• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

’کچھ حلقوں کیلئے بیلٹ پیپر کی چھپائی روک دی گئی‘

شائع January 19, 2024
عہدیدار نے ڈان کو بتایا کہ موجودہ صورتحال میں بعض حلقوں کے بیلٹ پیپر کی چھپائی روک دی گئی تھی—فائل فوٹو
عہدیدار نے ڈان کو بتایا کہ موجودہ صورتحال میں بعض حلقوں کے بیلٹ پیپر کی چھپائی روک دی گئی تھی—فائل فوٹو

الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ایک عہدیدار نے انکشاف کیا ہے کہ قانونی چارہ جوئی کی وجہ سے بعض حلقوں کے لیے بیلٹ پیپرز کی پرنٹنگ روک دی گئی ہے۔

عہدیدار کی جانب سے اس بات کا انکشاف ڈان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا گیا اگرچہ اس سے قبل الیکشن کمیشن آف پاکستان نے خبردار کیا تھا کہ انتخابی نشانات میں تبدیلی کے لیے بیلٹ پیپرز کی چھپائی کے عمل کو روکنے سے انتخابات میں تاخیر ہو سکتی ہے۔

اس کے علاوہ عدالتوں میں متعدد مقدمات کے زیر التوا ہونے کی بات کو جواز بتاتے ہوئے الیکشن کمیشن نے امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کرنے کی اپنی مقررہ تاریخ پر بھی عمل نہیں کیا تھا۔

22 دسمبر کو الیکشن کمیشن نے نظرثانی شدہ پول شیڈول جاری کیا،جس کے مطابق 13 جنوری کو امیدواروں کو انتخابی نشانات کی حتمی الاٹمنٹ کی جانی تھی۔

تاہم انتخابی نشانات کے اجرا کی مقررہ تاریخ گزرنے کے کئی روز بعد بھی الیکشن کمیشن نے امیدواروں کی حتمی فہرست جاری نہیں کی، الیکشن کمیشن نے 15 دسمبر کے نوٹیفکیشن میں بھی ترمیم نہیں کی جس میں 12 جنوری کو امیدواروں کی نظرثانی شدہ فہرست جاری کرنے کا کہا گیا تھا۔

منگل کو الیکشن کمیشن نے کہا تھا کہ انتخابی نشانات مختلف فورمز کے ذریعے تبدیل کیے جا رہے ہیں جب کہ 3 پرنٹنگ کارپوریشنوں کو بیلٹ پیپرز کی چھپائی کا حکم پہلے ہی دیا جا چکا تھا اور چھپائی کا کام بھی ایک دن قبل شروع کر دیا تھا۔

اگرچہ نشانات کی الاٹمنٹ اب مکمل ہو چکی ہے لیکن امیدواروں کی حتمی فہرست اب تک جاری نہیں کی گئی ہے۔

ڈان کی جانب سے رابطہ کرنے پر الیکشن کمیشن کے ترجمان سید ندیم حیدر نے کہا کہ حتمی فہرست آئندہ چند روز میں جاری کر دی جائے گی۔

جب پوچھا گیا کہ اگر الیکشن کمیشن کو قانونی مقدمات کے چیلنجز کا سامنا ہے تو بیلٹ پیپرز کی چھپائی کیسے کی جا رہی ہے تو ایک عہدیدار نے ڈان کو بتایا کہ موجودہ صورتحال میں بعض حلقوں کے بیلٹ پیپر کی چھپائی روک دی گئی تھی۔

انہوں نے کہا کہ معاملات کو منظم کرنے کی کوششیں کی جا رہی تھیں لیکن ہر گزرتے دن کے ساتھ مسائل بڑھ رہے تھے، انہوں نے مزید کہا کہ یہ وہ چیلنجز تھے جن کا ذکر پہلے کیا گیا تھا جہاں کچھ حلقوں میں انتخابات میں تاخیر کا خدشہ ظاہر کیا گیا تھا۔

عہدیدار نے کہا کہ اس معاملے کو جلد از جلد حل کرنے کی تمام کوششیں کی جا رہی ہیں۔

ایک اور عہدیدار نے ڈان کو بتایا کہ انتخابات سے متعلق 200 کے قریب مقدمات عدالتوں میں زیر التوا ہیں جن کی وجہ سے تمام انتظامی کارروائیوں کو مکمل کرنے کے لیے وقت کی کمی کا سامنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس معاملے پر متعلقہ عدالتوں کے رجسٹرار کے ساتھ بھی بات چیت کی جا رہی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024