پی ٹی آئی نے الیکشن کمیشن میں آئی جی، چیف سیکریٹری پنجاب کو تبدیل کرنے کی درخواست دائر کردی
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے الیکشن کمیشن میں انسپکٹر جنرل ( آئی جی) اور چیف سیکریٹری پنجاب کو تبدیل کرنے کی درخواست دائر کردی ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق درخواست پی ٹی آئی کے وکیل شعیب شاہین کی طرف سے جمع کرائی گئی، درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ یہ دونوں افسران تحریک انصاف کے رہنماؤں اور کارکنان کو ہراساں کرنے میں ملوث ہیں۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ پی ٹی آئی کے امیدواروں کے تجویز اور تائید کنندگان کی گرفتاریاں روکی جائیں اور ساتھ ہی ان کے امیدواروں کو چانچ پڑتال کے عمل میں شامل کیا جائے۔
بعد ازاں الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کے وکیل شعیب شاہین کی شکایت پر ایکشن لیتے ہوئے چیف سیکریٹری پنجاب اور آئی جی پنجاب کو مراسلہ جاری کردیا، انہوں نے ہدایت دی کہ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کے عمل کے دوران امیدواروں اور ان کے تائید کنندگان کی حفاظت کو یقینی بنائی جائے، کسی بھی سیاسی رہنما یا جماعت کو بنیادی حق سے محروم نہ کیا جائے۔