قندیل بلوچ کی زندگی سے متاثر ہوکر بنائی گئی فلم ’وکھری‘ ریلیز

شائع January 5, 2024
—پرومو فوٹو
—پرومو فوٹو

ماڈل و ادکارہ قندیل بلوچ کی زندگی سے متاثر ہوکر بنائی گئی فلم ’وکھری‘ کو پاکستان بھر میں ریلیز کردیا گیا۔

فلم میں فریال محمود نے ’وکھری‘ نامی ماڈل کا کردار ادا کیا ہے جو سماجی روایات سے باغی دکھائی دیتی ہیں۔

اگرچہ فلم کی کہانی مرحومہ قندیل بلوچ کی زندگی کے گرد نہیں گھومتی، تاہم اس کی کہانی ماڈل کی زندگی سمیت اسی طرح کی مشکلات کا سامنا کرنے والی دیگر خواتین کی زندگی سے متاثر ہوکر بنائی گئی ہے۔

فلم کی ٹیم کے مطابق ’وکھری‘ کی کہانی متعدد سچے واقعات سے متاثر ہوکر بنائی گئی ہے اور خود فلم کی اداکارہ فریال محمود کی زندگی بھی فلم کی کہانی سے ملتی جلتی دکھائی دیتی ہے۔

وکھری میں فریال محمود کے کردار کو بولڈ انداز میں دکھایا گیا ہے، وہ فلم میں جہاں سماج سے بغاوت کرتی دکھائی دیں گی، وہیں وہ منفرد انداز میں رقص بھی کھرتی دکھائی دیں گی۔

فلم میں فریال محمود کو ایک ایسی استانی کے طور پر دکھایا گیا ہے جو کہ سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ کرنے کے بعد وائرل ہوجاتی ہیں۔

سوشل میڈیا پوسٹ وائرل ہونے کے بعد استانی کو سوشل میڈیا اسٹار بنتے دکھایا گیا ہے اور پھر فیشن کی دنیا میں جانے کے بعد ان کے ساتھ پیش آنے والے واقعات کو دکھایا گیا ہے۔

فلم کی ہدایات ارم پروین بلال نے دی ہیں، جنہوں نے فلم کی کہانی بھی لکھی ہے، فلم کو عابد عزیز مرچنٹ سمیت دیگر نے پروڈیوس کیا ہے اور اسے پاکستان بھر میں 5 جنوری کو ریلیز کیا گیا۔

فلم کو پاکستان میں ریلیز کرنے سے قبل اسے گزشتہ ماہ دسمبر میں سعودی عرب میں ہونے والے ریڈ سی فلم فیسٹیول میں بھی پیش کیا گیا تھا۔

فلم کا پریمیئر 4 جنوری کو کراچی میں ہوا تھا، جس میں فریال محمود نے بولڈ لباس میں شرکت کی تھی، جس پر انہیں تنقید کا نشانہ بھی بنایا گیا۔

کارٹون

کارٹون : 4 اکتوبر 2024
کارٹون : 3 اکتوبر 2024