کراچی کی 3 نشستوں پر جے یو آئی کے امیدوار ایم کیو ایم کے حق میں دستبردار ہوگئے ہیں، فاروق ستار
سینیئر ڈپٹی کنوینئر متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (ایم کیو ایم پ) فاروق ستار نے بتایا ہے کہ کراچی کی تین نشستوں پر جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے امیدوار ایم کیو ایم کے حق میں دستبردار ہوگئے ہیں۔
کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران فاروق ستار نے کہا کہ ایم کیو ایم نے ہم خیال جماعتوں سے قربتوں کا سلسلہ جاری رکھا ہے، مولانا فضل الرحمٰن کے تعاون کا سلسلہ این اے 244، پی ایس 116 اور پی ایس 117 تک پہنچ گیا ہے۔
انہوں نے بتایا این اے 244 پر ان کے حق میں جے یو آئی کے امیدوار قاری یونس قاسمی دستبردار ہورہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ایس 116 سے جے یو آئی کے امیدوار سمیع سواتی ایم کیو ایم کے محمد راحیل کے حق میں دستربردار ہو رہے ہیں جبکہ پی ایس 117 سے مصطفیٰ برکی ایم کیو ایم کے حق میں دستبردار ہو رہے ہیں۔
فاروق ستار نے کہا کہ انتخابات کے بعد ایک مضبوط حکومت قائم کریں گے، اتحادیوں کے ساتھ وفاق اور سندھ میں مستحکم حکومت قائم ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ یہ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے لیے نہیں، قومی اتفاق رائے کے لیے کیا جارہا ہے، یہ بڑی بات ہے جے یو آئی کے ہزاروں ووٹرز پتنگ پر مہر لگائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ کراچی کی ترقی میں ہر زبان بولنے والی سیاسی جماعتیں ہاتھ بڑھا رہی ہیں۔