• KHI: Fajr 5:00am Sunrise 6:18am
  • LHR: Fajr 4:21am Sunrise 5:44am
  • ISB: Fajr 4:22am Sunrise 5:48am
  • KHI: Fajr 5:00am Sunrise 6:18am
  • LHR: Fajr 4:21am Sunrise 5:44am
  • ISB: Fajr 4:22am Sunrise 5:48am

پاکستانی اور بھارتی فلموں میں کام کی پیش کش ہوئی تھی، شاہد آفریدی

شائع November 10, 2023
— اسکرین شاٹ
— اسکرین شاٹ

قومی کرکٹ کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں ماضی میں نہ صرف پاکستان بلکہ بھارت سے بھی فلموں میں کام کی پیش کش ہوچکی ہے لیکن انہوں نے کام کرنے سے انکار کیا۔

شاہد آفریدی نے حال ہی میں ’سما اسپورٹس ’ کے پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے کرکٹ سمیت دیگر معاملات پر کھل کر بات کی۔

انہوں نے بتایا کہ انہیں پہلی بار بھارتی کرکٹر روی شاستری نے ’بوم بوم‘ کا خطاب دیا تھا۔

شاہد آفریدی کے مطابق 2005 یا 2006 میں جب انہوں نے بھارتی شہر کانپور میں شاندار اننگز کھیلی تو روی شاستری نے انہیں ’بوم بوم‘ کہا، جس کے بعد مذکورہ خطاب ان کے نام کا حصہ ہوگیا۔

انہوں نے بتایا کہ ابتدائی طور پر انہیں بطور باؤلر قومی ٹیم کا حصہ بنایا گیا تھا لیکن پریکٹس کے دوران جب وسیم اکرم سمیت دیگر کھلاڑیوں نے ان کی بیٹنگ دیکھی تو انہیں اوپننگ میں کھلانے کا فیصلہ کیا گیا اور پھر انہوں نے چانس کو غنیمت سمجھتے ہوئے ذمہ داری کا مظاہرہ کیا اور یوں وہ اوپنر بھی بن گئے۔

شادی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنے والدین کی مرضی سے شادی کی جو کہ کامیاب ہوئی اور والدین کی رضامندی سے کی جانے والی شادیاں کامیاب ہوتی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر اتفاق سے کسی کی والدین کی مرضی سے کی جانے والی شادی اچھی نہ چلے تو وہ دوسری کر سکتا ہے لیکن انہیں دوسری کرنے کی ضرورت پیش نہ آئی۔

اسی طرح انہوں نے اپنی بیٹی کی کرکٹر شاہین آفریدی سے شادی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ بیٹی کی شادی پر ان کی مرضی شامل ہے، اس لیے وہ بھی اچھی چلے گی اور شاہین کا خاندان بھی اچھا ہے۔

پوڈکاسٹ میں انہوں نے دیگر معاملات پر بات کرنے کے علاوہ اداکاری اور ماڈلنگ پر بھی بات کی اور کہا کہ ہر انسان کو وہ کام کرنا چاہیے جس میں اس کی مہارت ہو۔

شاہد آفریدی نے اعتراف کیا کہ انہیں ماضی میں پاکستان کے علاوہ بھارتی فلموں میں بھی کام کی پیش کش ہوئی لیکن انہوں نے منع کردیا۔

ان کے مطابق چوں کہ وہ سمجھتے ہیں کہ اداکاری ان کا کام نہیں، وہ کرکٹر ہیں، اس لیے انہوں نے فلموں میں کام کرنے سے انکار کیا۔

سابق قومی کپتان کے مطابق البتہ وہ اشتہارات میں تب بھی ماڈلنگ کرتے تھے اور مستقبل میں بھی کرتے رہیں گے لیکن اداکاری ان کے بس کی بات نہیں۔

اگرچہ شاہد آفریدی نے انکشاف کیا کہ انہیں فلموں میں کام کی پیش کش ہوئی تھی لیکن انہوں نے واضح نہیں کیا کہ انہیں کس طرح کے کرداروں کی پیش کش ہوئی تھی۔

شاہد آفریدی کرکٹ کے علاوہ ٹی وی پر اشتہارات اور ٹاک شوز میں دکھائی دیتے ہیں جب کہ مختلف فلاحی اداروں کے تشہیری پروگرامات میں بھی انہیں دیکھا جاتا رہا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 6 اپریل 2025
کارٹون : 5 اپریل 2025