• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:00pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:00pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm

کیپ ٹاؤن ٹیسٹ دوسرے دن ہی ختم، بھارت 7 وکٹوں سے کامیاب

شائع January 4, 2024
— فوٹو: رائٹرز
— فوٹو: رائٹرز

بھارت نے باؤلرز کی عمدہ کارکردگی کی بدولت جنوبی افریقہ کو دوسرے ٹیسٹ میچ میں 7 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 1-1 سے برابر کردی۔

دوسری اننگز میں پروٹیز نے اننگز کا بہتر آغاز کیا، ان کی پہلی وکٹ 37 رنز پر گری، تاہم اس کے بعد جلد ہی دوسری وکٹ 41 جبکہ تیسری وکٹ 45 رنز پر گر گئی، جس کے بعد جنوبی افریقین بیٹرز پر ایک بار پھر دباؤ کا شکار نظر آئے۔

تاہم دوسرے اینڈ پر موجود مارکرم اچھی فارم میں نظر آئے اور 106 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے، لیکن دیگر بیٹرز بھارتی بولرز کے سامنے مکمل طورپر بے بس نظر آئے۔

بھارت کی جانب سے فاسٹ باؤلر جسپرت بمراہ شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 6 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ مکیش کمار 2، محمد سراج اور پراشد کرشنا نے ایک، ایک شکار کیا۔

79 رنز کے ہدف کے تعاقب میں یشاوی جیسوال اور کپتان روہت شرما نے ٹیم کو 44 رنز کا آغاز فراہم کر کے فتح کی بنیاد رکھی۔

اس کے بعد یشی جیسوال کے ساتھ ساتھ شبمن گل اور ویرات کوہلی بھی پویلین لوٹ گئے لیکن اس کے باوجود بھارت نے باآسانی 7 وکٹوں سے فتح اپنے نام کر لی۔

اس فتح کے ساتھ ہی سیریز کا 1-1 کی برابری کے ساتھ اختتام ہوا۔

اس سے قبل ٹیسٹ میچ کے پہلے روز کیپ ٹاؤن میں باؤلرز کے لیے سازگار وکٹ پر جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا، اور پوری ٹیم صرف 55 رنز پر ڈھیر ہو گئی تھی۔

یہ 1932 کے بعد جنوبی افریقہ کا کسی بھی ٹیم کے خلاف ایک ٹیسٹ اننگز میں سب سے کم اسکور ہے جبکہ بھارت کے خلاف بھی یہ کسی ٹیم کا سب سے کم اسکور ہے۔

جواب میں بھارتی بھارتی بلے بازوں نے قدرے بہتر بیٹنگ کا مظاہرہ کیا تھا اور ایک موقع پر بھارت نے 33 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 153 رنز بنا لیے تھے جس کو دیکھتے ہوئے ایسا محسوس ہوتا تھا کہ شاید بھارتی ٹیم ایک بڑی برتری لینے میں کامیاب ہو جائے گی لیکن لنگی نگیدی اور کگیسو ربادا نے بھارت کے ارمان خاک میں ملا دیے تھے۔

دونوں کھلاڑیوں کی تباہ کن باؤلنگ کی جس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ اگلی 11 گیندوں میں پوری بھارتی ٹیم پویلین لوٹ گئی۔

153 پر چار وکٹیں گنوانے والی ٹیم کے بقیہ بلے باز مزید کوئی رن نہ بنا سکے اور پوری ٹیم کی بساط ہی 153 پر لپٹ گئی۔

یہ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں پہلا موقع ہے کہ کسی ٹیم کے آخری چھ بلے باز اسکور میں بغیر کسی اضافے کے پویلین لوٹے ہوں۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024