اسلام آباد: علامہ مسعود الرحمٰن عثمانی کے قتل میں ملوث 2 ملزمان گرفتار
اسلام آباد پولیس نے سنی علما کونسل کے سینیئر رہنما اور ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ مسعود الرحمٰن عثمانی کے قتل میں ملوث 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ڈان نیوز کے مطابق اسلام آباد پولیس کے ذرائع کا کہنا ہے کہ سنی علما کونسل کے رہنما علامہ مسعود الرحمٰن عثمانی کے قتل میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق دونوں گرفتار ملزمان کا تعلق کالعدم مذہبی گروہ سے ہے۔
پولیس کے مطابق مسعود الرحمٰن عثمانی کے قتل میں ملوث چار ملزمان کا سراغ لگایا گیا تھا جن میں سے دیگر دو ملزمان کی گرفتاری بھی عمل میں لائی جائے گی۔
ملزمان نے مسعود الرحمٰن عثمانی کا راولپنڈی سے پیچھا کیا تھا اور انہیں اسلام آباد کے علاقے غوری ٹاؤن میں فائرنگ کر کے قتل کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ 5 جنوری کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مولانا مسعود الرحمٰن عثمانی قاتلانہ حملے میں جاں بحق ہو گئے تھے۔
اسلام آباد میں موٹر سائیکل سوار ملزمان نے مسعود الرحمٰن عثمانی پر فائرنگ کی تھی جس سے وہ شدید زخمی ہو گئے تھے۔
فائرنگ کا واقعہ تھانہ کھنہ کی حدود میں غوری ٹاؤن میں پیش آیا تھا، زخمی مولانا مسعود الرحمن عثمانی کو پمز ہسپتال منتقل کیا گیا تھا لیکن وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔