• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

عمران خان 9 مئی کی پُرتشدد کارروائیوں کے باعث جیل میں ہیں، نگران وزیراعظم

شائع January 17, 2024
— فوٹو: ڈان نیوز
— فوٹو: ڈان نیوز

نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان 9 مئی کی پُرتشددکارروائیوں کے باعث جیل میں ہیں۔

غیر ملکی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں عام انتخابات کی تیاریاں جاری ہیں، الیکشن 8 فروری کو ہوں گے، یہ ہمارا آئینی تقاضہ ہے۔

نگران وزیر اعظم نے کہا کہ انتخابات کرانا آئینی ذمہ داری ہے، جو نگران حکومت خوش اسلوبی سے انجام دے گی، مزید کہا کہ الیکشن کمیشن آئندہ عام انتخابات کے لیے آئینی تقاضے پورے کرچکا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ معیشت کی بحالی ہماری اولین ترجیح رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام کو انتخابات میں ووٹ ڈالنے کا موقع فراہم کرناہماری ذمہ داری ہے، انتخابات کے نتیجے میں عوام آئندہ 5 سال کے لیے اپنے نمائندے منتخب کریں گے۔

انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ پاکستان سمیت دنیا کے کئی خطوں اور ممالک میں جمہوریت ارتقائی مراحل سے گزر رہی ہے جس میں مختلف قسم کے چیلنجزدرپیش ہوتے ہیں، مغربی ممالک میں بھی جمہوریت اپنے اعلیٰ معیارات پر پورا نہیں اترتی۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں عام انتخابات کاجائزہ لینے کے لئے ملکی اور غیر ملکی میڈیاکے نمائندوں کے علاوہ عالمی مبصرین بھی موجود ہوں گے۔

میڈیا کی آزادی کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں نگران وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں میڈیاکو مغربی میڈیا سے زیادہ آزادی حاصل ہے، مغرب میں میڈیا کے اوپر زیادہ سخت ریگولیشنز ہیں۔

بانی پی ٹی آئی کے جیل میں ہونے سے متعلق سوال کے جواب میں نگران وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں سیاسی آزادی ہے ،کسی سیاسی جماعت کا رہنما اپنی سیاسی رائے یا خیالات کی وجہ سے جیل میں نہیں ہے، جو لوگ جیل میں ہیں وہ انتشار اور ہنگاموں میں ملوث ہیں، کسی بھی مستحکم جمہوری ملک میں ہنگامے اور انتشار قابل برداشت نہیں ہوتا، قانون اور نظام انصاف اپناراستہ اختیار کرے گا۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024