شعیب ملک کی شادی: خواتین کو پروڈکٹ لکھنے پر نبیل ظفر کو تنقید کا سامنا
کرکٹر شعیب ملک اور اداکارہ ثنا جاوید کی دوسری شادی پر عام افراد سمیت شوبز شخصیات کی جانب سے تبصروں اور تنقید کا سلسلہ اب تک جاری ہے اوراب نبیل ظفر کی جانب سے بھی کرکٹر کی دوسری شادی پر منفرد انداز میں تبصرہ کرنے کی کوشش پر انہیں تنقید کا سامنا ہے۔
شعیب ملک اور ثنا جاوید نے 20 جنوری کو انسٹاگرام پوسٹس کے ذریعے اپنی دوسری شادی کی تصدیق کی تھی۔
شعیب ملک کی پہلی شادی بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا سے اپریل 2010 میں ہوئی تھی، جن سے انہیں ایک بیٹا بھی ہے اور ان کی طلاق 2023 میں ہوئی تھی۔
اسی طرح اداکارہ ثنا جاوید کی پہلی شادی 2020 میں پاکستانی گلوکار عمیر جسوال سے ہوئی تھی اور ان کی طلاق بھی 2023 میں ہوئی تھی۔
شعیب ملک اور ثنا جاوید کی جانب سے دوسری شادی کیے جانے پر جہاں دونوں پر اپنے اپنے شریک حیات سے بے وفائی کرنے کا الزام لگایا جا رہا ہے، وہیں بعض افراد ان کی حمایت بھی کرتے دکھائی دیے۔
اداکار نبیل ظفر نے بھی ان کی شادی پر مزاحیہ تبصرہ کرنے کی کوشش کی،جس پر انہیں تنقید کا سامنا ہے۔
نبیل ظفر نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں لکھا کہ غیر ملکی پروڈکٹس کا بائیکاٹ کریں اور لوکل پروڈکٹس کو فروغ دے کر سچے پاکستانی ہونے کا ثبوت دیں۔
ساتھ ہی اداکار نے اپنی اسٹوری میں لکھا کہ منجانب شعیب ملک۔
نبیل ظفر کی جانب سے مذکورہ اسٹوری شیئر کیے جانے کے بعد ان کی اسٹوری متعدد شوبز سوشل میڈیا پیجز کی جانب سے بھی شیئر کی گئی، جہاں انہیں صارفین کی جانب سے تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔
زیادہ تر صارفین نے نبیل ظفر پر تنقید کرتے ہوئے انہیں آڑے ہاتھوں لیا اور انہیں یاد دلایا کہ خواتین پروڈکٹس نہیں ہیں۔
صارفین نے لکھا کہ وہ خود کم ذہنیت کے شخص ہیں، اس لیے انہوں نے خواتین کے لیے پروڈکٹ کا لفظ استعمال کیا۔
بعض صارفین نے کمنٹس کرتے ہوئے اداکار کو یاد دلایا کہ ان کی خود کی بیوی بھی غیر ملکی ہیں اور وہ دوسروں پر تنقید کر رہے ہیں۔
زیادہ تر افراد نے نبیل ظفر کی جانب سے خواتین کو پروڈکٹ لکھنے پر غصے کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ اداکار اپنے ڈراموں میں بھی ایسی ہی زبان استعمال کرتے ہیں۔