مؤثر حکمت عملی کے باعث تجارتی خسارے میں تیزی سے کمی ہو رہی ہے، نگران وزیر تجارت
نگران وفاقی وزیر تجارت، صنعت و داخلہ ڈاکٹر گوہر اعجاز نے کہا ہے کہ حکومت کی مؤثر حکمت عملی کے باعث تجارتی خسارے میں تیزی کے ساتھ کمی ہو رہی ہے اور سالانہ بنیادوں پر ملکی برآمدات بڑھ رہی ہیں۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ’اے پی پی‘ کے مطابق ڈاکٹر گوہر اعجاز نے اوورسیز چیمبرز آف کامرس کراچی کا دورہ کیا جہاں ان سے سرمایہ کاروں نے ملاقات کی۔
اس موقع پر بات کرتے ہوئے نگران وزیر تجارت نے کہا کہ رواں مالی سال کی دوسری سہ ماہی میں برآمدات میں ایک ارب ڈالر کا اضافہ ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت غیر ملکی سرمایہ کاری کو بڑھانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے، اس کے ساتھ ساتھ حکومت نے ڈالر کی اسمگلنگ کو روکنے کے لیے بھی متعدد اقدامات اٹھائے ہیں اور افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے ذریعے ڈالر کی اسمگلنگ پر قابو پایا جارہا ہے۔
ڈاکٹر گوہر اعجاز نے کہا کہ حکومت کی مؤثر حکمت عملی کے باعث تجارتی خسارے میں تیزی کے ساتھ کمی ہو رہی ہے اور سالانہ بنیادوں پر ملکی برآمدات بڑھ رہی ہیں۔