنے والے ایندائل فلکوایو کی میدان میں آمد ہوئی اور انہوں نے ایک بہترین باری کھیل کر اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرا دیا۔

انہوں نے ڈوسن کے ہمراہ اننگز کی سب سے بڑی 65 رنز کی شراکت قائم کی اور اپنی ٹیم کو سیمی فائنل سے قبل ایک اور کامیابی دلا کر مزید دو پوائنٹس دلا دیے۔

ڈوسن نے 6 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 76 رنز کی باری کھیلی جبکہ فلکوایو نے 37 گیندوں پر 3 چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 39 رنز بنائے۔

جنوبی افریقہ نے میچ میں 5 وکٹوں سے فتح حاصل کر لی اور اب سیمی فائنل میں ان کا مقابلہ پانچ مرتبہ کی چیمپیئن آسٹریلیا سے ہو گا۔

افغانستان کی جانب سے محمد نبی اور راشد خان نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

وین ڈر ڈوسن کو ان کی ذمہ دارانہ بیٹنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھیں۔

جنوبی افریقہ ٹیمبا باووما (کپتان)، ایڈن مرکرم، کوئنٹن ڈی کوک، راسی وین ڈر ڈوسن، ہینرک کلاسن، ڈیوڈ ملر، کگیسو ربادا، کیشپ مہاراج، لنگی نگیدی، جیرالڈ کوئٹزی، انڈیلے فلوکووایو

افغانستان حشمت اللہ شاہدی (کپتان)، رحمٰن اللہ گرباز، ابراہیم زدران، رحمت شاہ، محمد نبی، اکرام علی خیل، عظمت اللہ عمر زئی، راشد خان، مجیب الرحمٰن، نور احمد، نوین الحق۔

کارٹون

کارٹون : 21 نومبر 2024
کارٹون : 20 نومبر 2024