• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

انتخابی عمل کا باقاعدہ آغاز، کاغذات نامزدگی کا اجرا شروع

شائع December 19, 2023
ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی تاریخ بیس تا بائیس دسمبر ہے—فائل فوٹو: اے پی پی
ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی تاریخ بیس تا بائیس دسمبر ہے—فائل فوٹو: اے پی پی

8 فروری 2024 کے عام انتخابات کے شیڈول کے مطابق ان کے انعقاد کے حوالے سے شکوک و شبہات کے خاتمے کے ساتھ انتخابی عمل کا آج سے باقاعدہ آغاز ہوگیا اور کاغذات نامزدگی اجرا کے حوالے سے ریٹرننگ افسران نے پبلک نوٹس جاری کردیے۔

قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے لیے کاغذات نامزدگی جاری کیے جارہے ہیں، قومی اور صوبائی اسمبلیوں میں خواتین اور اقلیتوں کی مخصوص نشستوں کےامیدواران کے کاغذات نامزدگی کا اجرا بھی آج سے شروع ہوگیا۔

ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی تاریخ 20 تا 22 دسمبر ہے، کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 24 سے 30 دسمبر ہو گی، اعتراضات 3 جنوری تک دائر کیے جا سکیں گے،کاغذات نامزدگی کےخلاف اپیلیں 10 جنوری تک سنی جائیں گی۔

ترجمان کے مطابق امیدواروں کی نظر ثانی شدہ فہرست 11 جنوری 2024 کو جاری کی جائے گی، 13 جنوری کو امیدواروں کو انتخابی نشان الاٹ کیے جائیں گے۔

ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق مخصوص نشستوں کےامیدواران کاغذات نامزدگی متعلقہ ریٹرننگ آفیسروں اور ڈسٹرکٹ الیکشن کمیشن سے سو روپے فیس ادا کر حاصل کرسکتے ہیں۔

بیان کے مطابق کاغذات نامزدگی 20 سے 22 دسمبر تک اپنے متعلقہ ریٹرننگ آفیسر کے پاس مقررہ وقت پر جمع کروانا لازم ہے، سیاسی جماعتیں 22 دسمبر تک مخصوص نشستوں کی امیدواروں کی ترجیح لسٹ متعلقہ ریٹرننگ آفیسروں کو فراہم کردیں۔

واضح رہے کہ آج ہی پنجاب کے 42 ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران کی تقریب حلف برداری ہوئی، الیکشن کمشنر پنجاب نے افسران سے حلف لیا۔

ڈی آر اوز کو انتخابی دستاویزات، بیلٹ پیپرز کا ریکارڈ اور نتائج اسکین کرکے سسٹم میں ڈالنے کی ذمہ داری دی گئی ہے، جبکہ ریٹرننگ افسر پولنگ کا وقت ختم ہونے کے بعد رات 2 بجے تک نتائج دینے کا پابند ہوگا۔

خیال رہے کہ عام انتخابات 2024ء کے انعقاد سے متعلق پھیلی بے یقینی کا اس وقت خاتمہ ہوگیا جب سپریم کورٹ آف پاکستان نے 15 دسمبر کی رات کو الیکشن کمیشن کی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے ایگزیکٹیو یعنی سرکاری افسران کے ذریعے الیکشن منعقد کرنے کے الیکشن کمیشن کے نوٹیفکیشن کو بحال کرتے ہوئے ان کی تربیت شروع کرنے کے احکامات جاری کیے۔

الیکشن کمیشن نے ملک بھر میں سول بیوروکریسی سے 144 ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران اور 859 ریٹرننگ افسران تعینات کیے ہیں جو کمیشن کی زیر نگرانی صاف و شفاف الیکشن کروانے کے ذمہ دار ہوں گے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے دی جانے والی تربیت کے لیے 184 صفحات پر مشتمل خصوصی کتابچہ تیار کیا گیا، کمیشن کے ایلیٹ ٹرینرز نے تمام ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران اور ریٹرننگ افسران کی تربیت کی، تربیت کے مراحل کو پانچ مختلف حصوں میں تقسیم کیا گیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024