• KHI: Maghrib 6:15pm Isha 7:30pm
  • LHR: Maghrib 5:42pm Isha 7:03pm
  • ISB: Maghrib 5:47pm Isha 7:09pm
  • KHI: Maghrib 6:15pm Isha 7:30pm
  • LHR: Maghrib 5:42pm Isha 7:03pm
  • ISB: Maghrib 5:47pm Isha 7:09pm

لاہور: گنگارام ہسپتال میں بجلی کی بندش کے باعث مریضوں کو آکسیجن کی فراہمی معطل

شائع December 10, 2023
بجلی بندش کے باعث ہسپتال میں نیفرالوجی وارڈ میں ڈائیلائسز  مشینیں بھی بند ہیں—فوٹو:ڈان نیوز
بجلی بندش کے باعث ہسپتال میں نیفرالوجی وارڈ میں ڈائیلائسز مشینیں بھی بند ہیں—فوٹو:ڈان نیوز

مبینہ بدانتظامی کی وجہ سے لاہور کے سر گنگا رام ہسپتال میں بجلی بندش کے باعث مریضوں کو آکسیجن کی فراہمی بند ہوگئی جسے دو گھنٹے کے بعد بحال کردیا گیا۔

ڈان نیوز کے مطابق ملک کے سب سے بڑے صوبے پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے بڑے ہسپتالوں میں شامل سر گنگا رام ہسپتال میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی تھی جب کہ طبی مرکز میں جنریٹرز بھی کام نہیں کر رہے تھے۔

بجلی بند ہونے سے مریضوں کو دی جانے والی آکسیجن کی فراہمی بھی معطل ہوگئی تھی، بجلی نہ ہونے کی وجہ سے گردوں کے امراض سے متعلق وارڈ میں علاج معالجے کی سہولیات کی فراہمی بھی مکمل طور پر بند ہوچکی تھی۔

بجلی کی بندش کے باعث ہسپتال میں نیفرالوجی وارڈ میں ڈائیلائسز مشینیں بھی بند تھیں، اس کے علاوہ مرکز صحت کی لفٹ سروس بھی معطل رہی۔

دو گھنٹے کی بندش کے بعد ہسپتال کی بجلی بحال کردی گئی، میڈیکل سپرنٹنڈینٹ (ایم ایس) گنگارام ہسپتال کے مطابق لیسکو کی شیڈول لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے مسئلہ آیا تھا، اب ہسپتال کی تمام مشینیں فعال ہیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل اگست میں بھی مبینہ بدانتظامی کی وجہ سے لاہور کے سر گنگا رام ہسپتال کے آپریشن تھیٹرز میں بجلی کی فراہمی دن بھر معطل رہنے سے ڈاکٹروں اور مریضوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

طویل لوڈشیڈنگ کے دوران ڈاکٹرمریض کا آپریشن کر رہے تھے کہ انہیں اسے مکمل کرنے کے لیے ٹارچ اور دیگر آلات کا استعمال کرنا پڑا تھا۔

سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو کلپ میں ڈاکٹرز کو مدھم روشنی میں آپریشن کرتے دکھایا گیا تھا۔

واقعے پر محکمہ صحت کے اعلیٰ حکام نے اظہار برہمی کیا تھا اور نوٹس لیتے ہوئے فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر سے رپورٹ طلب کرلی تھی۔

انہوں نے واقعے کی ذمہ داری کا تعین کرنے اور تفصیلی تحقیقات کے لیے سینئر افسران کی ٹیم کو ہسپتال روانہ کیا اور ٹیم کو جلد از جلد اپنی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی تھی۔

لاہور میں بدانتظامی بالخصوص بڑے سرکاری ہسپتالوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہونے کے واقعات رپورٹ ہوتے رہے ہیں۔

اس سے قبل جولائی کے آخری ہفتے میں سروسز ہسپتال میں بھی ایسا ہی ایک واقعہ پیش آیا تھا جب ڈاکٹرز بغیر بجلی کے آپریشن کرنے پر مجبور ہوئے۔

نگران وزیراعلیٰ پنجاب سید محسن نقوی نے آپریشن تھیٹر میں بجلی کی معطلی سے متعلق انکوائری رپورٹ کی روشنی میں سروسز انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کے پرنسپل اور سروسز ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کو معطل کر دیا تھا۔

تاہم سر گنگا رام ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ’معطلی کی سزا‘ سے بچ گئے جب کہ سروسز ہسپتال کے سربراہوں کو یہ سزا دی گئی تھی۔

ایک عہدیدار نے کہا کہ اداروں کے سربراہوں کے خلاف ’سلیکٹو ایکشن‘ نے طبی برادری میں بہت سے سوالات اٹھادیے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے جناح ہسپتال کے اچانک دورے کے دوران صفائی نہ ہونے کی ’معمولی‘ شکایات پر ایم ایس کو ہٹانے کا حکم دیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت نے اے ایم ایس ڈاکٹر یحییٰ سلطان کو اضافی چارج دے دیا۔

جمعرات کے روز وزیراعلیٰ نے لاہور جنرل ہسپتال کے ایم ایس کو بھی ناقص کارکردگی پر ہٹا دیا۔

کارٹون

کارٹون : 4 اکتوبر 2024
کارٹون : 3 اکتوبر 2024