غزہ: مزید 200 فلسطینی شہید، اسرائیلی مظالم پر عالمی عدالت آج فیصلہ سنائے گی
اسرائیلی فوج نے رات گئے نصیرت کیمپ میں بمباری کرکے مزید 11 فلسطینیوں کو زندگی سے محروم کردیا، 24 گھنٹوں میں مزید 200 فلسطینی شہید ہوگئے۔
غیر ملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اسرائیل نے رات گئے نصیر ہسپتال کے اطراف بھی شدید حملے کیے، امداد کے لئے لائنوں میں کھڑے فلسطینیوں پر بھی فائرنگ کی گئی، جس کے نتیجے میں 20 فلسطینیوں شہید ہوئے، 24 گھنٹوں میں 200 فلسطینی شہید ہوگئے۔
دوسری جانب عالمی عدالت انصاف غزہ میں اسرائیلی مظالم کے خلاف جنوبی افریقہ کی درخواست پر آج فیصلہ سنائے گی، خبر ایجنسی کے مطابق عالمی عدالت اسرائیل کو فلسطینی سرزمین کے خلاف اپنی جارحیت روکنے کا حکم دے سکتی ہے۔
دوسری جانب عالمی عدالت کی جانب سے آج ممکنہ طور پر سنائے جانے والے فیصلہ پر حماس کا کہنا ہے کہ اگر عالمی عدالت غزہ میں جنگ بندی کا حکم دیتی ہے تو وہ اس وقت تک حکم پر عمل کریں گے جب تک اسرائیل جوابی کارروائی نہیں کرتا۔
حماس کے سینئر عہدیدار اسامہ حمدان نے بیروت میں ایک نیوز کانفرنس میں کہا کہ اگر اسرائیل تمام فلسطینی قیدیوں کو رہا کرتا ہے تو حماس غزہ میں تمام اسرائیلی یرغمالیوں کو رہا کر دے گی۔
7 اکتوبر سے غزہ پر اسرائیلی حملوں میں کم از کم 25 ہزار 900 افراد شہید اور 64 ہزار 110 زخمی ہو چکے ہیں، جبکہ 7 اکتوبر کو حماس کے حملوں سے اسرائیل میں مرنے والوں کی تعداد ایک ہزار 139 ہے۔