سابق وزیرخارجہ گوہر ایوب خان انتقال کرگئے
سابق وزیرخارجہ اور قومی اسمبلی کے سابق اسپیکر گوہر ایوب خان 86 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سیکریٹری جنرل اور ان کے صاحبزادے عمر ایوب خان نے کہا کہ سابق اسپیکر قومی اسمبلی اور سابق وزیرخارجہ گوہر ایوب خان مختصر علالت کے بعد انتقال کرگئے۔
گوہر ایوب خان پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل عمرایوب خان کے والد تھے اور ان کی نماز جنازہ ہفتہ (18 نومبر) 2023 کو خیبرپختونخوا کے ضلع ہری پور میں ان کے گاؤں ریحانہ میں ادا کی جائے گی۔
عمر ایوب خان نے ٹوئٹر پر کہا کہ گوہر ایوب خان کی نمائز جنازہ ہفتے کو سہ پہر 3 بجے ادا کی جائے گی اور قل 19 نومبر 2023 کو عمر ایوب خان کی رہائش گاہ پر ادا کی جائے گی۔
پی ٹی آئی کی جانب سے ٹوئٹر پر جاری بیان کے مطابق گوہر ایوب خان نے کچھ عرصے سے علیل اور اسلام آباد کے نجی ہسپتال میں زیر علاج تھے۔
خیال رہے کہ 1937 میں پیدا ہونے والے گوہر ایوب خان سابق فوجی حکمران جنرل ایوب خان کے بیٹے تھے اور 1990 میں نواز شریف کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت میں اسپیکر قومی اسمبلی رہے۔
گوہر ایوب خان 4 نومبر 1990 سے 17 اکتوبر 1993 تک قومی اسمبلی کے اسپیکر رہے۔
بعد ازاں 1997 میں مسلم لیگ (ن) کی وفاق میں حکومت قائم ہوئی تو وہ ملک کے 20 ویں وزیرخارجہ مقرر ہوئے اور 7 اگست 1998 کو ان کو وزارت خارجہ سے ہٹا کر وزیر پانی اور بجلی مقرر کیا گیا اور ان کی جگہ سرتاج عزیز وزیرخارجہ مقرر ہوئے۔
سابق جنرل پرویز مشرف نے 1999 میں ملک میں مارشل لانافذ کیا تو اس کے بعد گوہر ایوب خان نے مسلم لیگ (ن) سے راہیں جدا کرلیں اور مشرف سے جاملے تاہم 2002 میں قانونی قدغن کے باعث انتخابات میں حصہ نہ لے سکے۔
اظہار تعزیت
صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے تعزیتی بیان میں کہا کہ میرے دوست عمر ایوب خان کے والد گوہر ایوب خان کی وفات کا سن کر بہت افسوس ہوا، اللہ مرحوم کی مغفرت کرے، جنت الفردوس میں جگہ دے اور اہل خانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے۔
پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم شہباز شریف نے بھی گوہر ایوب خان کی وفات پر افسوس کا اظہار کیا۔
انہوں نے بیان میں کہا کہ ابھی ابھی سابق اسپیکر قومی اسمبلی گوہرایوب خان کی وفات کی افسوس ناک خبر ملی، ان کے ساتھ ایک طویل سیاسی رفاقت رہی، اللہ پاک ان کے بیٹے عمر ایوب اور دیگر اہل خانہ کو صبر جمیل دے اور مرحوم کی مغفرت فرمائے۔
پی ٹی آئی نے تعزیتی بیان میں کہا کہ پی ٹی آئی کی قیادت اور کارکنان کی جانب سے مرکزی سیکریٹری جنرل عمر ایوب خان اور اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا گیا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ ملک کے لیے گوہر ایوب کی خدمات خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں اور اللہ رب العزّت سے گوہر ایوب صاحب کی مغفرت، درجات کی بلندی اور عمر ایوب خان سمیت تمام اہلِ خانہ کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کرتے ہیں۔
پی ٹی آئی نے بتایا کہ گوہر ایوب خان اسلام آباد کےنجی اسپتال میں زیرِ علاج تھے۔