• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

پاکستانی گلوکاروں کیساتھ برطانوی گلوکار زین ملک کی اردو میں گانا گانے کی ویڈیو وائرل

شائع January 12, 2024
فوٹو: انسٹاگرام
فوٹو: انسٹاگرام

پاکستان کے ابھرتے ہوئے میوزک بینڈ ’اور‘ کے نوجوان گلوکاروں کے ساتھ برطانوی گلوکار زین ملک کی اردو میں گانا گانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، زین ملک کو اردو میں گانا گنگناتے سُن کر مداح خوشی سے جھوم اُٹھے۔

ہپ ہاپ بینڈ ’اور‘ کی جانب سے یوٹیوب پر 2021 میں ریلیز کیے گئے گانے کے اپڈیٹڈ ورژن ’تو ہے کہاں‘ گانے کی ویڈیو ریلیز کی گئی جس میں زین ملک نے گانے کےکچھ بول اردو میں گنگنائے۔

یہاں یہ بات یاد رہے کہ زین ملک پاکستانی نژاد معروف برطانوی گلوکار ہیں، ان کے والدین کا تعلق پاکستان سے ہے۔

اب حال ہی میں طویل عرصے بعد زین ملک نے پاکستانی گلوکاروں کے ساتھ گانے کی ویڈیو میں اردو بول گنگنائے ہیں، زین ملک کے اردو بولنے اور سمجھنے والے پرستاروں کے لیے یقیناً بہت بڑا اور خوشگوار سرپرائز ہے۔

زین ملک کی جانب سے گنگنائے جانے والے بول یہ ہیں: ’آنکھوں میں آنسو نہیں ہیں، کہاں تو، کہاں تو نہیں ہے، دل کو اب یہ جاننا ہی نہیں، بس تو چلے آؤ‘۔

ایک صارف نے زین ملک کے اردو میں گنگنائے بول کی ویڈیو شئیر کرتے ہوئے پرجوش انداز میں کہا کہ ’میں جانتی تھی کہ زین روانی سے اردو بولتے ہیں، لیکن مجھے یقین نہیں آرہا کہ زین ملک اس گانے کے بول گنگنائے گے۔

دیگر صارفین نے زین ملک کے اردو بول بولنے پر حیرانی کا اظہار کرتے ہوئے گلوکار کو سراہا۔

زین ملک 2016 میں یہ انکشاف کرچکے تھے کہ وہ اردو بولتے اور سمجھتے بھی ہیں، ماضی میں اسی عرصے کے دوران انہوں نے اپنے انگریزی البم میں اردو بول بھی شامل کیے تھے۔

زین ملک کے اردو گانے کی ویڈیو جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی ہے اور زین کے سیکڑوں پرستاروں نے ٹوئٹر پر گانے سے متعلق اپنے پرجوش جذبات کا اظہار کیا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز سوشل میڈیا پر برطانوی گلوکار زین ملک اور پاکستانی گلوکاروں کے بینڈ ’اور‘ کے ساتھ تعاون (collaboration) کی خبریں وائرل ہوئی تھیں، جس پر شائقین کافی پرجوش دکھائی دیے تھے۔

ہپ ہاپ میوزک بینڈ ’اور‘ کی جانب سے انسٹاگرام پر گانے کا مختصر ٹیزر شئیر کیا گیا تھا جس کے کیپشن میں زین ملک کو ٹیگ کرتے ہوئے لکھا گیا کہ ’بہت جلد آنے والا ہے‘۔

گانے کی ویڈیو زین ملک کی سالگرہ یعنی آج 12 جنوری کو ریلیز کی گئی ہے۔

پاکستان کا ابھرتا ہوا میوزک بینڈ ’اور‘

پاکستان کا ابھرتا ہوا میوزک بینڈ ’اور‘ 2020 میں اسامہ علی، احد خان اور رافع انور نے بنایا تھا ، بینڈ نے اپنا پہلا سنگل ’تو ہے کہاں‘ 2021 میں ریلیز کیا تھا، یہ گانا پاکستان میں بہت زیادہ ہٹ ہوا اور اس نے بینڈ کے کیریئر کو شروع کرنے میں مدد کی، جسے مداحوں کی جانب سے بے حد پزیرائی ملی تھی۔

اس گانے کو یوٹیوب پر اب تک 9 کروڑ 70 لاکھ لوگ سن چکے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024