پہلوانوں کے شہر گوجرانوالہ میں قومی اسمبلی کی 5 نشستوں پر دنگل ہوگا
پہلوانوں کے شہر گجرانوالہ کو مسلم لیگ ن کا گڑھ تصور کیا جاتا ہے۔اس کے باوجود اس شہر میں مسائل سنگین ہیں۔
پہلوانوں کے شہر گجرانوالہ کو عام انتخابات کے لیے 5 قومی اور 12 صوبائی اسمبلی کی نشستوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ سرکاری اعداد شمار کے مطابق گجرانوالہ کی آبادی 49 لاکھ 66 ہزار 329 ہے جس میں 33 لاکھ 36 ہزار 531 رائے دہندگان ہیں۔ گجرانوالہ کو مسلم لیگ (ن) کا قلعہ تصور کیا جاتا ہے۔ 2018ء کے جنرل الیکشن میں قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی تمام نشستوں پر مسلم لیگ (ن) نے کامیابی حاصل کی تھی۔
حالیہ بلدیاتی انتخابات میں بھی میٹرو پولیٹن کارپوریشن گوجرانوالہ کی تمام 93 اور ضلع کونسل کی تمام 95 یونین کونسل پر بھی متوالے کامیاب ہوئے۔ لیکن اس بار مہنگائی اور بے روزگاری سمیت بنیادی مسائل کے شکار شہری مسلم لیگ (ن) سمیت سیاسی جماعتوں کی کارکردگی سے مایوس دکھائی دیتے ہیں۔
آئندہ انتخابات میں گوجرانوالہ کے سیاسی اکھاڑے میں مسلم لیگ (ن)، پی ٹی آئی، استحکام پاکستان پارٹی، پیپلزپارٹی اور تحریک لبیک سمیت دیگر جماعتوں کے ساتھ اتریں گے۔