• KHI: Fajr 5:36am Sunrise 6:56am
  • LHR: Fajr 5:15am Sunrise 6:40am
  • ISB: Fajr 5:22am Sunrise 6:50am
  • KHI: Fajr 5:36am Sunrise 6:56am
  • LHR: Fajr 5:15am Sunrise 6:40am
  • ISB: Fajr 5:22am Sunrise 6:50am

فواد حسن فواد کوعہدے سے ہٹانے کی درخواست غیر معینہ مدت تک ملتوی

شائع December 21, 2023
عزیز الدین کاکا خیل نے نگران کابینہ میں شامل فواد حسن فواد اور احد چیمہ کو ہٹانے کی درخواست دے رکھی ہے— فائل فوٹو: ڈان نیوز
عزیز الدین کاکا خیل نے نگران کابینہ میں شامل فواد حسن فواد اور احد چیمہ کو ہٹانے کی درخواست دے رکھی ہے— فائل فوٹو: ڈان نیوز

الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے نگران وفاقی وزیر فواد حسن فواد کو عہدے سے ہٹانے سے متعلق درخواست کو غیر معینہ مدت تک ملتوی کردیا۔

ڈان نیوز کے مطابق درخواست گزار عزیز الدین کاکاخیل آج کمیشن میں پیش نہ ہوئے۔

بعد ازاں ای سی پی نے درخواست کو غیر معینہ مدت تک ملتوی کردیا

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے (16 دسمبر) کو الیکشن کمیشن آف پاکستان نے آزادانہ، منصفانہ اور شفاف عام انتخابات کا انعقاد یقینی بنانے کے لیے وفاقی کابینہ کے ’جانبدار‘ اراکین کو ہٹانے کے لیے دائر درخواست پر نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ سمیت کابینہ کے دیگر اہم اراکین کو 19 دسمبر کے لیے نوٹس جاری کیا تھا۔

ایڈووکیٹ سید عزیز الدین کاکاخیل کی جانب سے دائر درخواست میں نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ اور ان کی کابینہ کے بعض دیگر ارکان کو ہٹانے کی استدعا کی گئی تھی۔

درخواست میں الیکشن کمیشن سے (نگران وفاقی کابینہ میں شامل) احد چیمہ، فواد حسن فواد اور وزیر اعظم کے سابق پرنسپل سیکریٹری سید توقیر حسین کو بھی ان کے عہدوں سے ہٹانے کی درخواست کی گئی تھی۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ ان افراد کے نگران حکومت میں ہونے کی وجہ سے شفاف انتخابات کا انعقاد ممکن نہیں ہوگا، اگر حکومت شفاف الیکشن چاہتی ہے تو ان لوگوں کو ان کے عہدوں سے ہٹایا جائے۔

درخواست گزار نے کہا تھا کہ آزادانہ، منصفانہ اور شفاف عام انتخابات کا انعقاد یقینی بنانے کے لیے وفاقی کابینہ کے ’جانبدار ارکان‘ کو ان کے عہدوں سے ہٹایا جائے۔

الیکشن کمیشن نے مذکورہ درخواست کو سماعت کے لیے مقرر کرتے ہوئے نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ، فواد حسن فواد احد چیمہ اور عزیز الدین کاکا خیل کو نوٹس جاری کیے تھے۔

بعد ازاں 19 دسمبر کو الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سماعت کرتے ہوئے وزیراعظم کے مشیر احد چیمہ کو فوری طور پر عہدے سے ہٹانے کا حکم دے دیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 25 نومبر 2024
کارٹون : 24 نومبر 2024