خیبرپختونخوا: سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، 7 دہشت گرد ہلاک
سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے ضلع ٹانک میں کارروائی کرتے ہوئے 7 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے ضلع ٹانک کے علاقے کیری مچن خیل میں دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر کارروائی کی۔
بیان میں کہا گیا کہ کارروائی کے دوران سیکیورٹی اہلکاروں اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور اس کے نتیجے میں 7 دہشت گردوں کو جہنم واصل کردیا گیا۔
کارروائی کے حوالے سے بتایا گیا کہ دہشت گردوں کے ٹھکانے بھی تباہ کردیے گئے۔
آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا کہ مارے گئے دہشت گردوں کے زیر قبضہ اسلحہ اور بارود بھی برآمد کرلیا گیا ہے اور تمام دہشت گرد ٹانک اور اطراف میں پولیس اہلکاروں کے قتل سمیت دہشت گردی کی سرگرمیوں میں ملوث تھے۔
پاک فوج نے بتایا کہ علاقے میں کسی دہشت گردی کی موجودگی کی صورت میں اس کے خاتمے کے لیے کارروائی کی جا رہی ہے جبکہ شہریوں نے کارروائی کو سراہا اور دہشت گردی کا ناسور ختم کرنے کے لیے سیکیورٹی فورسز کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔
خیال رہے کہ 13 نومبر کو بھی خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 2 اہلکار شہید ہوگئے جبکہ ایک دہشت گرد کو ہلاک کر دیا گیا تھا۔
اس سے قبل 8 نومبر کو پاک-افغان سرحد کے قریب خیبرپختونخوا کے ضلع چترال میں کارروائی کی تھی جہاں فائرنگ کے تبادلے کے دوران 2 دہشت گرد ہلاک اور 4 زخمی ہوگئے تھے۔
حالیہ چند ہفتوں کے دوران پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے جہاں خاص طور پر سیکیورٹی فورسز کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
خیبرپختونخوا کے ضلع خیبر میں 6 نومبر کو سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں لیفٹیننٹ کرنل سمیت پاک فوج کے 4 اہلکار شہید ہوگئے تھے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا تھا کہ لیفٹیننٹ کرنل محمد حسن حیدر کی سربراہی میں پاک فوج کے جوان دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کر رہے تھے اور دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں 3 دہشت گرد ہلاک اور 3 زخمی ہوگئے۔
پاک فوج نے بتایا تھا کہ شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران 4 جوانوں اسلام آباد سے تعلق رکھنے والے 43 سالہ لیفٹیننٹ کرنل محمد حسن حیدر، ضلع لکی مروت سے تعلق رکھنے والے 31 سالہ نائیک خوشدل خان، ضلع چارسدہ کے 27 سالہ نائیک رفیق خان، ضلع مری سے تعلق رکھنے والے 33 سالہ لانس نائیک عبدالقادر نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔
اس سے قبل 3 نومبر کو خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں 3 الگ الگ واقعات میں پاک فوج کے 3 اہلکار شہید جبکہ دو دہشت گرد مارے گئے تھے۔
دوسری جانب بلوچستان کے ضلع گوادر میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی پر دہشت گردوں کے حملے میں پاک فوج کے 14 اہلکار شہید ہوگئے تھے۔
خیبر پختونخوا کے ضلع خیبر اور جنوبی وزیرستان میں 28 اکتوبر کو دو مختلف واقعات میں سیکیورٹی فورسز کے 3 جوان شہید اور ایک دہشت گرد ہلاک ہو گیا تھا۔