کراچی: کورونا ’جے این ون‘ ویرینٹ سے نمٹنے کیلئے11رکنی کمیٹی تشکیل
کراچی کے ہوائی اڈے پر بیرون ملک سے آنے والے 2 مزید مسافروں میں کورونا ’جے این ون‘ ویوینٹ کی تصدیق کے بعد وبائی مرض سے نمٹنےکےلیے محکمہ صحت سندھ نے 11رکنی صوبائی ٹاسک فورس قائم کردی۔
’ڈان نیوز‘ کے مطابق کورونا کے نئے ویریئنٹ جےاین ون کے کیس سامنے آتے ہی محکمہ صحت سندھ نے ٹاسک فورس قائم کردی۔
جی ڈی محکمہ صحت سندھ ڈاکٹر وقار محمود کی سربراہی میں 11 رکنی ٹاسک فورس کام کرے گی، ٹاسک فورس میں شعبہ طب سے تعلق رکھنے والے ماہرین شامل ہوں گے۔
11 رکنی ٹاسک فورس وزیر صحت سندھ کو یومیہ رپورٹ کرے گی اور کورنا سے نمٹنے کے لیے ایمرجنسی ایکشن پلان تیار کرے گی اور وبائی مرض کی روک تھام کے لیے باقاعدہ لائحہ عمل تیار کرے گی۔
واضح رہے کہ آج صبح ہی بیرون ملک سے آنے والے 2 مزید مسافروں میں کورونا ’جے این ون‘ ویوینٹ کی تصدیق ہوئی تھی جب کہ گزشتہ روز ارسال کردہ مسافروں کے ریپڈ اینٹیجن ٹیسٹ (آر آئی ٹی) 4 پی سی آر ٹیسٹ بھی مثبت آگئے تھے۔
حکام نے کہا تھا کہ کورونا کی نئی قسم جے این ون ویرینٹ کے7 مثبت کیسز میں سے 2 بیرون ملک جب کہ 5 مقامی ہیں جب کہ متاثرہ مسافروں کو ٹیسٹ سے آگاہ کر کے گھروں میں قرنطینہ کی سختی سے ہدایت کی گئی تھی۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے بھی کراچی کے ہوائی اڈے پر بیرون ملک سے آنے والے 2 مسافروں میں ’جے این ون‘ ویوینٹ کی تصدیق ہوئی تھی، جانچ کے لیے بھیجے گئے 6 میں سے 2 مسافروں میں کورونا کی نئی قسم رپورٹ ہوئی، مسافر بینکاک اور ابوظہبی سے کراچی پہنچے تھے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل پاکستان میں کورونا کے نئے ویرینٹ ’جے این ون‘ کی روک تھام سے متعلق اسلام آباد ہیلتھ کیئر ریگولیٹری اتھارٹی (آئی ایچ آر اے) نے ایڈوائزری جاری کردی تھی۔
ایڈوائزری میں بتایا گیا کہ شہری صابن اور پانی سے بار بار اور اچھی طرح ہاتھ دھوئیں، صابن اور پانی دستیاب نہ ہونے پر ہینڈ سینیٹائزر کا استعمال کریں۔
آئی ایچ آر اے کی ایڈوائزری کے مطابق شہری چھینکتے یا کھانستے وقت منہ اور ناک کو کہنی سے ڈھانپ لیں، بیمار مریض گھر پر رہیں، آرام کریں اور ہجوم سے بچیں اور صحت یابی تک سماجی دوری کے اقدامات پر عمل ضرور کریں۔
اس کے علاوہ شہریوں کو ہدایت کی گئی کہ ہجوم والی جگہوں پر جانے سے بھی لازمی گریز کریں۔
واضح رہے کہ ملک میں گزشتہ چند ہفتوں کے دوران کورونا کے نئے ویرینٹ مشتبہ کیسز کی تشخیص ہوئی، اس کے علاوہ کئی ممالک میں کورونا کیسز میں اضافے کے بعد پاکستان میں تمام ایئرپورٹس پر مسافروں کی اسکریننگ بھی شروع کردی گئی ہے۔