• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

عام انتخابات: 65 سال سے زائد عمر کے ووٹرز کی شرح 10 فیصد سے کم

شائع January 28, 2024
—فائل فوٹو: اے ایف پی
—فائل فوٹو: اے ایف پی

الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں کُل رجسٹرڈ ووٹرز میں 65 سال سے زائد عمر کے ووٹرز کی شرح 10 فیصد سے کم ہو گئی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق 2018 اور 2023 کی پولنگ اسکیموں کا موازنہ ظاہر کرتا ہے کہ 65 سال سے زیادہ عمر کے ووٹرز کی تعداد میں 16 لاکھ 70 ہزار کا اضافہ ہوا ہے لیکن کُل ووٹرز میں ان کا تناسب تقریباً ایک فیصد کم ہوگیا۔

2018 میں رجسٹرڈ ووٹرز کی کل تعداد 10 کروڑ 60 لاکھ تھی، جن میں سے ایک کروڑ 6 لاکھ (10.61 فیصد) ووٹرز کی عمریں 65 سال سے زیادہ تھیں۔

2023 میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد بڑھ کر 12 کروڑ 86 لاکھ ہو گئی، جن میں سے 65 سے زائد عمر کے ووٹرز کی تعداد ایک کروڑ 23 لاکھ یا 9.56 فیصد ہوگئی۔

تمام 144 اضلاع میں ووٹرز کے اعداد و شمار کے علیحدہ علیحدہ جائزے سے معلوم ہوتا ہے کہ صرف 26 اضلاع میں بزرگ ووٹرز کا تناسب 10 فیصد سے زیادہ ہے، ان میں سے 14 اضلاع پنجاب میں، 5 سندھ میں، 5 بلوچستان میں اور 2 خیبرپختونخوا میں ہیں۔

پنجاب کے ضلع گجرات اور سرگودھا میں 65 سال سے زائد عمر کے ووٹرز کی شرح 11.77 فیصد ہے، اس کے بعد تلہ گنگ (11.59 فیصد)، چکوال (11.43 فیصد)، چنیوٹ (10.90 فیصد)، جہلم (10.89 فیصد)، خوشاب (10.88 فیصد)، لاہور اور منڈی بہاؤالدین (10.86 فیصد) اور اٹک (10.82 فیصد) ہے۔

پنجاب کے 5 اضلاع ہیں جن میں بزرگ ووٹرز کا تناسب 9 فیصد سے کم ہے اُن میں ملتان، مظفر گڑھ، لودھراں، کوٹ ادو اور لیہ شامل ہیں۔

سندھ میں کُل 30 میں سے 5 اضلاع میں 10 فیصد سے زیادہ ووٹرز ہیں جن کی عمریں 65 سال سے زیادہ ہیں، ان میں کراچی (جنوبی)، کراچی (ایسٹ)، کراچی (وسطی)، کراچی (کورنگی) اور حیدرآباد شامل ہیں، ضلع گھوٹکی (7.68 فیصد) اور ٹنڈو الہ یار (7.90 فیصد) ضلع میں بزرگ ووٹرز کا تناسب سب سے کم ہے۔

بلوچستان کے 36 اضلاع میں سے 5 میں بزرگ ووٹرز کی شرح 10 فیصد سے زائد ہے، ان میں کچی (11.23 فیصد)، دکی (11.07 فیصد)، لورالائی (10.38 فیصد)، ژوب (10.23 فیصد) اور سبی (10.09 فیصد) شامل ہیں، کوئٹہ میں بزرگ ووٹرز کا سب سے کم تناسب (5.36 فیصد) ہے۔

اسی طرح ڈیرہ بگٹی میں بزرگ ووٹرز کا تناسب صرف 6.48 فیصد اور چاغی میں 7.07 فیصد ہے، صوبے کے دیگر اضلاع جن میں عمر رسیدہ ووٹرز کا تناسب 8 فیصد سے کم ہے اُن میں آواران، چمن، جھل مگسی، خاران اور کوہلو شامل ہیں۔

خیبر پختونخوا کے کُل 36 اضلاع میں سے 2 میں بزرگ ووٹرز کی شرح 10 فیصد سے زائد ہے، 8 فیصد سے کم بزرگ ووٹرز والے اضلاع میں کرم (7.57 فیصد)، اپر دیر (7.63 فیصد)، کرک (7.70 فیصد)، شانگلہ (7.75 فیصد)، مالاکنڈ (7.88 فیصد) اور لوئر دیر (7.94 فیصد) شامل ہیں۔

اسلام آباد میں ووٹرز کی کل تعداد 10 لاکھ 80 ہزار ہے، جن میں سے ایک لاکھ 10 ہزار (9.91 فیصد) ووٹرز کی عمر 65 سال سے زائد ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024