تحریک انصاف رجسٹرڈ پارٹی ہے، الیکشن سے روکنا غیرقانونی ہو گا، انوار الحق کاکڑ
نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ تحریک انصاف ایک رجسٹرڈ پارٹی ہے اور اس کو الیکشن سے روکنا غیرقانونی ہو گا، اگر کہیں کسی کو انتخابی عمل سے روکا گیا ہے تو اس کی تحقیقات کریں گے۔
نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے انوار الحق کاکڑ نے لیول پلیئنگ فیلڈ کے حوالے سے سوال پر کہا کہ الیکشن کے دوران سیاسی جماعتیں اپنے ووٹرز کی توجہ حاصل کرنے کے لیے بیانیہ بناتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف ایک رجسٹرڈ پارٹی ہے اور اس کو الیکشن سے روکنا غیرقانونی ہو گا۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر کہیں پر انتظامی شکایات آرہی ہیں تو الیکشن کمیشن اس کو دیکھے، الیکشن کے لیے جہاں پر ہماری ذمہ داریاں ہوں گی ہم اسے پورا کریں گے اور ان کو قانون کے مطابق دیکھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ جب الیکشن کے دن آئیں گے تو پی ٹی آئی کے امیدوار بھی میدان میں دکھیں گے اور ووٹرز انہیں سپورٹ بھی کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کو جلسے کی اجازت نہ دینے کی کوئی پالیسی نہیں ہے اور پنجاب حکومت سے پوچھیں گے کہ انہوں نے کیوں پی ٹی آئی کو جلسہ کرنے کی اجازت نہیں دی۔
ایک سوال کے جواب میں انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ کسی سیاسی رہنما کی تصویر نہ چلانے کے حوالے سے نگران حکومت کی کوئی پالیسی نہیں، کسی کو کوئی شکایت ہے تو وہ متعلقہ فورم سے رجوع کرسکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آئین کے تحت تمام جماعتیں انتخابات میں حصہ لے سکتی ہیں اور اگر کہیں کسی کو انتخابی عمل سے روکا گیا ہے تو اس کی تحقیقات کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کو اس وقت دہشت گردی کی ایک لہر کا سامنا ہے اور انٹیلی جنس رپورٹس موجود ہیں کہ کسی سیاسی شخصیت کو نشانہ بنایا جاسکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ میں ایک ووٹر کے طور پر اپنا حق استعمال کروں گا اور اس پارٹی کو ووٹ دوں گا جس کے پاس معاشی بحالی ہوگی۔
نگران وزیر اعظم نے کہا کہ 9 مئی کے ملزمان قانون کا سامنا کررہے ہیں اور میں سمجھتا ہوں کہ 9مئی میں ملوث افراد کو پبلک آفس ہولڈر نہیں ہونا چاہیے۔