جسپریت بمراہ کا شاندار یارکر، سابق کپتان عمران خان کو بھی پیچھے چھوڑ دیا
ٹیسٹ میچ کے دوران بھارتی فاسٹ باؤلر جسپرت بمراہ کے شاندار یارکر نے انگلینڈ کی وکٹیں اکھاڑ دیں، کمنٹیٹرز اور کرکٹ شائقین داد دیے بنا نہ رہ سکے، یہی نہیں بلکہ وکٹ حاصل کرنے کے بعد بمراہ نے سابق کپتان عمران خان کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
بھارت کے ٹاپ فاسٹ باؤلر جسپریت بمراہ نے انگلینڈ کے خلاف آج کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میچ میں شاندار یارکر کے ساتھ اولی پوپ کو پولین پھیج دیا۔
جسپریت بمراہ کا شاندار یارکر دیکھ کر اولی پوپ بھی دنگ رہ گئے۔
بھارت میں کھیلے جانے والے ٹیسٹ میچ کے دوران جسپریت بمراہ نے غیر معمولی باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے انگلینڈ کے تین اہم بلے بازوں، جو روٹ، اولی پوپ اور جونی بیئرسٹو پولین کی راہ دکھائی۔
اولی پوپ کی وکٹ خاصی اہمیت رکھتی تھی کیونکہ انہوں نے حیدرآباد میں پہلے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ کو بڑی شکست سے بچنے میں اہم کردار ادا کیا تھا، انہوں نے پہلی اننگز میں 196 رنز بنائے، جب پوری ٹیم بھارتی باؤلنگ اٹیک کے آگے ڈھیر ہوگئی تھی۔
جسپریت بمراہ نے عمران خان کو پیچھے چھوڑ دیا
اولی پوپ کی وکٹ لینے کے بعد جسپریت بمراہ ٹیسٹ میچز میں 150 وکٹیں لینے والے کھلاڑی بن گئے ہیں۔
اور اس طرح 30 سالہ بمراہ نے سابق کپتان عمران خان اور فاسٹ باؤلر شعیب اختر کو پیچھے چھوڑتے ہوئے 150 ٹیسٹ وکٹیں لینے والے تیز ترین ایشین فاسٹ باؤلر بن گئے ہیں۔
تیز ترین ایشین فاسٹ باؤلر بننے کا ریکارڈ عمران خان نے 37 میچز کھیل کر حاصل کیا تھا جبکہ جسپریت بمراہ نے 34 میچز کھیل کر یہ ریکارڈ حاصل کیا ہے۔
پاکستان کے وقار یونس اس فہرست میں پہلے نمبر پر ہیں، انہوں نے صرف 27 میچوں میں 150 وکٹیں حاصل کی ہیں۔
پاکستانی کرکٹ شائقین بھی بمراہ کے حیران کن یارکر کی تعریفیں کررہے ہیں۔
اس وقت انگلینڈ 42 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان کے ساتھ 186 رنز بنا لیے ہیں کپتان بین اسٹوکس (17*) اور ریحان احمد (6*) ابھی بھی کریز پر موجود تھے۔