• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:53am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:19am Sunrise 6:46am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:53am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:19am Sunrise 6:46am

کوہلی نے ایک ہی اننگز میں ٹنڈولکر کو دو عالمی ریکارڈز سے محروم کردیا

شائع November 15, 2023 اپ ڈیٹ November 16, 2023
ویرات کوہلی نے ون ڈے کیریئر کی ریکارڈ ساز 50ویں سنچری اسکور کی— فوٹو: اے ایف پی
ویرات کوہلی نے ون ڈے کیریئر کی ریکارڈ ساز 50ویں سنچری اسکور کی— فوٹو: اے ایف پی

ورلڈ کپ 2023 کے پہلے سیمی فائنل میں عالمی شہرت یافتہ بھارتی بلے باز ویرات کوہلی نے ایک ہی میچ میں سچن ٹنڈولکر کے دو عالمی ریکارڈ توڑتے ہوئے 50ویں سنچری کے ساتھ ساتھ عالمی کپ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز کا اعزاز بھی اپنے نام کر لیا۔

ممبئی کے وانکھیڈے اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے سیمی فائنل میچ میں ویرات کوہلی کھیلنے کے لیے میدان میں اترے تو ان کی نظریں ایک مرتبہ پھر سچن ٹنڈولکر کا ون ڈے میں سب سے زیادہ سنچریوں کا ریکارڈ توڑنے پر مرکوز تھیں۔

نامور بلے باز نے بہترین انداز میں کھیل پیش کرتے ہوئے دباؤ سے بھرپور سیمی فائنل میچ میں پہلے اطمینان کے ساتھ نصف سنچری کی جو ان کی ورلڈ کپ مقابلوں کے ناک آؤٹ مرحلے میں پہلی نصف سنچری تھی۔

اس سے قبل کھیلے گئے تین ورلڈ کپ مقابلوں کے ناک آؤٹ میچوں میں کوہلی ایک مرتبہ بھی 50 رنز تک رسائی حاصل نہیں کر سکے تھے۔

نامور بلے باز نے بیٹنگ کے لیے سازگار وکٹ پر موقع غنیمت جانتے ہوئے سنچری کی جانب پیش قدمی شروع کی اور لوکی فرگیوسن کی گیند پر دو رن لے کر ون ڈے کرکٹ میں تاریخ رقم کردی۔

یہ نامور بلے باز کی ون ڈے کرکٹ میں 50ویں سنچری تھی اور اس طرح وہ یہ کارنامہ انجام دینے والے دنیا کے پہلے بلے باز بن گئے۔

اس سے قبل ون ڈے میں سب سے زیادہ سنچریوں کا ریکارڈ بھارت کے ہی عظیم بلے باز سچن ٹنڈولکر کے پاس تھا جنہوں نے 49 ون ڈے سنچریاں بنائی تھیں۔

کوہلی نے صرف سنچری ہی نہیں کی بلکہ اس کے ساتھ ساتھ اس اننگز کے دوران ایک نیا سنگ میل بھی عبور کر لیا۔

کوہلی نے اننگز کے دوران گلین فلپس کی گیند پر ایک رن لے کر کسی ایک ورلڈ کپ ایڈیشن میں سب سے زیادہ رنز کا نیا عالمی ریکارڈ بنا کر ٹنڈولکر کو ایک اور عالمی ریکارڈ سے محروم کردیا۔

سچن ٹنڈولکر نے 2003 ورلڈ کپ کے 10 میچوں میں 673 رنز بنا کر یہ عالمی ریکارڈ اپنے نام کیا تھا لیکن کوہلی نے اب اس ریکارڈ کے آگے اپنا نام لکھوا لیا ہے۔

کوہلی نے اس اننگز کے دوران 9 چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 117 رنز بنائے اور اس طرح وہ اب تک ورلڈ کپ میں 711 رنز بنانے چکے ہیں۔

سچن ٹنڈولکر کا کوہلی کو خراج تحسین

سچن ٹنڈولکر نے 50ویں ون ڈے سنچری بنانے پر کوہلی کو مبارک باد دینے کے ساتھ ساتھ خراج تحسین بھی پیش کیا۔

سچن ٹنڈولکر نے کہا کہ جب میں پہلی مرتبہ آپ سے ملا تھا تو ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں نے آپ سے مذاق کر کے میرے پیر چھونے کا کہا تھا اور میں اس دن اپنی ہنسی روک نہیں پا رہا تھا۔

انہوں نے کہا کہ جلد ہی آپ نے اپنے جذبے اور مہارت سے میرے دل کو چھو لیا اور مجھے انتہائی خوشی ہے کہ ایک نوجوان لڑکا آج ویرات جیسا بڑا کھلاڑی بن چکا ہے۔

سچن ٹنڈولکر نے کہا کہ میں بہت خوش ہوں کہ میرا یہ ریکارڈ ایک انڈین نے توڑا ہے اور پھر یہ سب ورلڈ کپ کے سیمی فائنل جیسے بڑے موقع پر میرے ہوم گراؤنڈ پر کیا تو اس سے مزہ دوبالا ہوگیا۔

کارٹون

کارٹون : 21 نومبر 2024
کارٹون : 20 نومبر 2024