شفاف الیکشن نہ ہوئے تو بڑا بحران آئے گا، صدر پی ٹی آئی
سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے صدر پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ شفاف الیکشن نہ ہوئے تو بڑا بحران آئے گا۔
جوڈیشل کمپلیکس میں پیشی پر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے الیکشن لڑنے کا اعلان کردیا، اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ وہ قومی اور صوبائی اسمبلی کے 3،3 حلقوں سے الیکشن لڑیں گے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز (19 دسمبر) کو پرویز الہٰی کے وکیل نے بتایا تھا کہ پرویز الٰہی نے چھ حلقوں سے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیے ہیں، انہوں نے کہا کہ پرویز الہیٰ نے قومی اسمبلی کے حلقوں 59، 64، 69 سے کاغذات نامزدگی پر دستخط کیے جبکہ مسلم لیگ(ق) کے سابق رہنما صوبائی اسمبلی کے حلقوں 32، 33، 34 سے بھی الیکشن لڑیں گے۔