• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

ویوو کے طاقتور کیمروں کے حامل ایکس سیریز کے فونز متعارف

شائع November 15, 2023
—فوٹو: کمپنی
—فوٹو: کمپنی

اسمارٹ فون بنانے والی چینی کمپنی ’ویوو‘ نے اب تک کے طاقتور اور بہترین فونز کے حامل ’ایکس سیریز کے دو فونز کو متعارف کرادیا، جنہیں قیمت کے حوالے سے مہنگا قرار دیا جا رہا ہے۔

کمپنی نے ’ویوو ایکس 100‘ اور ’ویوو ایکس 100 پرو‘ کو تین بیک کیمروں اور ایک طاقتور فرنٹ کیمرے کے ساتھ پیش کیا ہے۔

دونوں فونز کو کمپنی کے اب تک کے بہترین اور طاقتور کیمروں کے حامل فون قرار دیا جا رہا ہے، تاہم ساتھ ہی کمپنی پر فونز کی قیمت زیادہ رکھے جانے کا الزام بھی عائد کیا جا رہا ہے۔

کمپنی نے دونوں فونز کو 6.78 انچ اسکرین کے ساتھ 12 اور 16 جی بی ریم جب کہ 256 جی بی میموری کے ماڈیولز میں پیش کیا ہے۔

’ویوو ایکس 100‘ کو 5 ہزار ایم اے ایچ بیٹری اور 120 واٹ کے فاسٹ چارجر جب کہ ’ویوو ایکس 100 پرو‘ کو طاقتور 5400 ایم اے ایچ کی بیٹری اور 100 واٹ کے چارجر کے ساتھ پیش کیا گیا ہے۔

کمپنی نے ایکس 100 پرو کو تین بیک کیمروں کے ساتھ پیش کیا ہے اور فون کے تینوں کیمروں کو ترتیب وار 50 میگا پکسل رکھا گیا ہے جب کہ فرنٹ پر 32 میگا پکسل کا سیلفی کیمرا دیا گیا ہے۔

اسی طرح ایکس 100 کے بیک پر بھی تین کیمرے دیے گئے ہیں، جس میں سے دو ترتیب وار 50 میگا پکسل جب کہ ایک 64 میگا پکسل کا کیمرا دیا گیا ہے، تاہم اس کے فرنٹ پر بھی 32 میگا پکسل کا سیلفی کیمرا دیا گیا ہے۔

کمپنی کا دعویٰ ہے کہ دونوں فونز کے کیمروں میں سونی کی ٹیکنالوجی استعمال کی گئی ہے اور ان کی ویڈیوز اور تصاویر بنانے کی صلاحیت دگنی ہے، یعنی 50 میگا پکسل کا کیمرا 100 میگا پکسل جیسی تصاویر بنائے گا۔

دونوں فونز میں فنگرپرنٹ سینسر دیے جانے سمیت انہیں اینڈرائیڈ 14 میں پیش کیا گیا ہے۔

’ویوو ایکس 100‘ کے 12 جی بی ریم ماڈیول کی قیمت پاکستانی ایک لاکھ 60 ہزار روپے جب کہ 16 جی بی ریم ماڈیول کی قیمت پاکستانی 2 لاکھ روپے تک رکھی گئی ہے۔

اسی طرح ’ویوو ایکس 100 پرو‘ کے 12 جی بی ماڈیول کی قیمت ایک لاکھ 97 ہزار روپے جب کہ 16 جی بی ریم ماڈیول کی قیمت 2 لاکھ 37 ہزار روپے رکھی گئی ہے۔

کمپنی نے دونوں فونز کو ابتدائی طور پر صرف چین میں متعارف کرایا ہے، تاہم انہیں جلد ہی پاکستان سمیت دیگر ممالک میں بھی فروخت کے لیے پیش کردیا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024