• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

بنگلہ دیش عام انتخابات: کرکٹ ٹیم کے کپتان شکیب الحسن بھاری اکثریت سے کامیاب

شائع January 8, 2024
فائل فوٹو: الجزیرہ
فائل فوٹو: الجزیرہ

بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم کے کپتان شکیب الحسن اپوزیشن کے بائیکاٹ کے سبب عام انتخابات میں بھاری اکثریت سے جیت کر رکن پارلیمنٹ منتخب ہوگئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق 36 سالہ آل راؤنڈر نے اپنے حریف کو مغربی قصبے ماگورا میں اپنے حلقے میں ایک لاکھ 50 ہزار سے زیادہ ووٹوں کے فرق سے شکست دی۔

ضلع کے چیف ایڈمنسٹریٹر ابو ناصر بیگ نے شکیب الحسن کی کامیابی کو ’ زبردست فتح’ قرار دیا تاہم کرکٹر نے اپنی کامیابی پر ابھی تک کوئی بیان جاری نہیں کیا۔

شکیب الحسن وزیر اعظم شیخ حسینہ کی حکمران جماعت عوامی لیگ پارٹی کے امیدوار ہیں، شیخ حسینہ خود ان انتخابات میں بھاری اکثریت سے جیت کر پانچویں مرتبہ ملک کی وزیر اعظم بن گئیں ہیں۔

شکیب الحسن نے الیکشن سے پہلے بات کرتے ہوئے تسلیم کیا کہ انہیں کسی سنگین رکاوٹ کا سامنا نہیں ہے لیکن پھر بھی فکر مند ہیں کہ وہ کرکٹ اور سیاست میں توازن برقرار رکھ سکیں۔

انہوں نے کہا کہ ’چاہے چھوٹی ٹیم ہو یا بڑی ٹیم، مقابلہ اور چیلنجز ہمیشہ موجود رہتے ہیں۔‘

الیکشن لڑنے کی وجہ سے انہوں نے کرکٹ سے عارضی طور پر دوری اختیار کرلی ہے۔

فائل فوٹو: اے ایف پی
فائل فوٹو: اے ایف پی

انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ ایک قانون ساز اور کرکٹ کپتان کے طور پر اپنے فرائض میں توازن نہیں رکھ سکیں گے۔

انتخابی مہم کے دوران انہوں نے سوال کیا کہ کیا میں ریٹائر ہو چکا ہوں، اگر میں ریٹائر نہیں ہوا تو پھر یہ سوال کیوں اٹھایا جا رہا ہے؟

یاد رہے کہ بنگلہ دیشی کرکٹر نے تاحال کرکٹ سے ریٹائرمنٹ نہیں لی ہے، وہ بیک وقت تینوں کرکٹ فارمیٹس میں آئی سی سی نمبر ون آل راؤنڈر رینکنگ رکھنے والے واحد کرکٹر ہیں۔

نوعمری کے دوران وہ ملک کی پریمیئر اسپورٹس اکیڈمی میں بھرتی ہوئے اور 2006 میں 19 سال کی عمر میں ایک بیٹنگ آل راؤنڈر کے طور پر کھیلتے ہوئے بین الاقوامی کرکٹ میں قدم رکھا۔

شکیب الحسن کے علاوہ بنگلا دیش کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مشرفی مرتضیٰ نے بھی عام انتخابات میں مسلسل دوسری مرتبہ بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرلی۔

حکمران جماعت عوامی لیگ کی جانب سے سابق کپتان مشرفی مرتضیٰ نے حلقے ناریل 2 سے عام انتخابات میں حصّہ لیا تھا اور وہ بڑی اکثریت سے کامیاب ہوئے۔

مشرفی مرتضیٰ نے ایک لاکھ ,89 ہزار 102 ووٹ حاصل کیے جبکہ بنگلا دیش ورکرز پارٹی کی جانب سے انتخابات میں حصّہ لینے والے ان کےحریف حفیظ الرحمٰن صرف 4 ہزار 41 ووٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوسکے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024