• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

بنگلہ دیش میں الیکشن سے قبل پرتشدد واقعات، ٹرین اور پولنگ بوتھ نذر آتش

شائع January 6, 2024
بنگلہ دیشی فائر فائٹرز ٹرین میں لگنے والی آگ کو بجھانے کی کوشش کر رہے ہیں— فوٹو: رائٹرز
بنگلہ دیشی فائر فائٹرز ٹرین میں لگنے والی آگ کو بجھانے کی کوشش کر رہے ہیں— فوٹو: رائٹرز

بنگلہ دیش میں اتوار کو ہونے والے عام انتخابات سے قبل پرتشدد واقعات رونما ہوئے جہاں مشتعل مظاہرین نے پولنگ بوتھ نذر آتش کردیے جبکہ ڈھاکا میں ایک ٹرین کو بھی آگ لگا دی گئی جس کے نتیجے میں دو بچوں سمیت 4 افراد جاں بحق ہو گئے۔

خبر رساں ایجنسی اے ایف پی اور رائٹرز کے مطابق وسطی ڈھاکا میں جمعہ کی رات کو انٹرسٹی بیناپول ایکسپریس کو مشتعل افراد نے آگ لگا دی جس کے نتیجے میں چار افراد جھلس کر ہلاک ہو گئے۔

آگ جمعہ کی رات 9 بجے لگی اور دیکھتے ہی دیکھتے ٹرین کے چار ڈبوں تک پھیل گئی جس کے نتیجے میں 8 افراد زخمی بھی ہوئے۔

وزیر خارجہ اے کے عبدالمومن نے رائٹرز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات سے صرف ایک دن اس سانحے کا رونما ہونا ملک کے جمہوری عمل کو روکنے کے ارادے کو ظاہر کرتا ہے۔

انہوں نے ایک بیان میں مزید کہا کہ یہ قابل مذمت واقعہ بلاشبہ بدنیتی پر مبنی عزائم رکھنے والوں کی طرف کیا گیا اور ہماری جمہوری اقدار پر حملہ آور ہونے کے مترادف ہے جس کے مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لائیں گے۔

پولیس نے اس حملے کا الزام اپوزیشن جماعت بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی پر عائد کرتے ہوئے اسے انتخابات کو سبوتاژ کرنے کی سازش قرار دیا اور واقعے میں مبینہ طور پر ملوث 7 افراد کو گرفتار کرنے دعویٰ کیا۔

پولیس نے کہا کہ بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی کے رہنما نبی اللہ نبی سمیت واقعے میں ملوث 7 افراد کو ہفتے کو گرفتار کیا گیا ہے۔

ڈھاکا پولیس کے ترجمان فرخ حسین نے اے ایف پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نبی اللہ اس حملے کے ماسٹر مائنڈ ہیں اور انہوں نے ہی اس کی فنڈنگ کی۔

مرکزی حزب اختلاف بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی نے انتخابات کے بائیکاٹ کا اعلان کیا ہے اور ہفتہ سے ملک بھر میں دو روزہ ہڑتال کی کال دیتے ہوئے عوام سے بھی انتخابات کے بائیکاٹ کی اپیل کی ہے۔

دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ دارالحکومت ڈھاکا کے نواح میں نامعلوم شرپسندوں نے کم از کم پانچ پرائمری اسکولوں سمیت 4 پولنگ بوتھ کو آگ لگا دی۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم دارالحکومت کے نواحی علاقے غازی پور میں اسکولوں میں آگ لگنے کے واقعات کی تفتیش کررہے ہیں جو ممکنہ طور پر رات گئے لگائی گئی اور اس کا مقصد انتخابی عمل پر اثرانداز ہونا ہے۔

غازی پور پولیس کے سربراہ قاضی شفیق العالم نے کہا کہ ہم نے پیٹرولنگ بڑھادی ہے اور مسلسل ہائی الرٹ پر ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ شرپسندوں نے شمالی مشرقی اضلاع مولوی بازار اور ہابی گنج میں بھی پولنگ بوتھ میں آگ لگا دی جہاں اس سے دو روز قبل بھی ایسے ہی واقعات رونما ہوئے تھے۔

اس سے قبل پولیس نے جمعرات کو کھلنا میں اسکول کو آگ لگانے کے الزام میں دو افراد کو گرفتار کیا تھا۔

بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی کے بائیکاٹ کے بعد موجودہ وزیر اعظم شیخ حسینہ کی انتخابات میں دوبارہ کامیابی کو یقینی قرار دیا جا رہا ہے جس کے بعد 75سالہ رہنما لگاتار پانچویں مرتبہ ملک کی وزیر اعظم بن جائیں گی لیکن عالمی ماہرین اور الیکشن آبزرورز نے ان یکطرفہ الیکشنز کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے جمہوریت کے لیے نقصان دہ قرار دیا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024