سلو اوور ریٹ پر قومی ٹیم پر جرمانہ، ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کے دو پوائنٹس سے بھی محروم
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں سلو اوور ریٹ پر پاکستان ٹیم پر میچ فیس کا 10 فیصد جرمانہ عائد کرنے کے ساتھ ساتھ ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ سے دو قیمتی پوائنٹس بھی کاٹ لیے ہیں۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ پرتھ میں کھیلا گیا جہاں میزبان ٹیم نے یکطرفہ مقابلے کے بعد 360 رنز سے کامیابی حاصل کی۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے میچ میں سلو اوور ریٹ پر قومی ٹیم پر میچ فیس کا 10 فیصد جرمانہ عائد کردیا، تاہم قومی ٹیم کو اصل دھچکا ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کے پوائنٹس کی کٹوتی سے لگا ہے۔
پہلے ٹیسٹ میں شکست اور پھر دو پوائنٹس کی کٹوتی کے بعد قومی ٹیم ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ میں دوسرے نمبر پر آگئی ہے جبکہ ٹیم کے فیصد پوائنٹس بھی 66.67 فیصد سے کم ہو کر 61.11 ہو گئی ہے۔
آئی سی سی کے ضابطہ اخلاق کے آرٹیکل 2.22 کے مطابق سلو اوور ریٹ پر کھلاڑیوں پر فی اوور کے حساب سے میچ فیس کا پانچ فیصد جرمانہ عائد کیا جاتا ہے۔
اس کے علاوہ آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کی پلیئنگ کنڈیشنز کے آرٹیکل 16.11.2 کے مطابق ٹیم پر جتنے اوور کے حساب سے جرمانہ کیا جائے گا، اس پر فی اوور کے حساب سے ایک پوائنٹ کاٹا جائے گا اور کیونکہ پاکستانی ٹیم دو اوورز پیچھے تھی اس لیے پاکستان کے کل پوائنٹس سے دو ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ پوائنٹس کاٹے گئے۔
ٹیم پر یہ چارجز فیلڈ امپائر جوئل ولسن اور رچرڈ النگ ورتھ کے ساتھ ساتھ تھرڈ مائیکل گف اور ڈونوون کوچ نے لگائے جنہیں قومی ٹیم کے کپتان شان مسعود نے تسلیم کر لیا جس کے بعد میچ ریفری جواگل سری ناتھ نے ٹیم پر یہ پابندی عائد کی۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ 26 دسمبر سے میلبرن میں کھیلا جائے گا۔